1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا بھر میں نئے کورونا کیسز، ایک ہفتے میں گیارہ فیصد اضافہ

29 دسمبر 2021

عالمی ادارہ صحت نے اپنی تازہ ترین ہفتہ وار رپورٹ میں تنبیہ کی ہے کہ دنیا بھر میں نئی کورونا انفیکشنز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ ہفتے عالمی سطح پر نئے کورونا کیسز کی تعداد میں گیارہ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

بیس سے چھبیس دسمبر تک کے ہفتے میں کورونا وائرس کی عالمی وبا نے مزید تقریباﹰ پینتالیس ہزار انسانوں کی جان لے لیتصویر: Shannon Stapleton/REUTERS

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی کورونا وائرس کی عالمی وبا سے متعلق جاری کردہ تازہ ترین ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی سطح پر کورونا وائرس کے نئے کیسز میں بہت بڑی تعداد اس وائرس کے اومیکرون نامی ویریئنٹ کی وجہ سے ہونے والی انفیکشنز کی ہے۔

پاکستان میں اومیکرون کا پھیلاؤ اور کم زور ویکسینیشن مہم

اس عالمی ادارے کے مطابق 20 سے 26 دسمبر تک کے ہفتے کے دوران دنیا بھر میں کورونا وائرس کی نئی انفیکشنز کی مجموعی تعداد اس سے ایک ہفتہ پہلے کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ رہی، جو تقریباﹰ 4.99 ملین بنتی تھی۔ اس اضافے کی وجہ سے اکتوبر سے نظر آنے والا وہ رجحان بھی شدید تر ہو گیا، جس کے تحت اس ہفتہ وار تعداد میں کرسمس والے ہفتے سے قبل تک ہونے والا اضافہ مسلسل تھوڑا ہی رہتا تھا۔

امریکی براعظموں میں اضافے کا تناسب سب سے زیادہ

ڈبلیو ایچ او کے مطابق گزشتہ ہفتے کووڈ انیس کے نئے واقعات میں سب سے زیادہ شرح سے اضافہ دونوں امریکی براعظموں میں دیکھنے میں آیا۔ شمالی امریکا اور جنوبی امریکا میں پچھلے ہفتے نئی کورونا انفیکشنز کی تعداد میں 14 سے 20 دسمبر تک کے ہفتے کے مقابلے میں 39 فیصد اضافہ ہوا اور نئے کیسز کی مجموعی تعداد 1.48 ملین رہی۔

کورونا وائرس: امریکا نے قرنطینہ کا دورانیہ کم کر دیا

کورونا وبا میں اضافہ، ہزاروں پروازیں منسوخ

اس دوران دونوں امریکی براعظموں میں فی ایک لاکھ آبادی میں نئے کورونا کیسز کی شرح 144 سے بھی زیادہ ہو گئی۔ صرف ریاست ہائے متحدہ امریکا میں 1.18 ملین نئی انفیکشنز ریکارڈ کی گئیں اور ہفتہ وار بنیادوں پر ان میں اضافے کی شرح 34 فیصد رہی۔

نصف سے زیادہ نئے کیسز یورپ میں

عالمی ادارہ صحت کی اس تازہ ترین رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے عالمی سطح پر جو نئے کورونا کیسز ریکارڈ کیے گئے، ان میں سے نصف سے زائد یورپ میں رجسٹر کیے گئے اور ان کی تعداد 2.48 ملین رہی۔

اقوام متحدہ کے ماہرین نے اس امر کو انتہائی تشویش ناک قرار دیا ہے کہ گزشتہ ہفتے براعظم یورپ کی آبادی میں ہر ایک لاکھ شہریوں میں کووڈ انیس کی نئی انفیکشنز کی شرح 304.6 رہی۔ یہ گزشتہ ہفتے دنیا کے کسی بھی خطے میں نئے کورونا کیسز کی سب سے اونچی شرح تھی۔

وبا کے خاتمے کی ذمہ داری ہر فرد پر عائد ہوتی ہے، جرمن صدر

جرمنی میں اومیکرون کا خطرہ اور عوامی مظاہرے

انہی سات دنوں کے دوران براعظم افریقہ میں نئے کورونا کیسز کی شرح میں سات فیصد اضافہ دیکھا گیا اور کووڈ انیس کے نئے افریقی مریضوں کی مجموعی تعداد تقریباﹰ پونے تین لاکھ ریکارڈ کی گئی۔

ایک ہفتے میں 45 ہزار کے قریب اموات بھی

ڈبلیو ایچ او کے مطابق کورونا وائرس ابھی تک دنیا میں روزانہ ہزاروں انسانون کی موت کی وجہ بن رہا ہے۔ بیس سے چھبیس دسمبر تک کے ہفتے کے دوران اس عالمی وبا کے باعث مزید 44 ہزار 680 انسان موت کے منہ میں  چلے گئے۔

یورپی یونین کووڈ پاس: بوسٹر کے بغیر صرف نو ماہ قابلِ استعمال

یوں پچھلے ہفتے عالمی سطح پر کووڈ انیس کے مریضوں کی موت کے واقعات میں اس سے ایک ہفتہ قبل کے مقابلے میں چار فیصد کی معمولی کمی دیکھی گئی۔ عالمی ادارہ صحت کے ڈیٹا کے مطابق یہ عالمی وبا اب تک مجموعی طور پر 5.4 ملین سے زائد انسانوں کی موت کا باعث بن چکی ہے۔

م م / ا ا (اے پی، اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں