دنیا بھر میں ڈالروں میں کروڑ پتیوں کی تعداد دو کروڑ سے زائد
29 جون 2021
دنیا بھر میں پہلی بار ایسے امراء کی تعداد دو کروڑ سے زائد ہو گئی ہے، جن کی دولت امریکی ڈالروں میں کروڑوں میں بنتی ہے۔ جرمنی ایسے ارب پتی اور کروڑ پتی شہریوں کی تعداد کے لحاظ سے امریکا اور جاپان کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔
اشتہار
سب سے زیادہ تعداد میں ارب پتی اور کروڑ پتی شہریوں والے دنیا کے پہلے تین ممالک امریکا، جاپان اور جرمنی ہیں۔ چوتھے نمبر پر چین ہے اور اگر دنیا کے ان صرف پہلے چار ممالک کو ہی دیکھا جائے، تو عالمی سطح پر ارب پتی اور کروڑ پتی انسانوں کی تقریباﹰ دو تہائی (63 فیصد) تعداد انہی چار ممالک میں رہتی ہے۔
عالمی وبا کے باوجود امیر امیر تر
بین الاقوامی سطح پر کاروبار کرنے والی کنسلٹنگ کمپنی 'کیپ جیمینائی‘ کے منگل انتیس جون کو جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باوجود پہلی بار دنیا میں کروڑ پتی انسانوں کی مجموعی تعداد بھی دو کروڑ کی حد پار کر گئی ہے۔
ساتھ ہی یہ بھی ہوا کہ ان دو کروڑ انسانوں کی ملکیت دولت مزید اضافے کے ساتھ اب 80 ٹریلین ڈالر یا 67 ٹریلین یورو کے برابر ہو گئی۔ یہی نہیں بلکہ گزشتہ صرف ایک سال کے دوران ایسے امیر ترین افراد کی دولت میں 7.6 فیصد کا اضافہ بھی ہوا۔
سب سے زیادہ ارب پتی اور کروڑ پتی امریکا میں
2020ء میں جرمنی میں کم از کم ایک ملین ڈالر کے برابر دولت یا اثاثوں کے مالک افراد کی تعداد میں 6.3 فیصد اضافہ ہوا۔ جرمنی میں ایسے 15 لاکھ 35 ہزار کروڑ پتی شہریوں کی دولت میں کورونا وائرس کی وبا کے دوران 4.7 فیصد کا اضافہ ہوا۔
امریکا میں ارب پتی اور کروڑ پتی شہریوں کی تعداد 65 لاکھ 75 ہزار بنتی ہے، جن کی دولت اور اثاثوں میں اسی عالمی وبا کے دوران سب سے زیادہ یعنی 12.3 فیصد اضافہ ہوا۔
یہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں کم از کم 30 ملین ڈالر کے برابر نقد رقوم یا اثاثوں کے مالک بہت امیر افراد کی دولت بھی اسی دوران مزید نو فیصد زیادہ ہو گئی۔
کيا آپ جانتے ہيں کہ اس وقت دنيا کی امير ترين شخصيات کون سی ہيں اور انہوں نے کيسے اپنی اپنی دولت جمع کی؟ يہ ہيں فوربز جريدے کے مطابق دنيا کے دس امير ترين افراد۔
تصویر: AP
جيف بيزوس
ستاون برس کی عمر کے امريکی شہری جيف بيزوس اس وقت دنيا کے امير ترين شخص ہيں۔ وہ کل 182.1 بلين ڈالر کا سرمایہ رکھتے ہيں۔ بيزوس نے 1994ء ميں اپنے گيراج سے انٹرنيٹ پر ايميزون کی بنياد رکھی تھی۔ بيزوس ايميزون کے علاوہ ’دا واشنگٹن پوسٹ‘ اور ايرو اسپيس کمپنی ’بلو اوريجن‘ کے بھی مالک ہيں۔
تصویر: Reuters/J. Roberts
ايلون مسک
امير ترين افراد کی فہرست ميں 176.2 بلين ڈالر کی ملکيت کے ساتھ امريکی ايلون مسک دوسرے نمبر پر ہيں۔ مسک زمين اور خلا ميں ٹرانسپورٹ کو بہتر بنانا چاہتے ہيں۔ زمين پر اپنی اليکٹرک کار کمپنی ٹيسلا کی مدد سے اور خلا ميں اسپيس ايکس کی مدد سے۔
تصویر: Britta Pedersen/AFP
برنارڈ آرنوں
فرانسيسی برنارڈ آرنوں اپنے بچوں کے ہمراہ 153.3 بلين ڈالر کے مالک ہيں۔ وہ ستر مختلف برانڈز کے مالک ہيں، جن ميں لوئی وتوں، ٹفينی اينڈ کو اور سيفورا جيسے بڑے نام شامل ہيں۔
تصویر: picture alliance/AP Photo/F. Mori
بل گيٹس
امير ترين افراد کی فہرست ميں چوتھا نمبر بل گيٹس کا ہے۔ گيٹس کی مجموعی دولت 121.4 بلين ڈالر ہے۔ مائکروسافٹ کے سابق کرتا دھرتا بل گيٹس ان دنوں اپنی اہليہ کے ساتھ ’بل اينڈ ملنڈا گيٹس فاؤنڈيشن‘ چلاتے ہيں، جو دنيا کی سب سے بڑی نجی فلاحی تنظيم ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/G. Ehrenzeller
مارک زوکربرگ
سماجی رابطوں کی ويب سائٹ فيس بک کے بانی مارک زوکربرگ اس فہرست ميں پانچويں نمبر پر ہيں۔ ان کی دولت چورانوے بلين ڈالر کے آس پاس ہے۔
زونگ شنشان نے ابتداء ہی ميں اسکول چھوڑ ديا تھا۔ ايک وقت انہوں نے مزدور کے طور پر کام کيا، پھر ايک اخبار کے رپورٹر کے طور پر بھی۔ پھر آہستہ آہستہ انہوں نے اپنے کاروبار شروع کيے اور آج شنشان 92.4 بلين ڈالر کے مالک اور دنيا کے چھٹے سب سے امير شخص ہيں۔
تصویر: Jiang Xin/HPIC/dpa/picture alliance
وارن بوفے
وارن بوفے کو دنيا کا سب سے کامياب سرمايہ کار کہا جاتا ہے۔ ان کی مجموعی دولت 88.1 بلين ڈالر ہے اور وہ ساتويں سب سے امير آدمی ہيں۔ امريکی شہری بوفے کی اس وقت عمر نوے سال ہے۔
تصویر: picture-alliance/düa/epa/L. W. Smith
ليری ايليسن
ليری ايليسن کی عمر 76 برس ہے اور وہ اٹھاسی بلين ڈالر کے مالک ہيں۔ وہ اوريکل کمپنی کے چيئرمين ہيں۔ ليری امير ترين افراد کی فہرست ميں آٹھويں نمبر پر ہيں۔ انہوں نے بھی اپنی بيشتر دولت خود ہی اکھٹی کی ہے۔
تصویر: Getty Images/K. White
ليری پيج
دنيا کے نويں امير ترين شخص کا نام ليری پيج ہے۔ پيچ ان گنت ٹيکنالوجی کمپنيوں کے مالک ہیں يا پھر ان ميں سرمايہ کار اور پارٹنر ہيں۔ ان کی دولت 77.6 بلين ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ وہ گوگل کی پيرنٹ کمپنی ايلفابٹ کے سی ای او رہ چکے ہيں۔ ليری پيج امريکی شہری ہيں۔
تصویر: picture alliance/dpa/A.Lohr-Jones
مکيش امبانی
بھارتی شہری مکيش امبانی امرا کی فہرست ميں دسويں نمبر پر ہيں۔ امبانی 75.4 بلين ڈالر کے مالک ہيں اور يہ دولت انہوں نے اپنی ريلائنس انڈسٹريز سے کمائی ہے۔ کورونا کی عالمی وبا کے دوران امبانی کی مجموعی دولت ميں بيس بلين ڈالر کا اضافہ ہوا۔
تصویر: AP
10 تصاویر1 | 10
دولت کا اندازہ کیسے لگایا گیا؟
'کیپ جیمینائی‘ نے اپنے ان تازہ ترین عالمی اعداد و شمار کے لیے دنیا کے مختلف ممالک میں شیئرز کی قیمتوں، ان کے مالک افراد، ان افراد کی جائیدادوں، بینک اکاؤنٹس اور سرمایہ کاری تفصیلات کو بروئے کار لاتے ہوئے وسیع و عریض ڈیٹا جمع کیا، جس نے ثابت کر دیا کہ دنیا میں پہلی بار کروڑ پتی انسانوں کی تعداد دو کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔
ان اعداد و شمار کے لیے عالمی بینک کی تازہ ترین رینکنگ سے بھی استفادہ کیا گیا اور بین الاقوامی سطح پر بہت امیر افراد کے دولت سنبھالنے والے کاروباری اداروں کے پبلک ڈیٹا سے بھی۔
م م / ک م (ڈی پی اے، امینڈا رِیوکِن)
وبا میں منافع: کووڈ انیس کے بحران میں کس نے کیسے اربوں ڈالر کمائے؟
کورونا وائرس کے بحران میں بہت ساری کمپنیوں کا دیوالیہ نکل گیا لیکن کچھ کاروباری صنعتوں کی چاندی ہو گئی۔ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران کچھ امیر شخصیات کی دولت میں مزید اضافہ ہو گیا تو کچھ اپنی جیبیں کھنگالتے رہ گئے۔
تصویر: Dennis Van TIne/Star Max//AP Images/picture alliance
اور کتنے امیر ہونگے؟
ایمیزون کے بانی جیف بیزوس (اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ) کا الگ ہی انداز ہے۔ ان کی ای- کامرس کمپنی نے وبا کے دوران بزنس کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ بیزوس کورونا وائرس کی وبا سے پہلے بھی دنیا کے امیر ترین شخص تھے اور اب وہ مزید امیر ہوگئے ہیں۔ فوربس میگزین کے مطابق ان کی دولت کا مجموعی تخمینہ 193 ارب ڈالر بنتا ہے۔
تصویر: Pawan Sharma/AFP/Getty Images
ایلون مَسک امیری کی دوڑ میں
ایلون مسک کی کارساز کمپنی ٹیسلا الیکٹرک گاڑیاں تیار کرتی ہے لیکن بازار حصص میں وہ ٹیکنالوجی کے ’ہائی فلائر‘ کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ مسک نے وبا کے دوران ٹیک اسٹاکس کی قیمتوں میں اضافے سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ جنوبی افریقہ میں پیدا ہونے والے مسک نے دنیا کے امیر ترین لوگوں میں شمار ہونے والے بل گیٹس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ 132 ارب ڈالرز کی مالیت کے ساتھ وہ جیف بیزوس کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔
تصویر: Getty Images/M. Hitij
یوآن کی زندگی میں ’زوم کا بوم‘
کورونا وبا کے دوران ہوم آفس یعنی گھر سے دفتر کا کام کرنا بعض افراد کی مجبوری بن گیا، لیکن ایرک یوآن کی کمپنی زوم کے لیے یہ ایک بہترین موقع تھا۔ ویڈیو کانفرنس پلیٹ فارم زوم کو سن 2019 میں عام لوگوں کے لیے لانچ کیا گیا۔ زوم کے چینی نژاد بانی یوآن اب تقریباﹰ 19 ارب ڈالر کی دولت کے مالک ہیں۔
تصویر: Kena Betancur/Getty Images
کامیابی کے لیے فٹ
سماجی دوری کے قواعد اور انڈور فٹنس اسٹوڈیوز جان فولی کے کام آگئے۔ اب لوگ گھر میں ورزش کرنے کی سہولیات پر بہت زیادہ رقم خرچ کر رہے ہیں۔ وبائی امراض کے دوران فولی کی کمپنی ’پیلوٹون‘ کے حصص کی قیمت تین گنا بڑھ گئی۔ اس طرح 50 سالہ فولی غیر متوقع انداز میں ارب پتی بن گئے۔
تصویر: Mark Lennihan/AP Photo/picture alliance
پوری دنیا کو فتح کرنا
شاپی فائے، تاجروں کو اپنی آن لائن شاپس بنانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اس پلیٹ فارم کا منصوبہ کینیڈا میں مقیم جرمن نژاد شہری ٹوبیاس لئٹکے نے تیار کیا تھا۔ شاپی فائے کینیڈا کا ایک اہم ترین کاروباری ادارہ بن چکا ہے۔ فوربس میگزین کے مطابق 39 سالہ ٹوبیاس لئٹکے کی مجموعی ملکیت کا تخمینہ تقریباﹰ 9 ارب ڈالر بنتا ہے۔
تصویر: Wikipedia/Union Eleven
راتوں رات ارب پتی
اووگر ساہین نے جنوری 2020ء کے اوائل سے ہی کورونا کے خلاف ویکسین پر اپنی تحقیق کا آغاز کر دیا تھا۔ جرمن کمپنی بائیو این ٹیک (BioNTech) اور امریکی پارٹنر کمپنی فائزر کو جلد ہی اس ویکسین منظوری ملنے کا امکان ہے۔ کورونا کے خلاف اس ویکسین کی تیاری میں اہم کردار ادا کرنے والے ترک نژاد سائنسدان ساہین راتوں رات نہ صرف مشہور بلکہ ایک امیر ترین شخص بن گئے۔ ان کے حصص کی مجموعی قیمت 5 ارب ڈالر بتائی جاتی ہے۔
تصویر: BIONTECH/AFP
کامیابی کی ترکیب
فوڈ سروسز کی کمپنی ’ہیلو فریش‘ تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ وبا کے دوران اس کمپنی کے منافع میں تین گنا اضافہ دیکھا گیا۔ ہیلو فریش کے شریک بانی اور پارٹنر ڈومنک رشٹر نے لاک ڈاؤن میں ریستورانوں کی بندش کا بھر پور فائدہ اٹھایا۔ ان کی دولت ابھی اتنی زیادہ نہیں ہے لیکن وہ بہت جلد امیر افراد کی فہرست میں شامل ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
تصویر: Bernd Kammerer/picture-alliance
ایک بار پھر ایمیزون
ایمیزون کمپنی میں اپنے شیئرز کی وجہ سے جیف بیزوس کی سابقہ اہلیہ میک کینزی اسکاٹ دنیا کی امیر ترین خواتین میں سر فہرست ہیں۔ ان کی ملکیت کا تخمینہ تقریباﹰ 72 ارب ڈالر بتایا جاتا ہے۔
تصویر: Dennis Tan Tine/Star Max//AP/picture alliance