دنیا بھر میں عوامی بغاوتوں کا سلسلہ جاری
22 جنوری 2014
جرمنی کی بیرٹلزمان فاؤنڈیشن کے اندازوں کے مطابق دنیا بھر میں گزشتہ چند برسوں سے نظر آنے والا بغاوتوں کا سلسلہ مستقبل قریب میں مزید بڑھے گا۔ دوسری جانب جمہوری طور پر منتخب حکومتوں کی طرف سے اپنے ہی شہریوں کے حقوق اور آزادیوں پر قدغنیں لگانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ان ممالک میں میڈیا اقلیتوں کو یا تو نظر انداز کر رہا ہے یا پھر انہیں معاشرے کے مرکزی دھارے سے الگ تھلگ کر رہا ہے۔ تاہم ایسے بہت سے ممالک کی اقتصادی صورتحال گزشتہ دو برس پہلے کے مقابلے میں کافی بہتر نظر آ رہی ہے، جس کا سب سے زیادہ فائدہ محض شہروں میں آباد متوسط طبقے کو پہنچ رہا ہے۔ ان بحران زدہ معاشروں میں عوام کی بہت بڑی تعداد اب بھی سماجی اصلاحات کی منتظر ہے۔
بیرٹلزمان فاؤنڈیشن سے منسلک اور انسانی حقوق پر گہری نظر رکھنے والے ایک ماہر ہاؤکے ہارٹمن کہتے ہیں،" اُن معاشروں میں، جہاں اقتصادی نمو کے فوائد معاشرے کے تمام طبقوں کے لیے یکساں نہیں ہوں گے، جہاں سیاسی تقسیم بہت نمایاں نظر آئے گی اور سیاسی اکابرین صرف اپنے مفاد کا سوچیں گے، وہاں عوام کے پاس کرپشن اور ناانصافی کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کے سوا کوئی اور صورت نہیں رہ جائے گی۔ آئندہ سالوں کے دوران بغاوت کی یہ لہر اور زیادہ شدت اختیار کرتی دکھائی دے رہی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ کییف اور بنکاک کی طرح اُن کئی دیگر مقامات پر بھی عوام سڑکوں پر نکل آئیں گے، جہاں کی حکومتیں تکبر اور نا انصافی کی سیاست چلا رہی ہیں"۔
دنیا جمہوری خطوط پر گامزن نہیں ہو گی
بیرٹلزمان فاؤنڈیشن کے محققین اور ماہرین نے 129 ترقی پذیر اور ترقی کی دہلیز پر کھڑے ممالک میں یکساں سوالات پر مشتمل ایک سروے کروایا۔ ان میں آزاد انتخابات کے امکانات اور آزادیء رائے اور انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں سوالات شامل تھے۔ اس کے علاوہ سماجی نظام، اقتصادی کارکردگی اور انسداد بدعنوانی کی صورتحال کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ اس ضمن میں گُڈ گورننس، اقتصادی ترقی اور جمہوری عمل سے متعلق میزانیے میں جن ممالک میں مثبت ترقی ریکارڈ کی گئی، اُن میں یوروگوائے، استونیا اور تائیوان سرفہرست رہے۔ سب سے نیچے نام بحران زدہ عرب ملک شام، مالی، یمن اور سوڈان کا ہے۔ اس جائزے میں جرمنی جیسے ترقی یافتہ مغربی ممالک کو شامل ہی نہیں کیا گیا۔
اگرچہ گزشتہ چند سالوں کے دوران دنیا کے بہت سے ممالک میں حکومت مخالف مظاہرے اور سماجی اصلاحات کے لیے شروع ہونے والی عوامی بغاوت دیکھنے میں آئی تاہم بیرٹلزمان فاؤنڈیشن کی جانب سے کروائے جانے والے اس مطالعاتی جائزے کے مطابق ان ممالک میں اب بھی سیاسی سطح پر جمود پایا جاتا ہے۔ 2012ء کے مقابلے میں دنیا زیادہ جمہوری نہیں ہوئی ہے۔