1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دمشق کے گرد و نواح میں تازہ جھڑپیں

Kishwar Mustafa26 جون 2012

شورش زدہ عرب ریاست شام کے دارالحکومت دمشق سے فوج اور باغیوں کے مابین شدید جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

Krieg in Syrien
تصویر: Reuters

اس حوالے سے غیر مصدقہ ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں جن میں فائرنگ اور دھماکوں کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔ بعض حلقے انہیں شامی صدر بشار الاسد کے خلاف 16 مہینوں سے جاری بغاوت کی بدترین جھڑپیں قرار دے رہے ہیں۔

سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے دمشق کے علاقے قدسیہ میں ریپبلکن گارڈز کے ہیڈ کواٹرز کے نزدیک شدید جھڑپوں کی اطلاع دی ہے۔ دمشق کے گرد و نواح سے ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کی غیر معمولی نقل و حرکت کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ اُدھر شورش زدہ شہر حمص میں بھی گولہ باری کے نتیجے میں ایک عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے اور وہاں سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔

ترک جنگی طیارے کے گرائے جانے پر شام کے ساتھ ترکی کے تعلقات میں کشیدگی آگئی ہےتصویر: AP

دریں اثناء شام اور ترکی کے تعلقات میں کشیدگی بڑھتی دکھائی دے رہی ہے۔ اس کی وجہ شام کی جانب سے ترکی کے جہاز کو گرانے کا واقعہ بتایا جا رہا ہے۔ ترکی کے وزیر اعظم رجب طیب ایردوان نے اس واقعے کے بعد اپنی فوجی حکمت عملی میں تبدیلی کی نشاندہی کی ہے۔ ایردوان نے اپنی پارلیمان سے خطاب میں کہا کہ اگر شام کے فوجیوں نے ترکی کی سرحدوں کا رُخ کیا تو اسے ایک سنگین اقدام سمجھتے ہوئے فوجی خطرہ تصور کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ جمعے کو شام کی فورسز نے بحیرہ روم کے علاقے میں ترکی کا ایک جنگی طیارہ مار گرایا تھا۔ جس کے بعد مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے اتوار کے روز کہا تھا کہ وہ شام کی جانب سے بین الاقوامی حدود میں ترک لڑاکا طیارہ گرائے جانے کے واقعے کی شکایت پر بات چیت کرے گا۔ ترکی کے مطابق اس طیارے کو مار گرانے سے قبل دمشق حکام کی جانب سے اسے خبردار نہیں کیا گیا تھا۔

ترک حکومت مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کر رہی ہےتصویر: AP

ترکی کے وزیر اعظم نے کہا کہ ترکی کا جہاز تربیتی پرواز پر تھا اور ترکی کے ریڈار ٹیسٹ کیے جا رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا: ’’کچھ دیر کے لیے فضائی حدود کی خلاف ورزی کا مطلب حملہ کر دینا نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انقرہ حکومت اب تک تحمل کا مظاہرہ کرتی آئی ہے تاہم اس کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

اس سے قبل ترکی نے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کو خبردار کیا تھا کہ شام کی طرف سے ترک طیارے کو مار گرانے کی کارروائی علاقائی سلامتی کے لیے ایک شدید خطرہ ہے۔

اقوام متحدہ کو بھیجے گئے ایک خط میں کہا گیا ہے کہ طیارے کو بین الاقوامی فضائی حدود میں نشانہ بنایا گیا اور یہ ایک انتہائی اشتعال انگیز اقدام ہے۔

Km/Ng (Reuters)

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں