1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا: کُل مریض اب سات لاکھ 32 ہزار، اموات تقریباﹰ 35 ہزار

30 مارچ 2020

بین الاقوامی سطح پر کورونا وائرس تاحال تیزی سے پھیل رہا ہے۔ عالمی وقت کے مطابق پیر کی دوپہر تک دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد سات لاکھ بتیس ہزار سے زائد اور ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے چونتیس ہزار سے زائد ہو چکی تھی۔

تصویر: picture-alliance/Photoshot/M. Nagle

عالمی ادارہ صحت اور امریکا کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق پیر تیس مارچ کی دوپہر تک دنیا بھر میں کورونا وائرس کی نئی قسم اور اس سے لگنے والی بیماری کووِڈ انیس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر ساتھ لاکھ بتیس ہزار سے متجاوز ہو چکی تھی۔ اسی طرح اس بیماری کی وجہ سے انسانی ہلاکتیں بھی بڑھ کر اب چونتیس ہزار سات سو کے قریب ہو چکی تھیں۔

تصویر: picture-alliance/AP Photo/B. Matthews

عالمی سطح پر ہر پانچواں مریض امریکا میں

اس وقت کسی ایک ملک کے طور پر کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض امریکا میں ہیں، جن کی تعداد ایک لاکھ تینتالیس ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ یوں عالمی سطح پر اس وائرس کی وجہ سے لگنے والے بیماری کووِڈ انیس کا تقریباﹰ ہر پانچواں مریض امریکا میں ہے۔ امریکا میں، جہاں کورونا وائرس کا پہلا کیس بیس جنوری کو ریکارڈ کیا گیا تھا، اب تک کووِڈ انیس کے ہاتھوں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد تقریباﹰ ڈھائی ہزار ہو چکی ہے۔

اٹلی میں پونے گیارہ ہزار ہلاکتیں

امریکا کے بعد کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض ابھی تک اٹلی میں دیکھنے میں آئے ہیں، جہاں ان کی تعداد ستانوے ہزار سات سو کے قریب بنتی ہے۔ اٹلی وہ ملک بھی ہے، جسے اب تک اس مہلک مرض کی وجہ سے سب سے زیادہ جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اٹلی میں کووِڈ انیس کے باعث انسانی ہلاکتوں کی تازہ ترین مجموعی تعداد دس ہزار سات سو اسی بتائی گئی ہے۔

تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Tarantino

اسپین میں بھی مریض اب چین سے زیادہ

اٹلی کے بعد اس وقت سب سے زیادہ مریض اسپین میں ریکارڈ کیے گئے ہیں، جن کی تعداد پچاسی ہزار سے زائد بنتی ہے۔ یوں ملکی سطح پر مریضوں کی کل تعداد کے لحاظ سے اسپین نے بھی امریکا اور اٹلی کی طرح چین کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، جہاں سے اس وبا کا آغاز ہوا تھا۔ اسپین میں آج پیر کے روز مزید پانچ ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہو گئی۔ اس کے علاوہ وہاں کووِڈ انیس کے مزید پانچ سو سینتیس مریضوں کا انتقال بھی ہو گیا، جس کے بعد وہاں ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد بھی اب سات ہزار تیس سو چالیس ہو گئی ہے۔

چوتھے اور پانچویں نمبر پر چین اور جرمنی

چین میں اس وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد ساڑھے اکیاسی ہزار کے قریب ہے اور وہاں اب تک کورونا وائرس تین ہزار تین سو افراد کی جان لے چکا ہے۔ جرمنی میں بھی مزید اضافے کے بعد کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد اب ساڑے باسٹھ ہزار اور ہلاکتوں کی تعداد پانچ سو اکتالیس ہو چکی ہے۔

تصویر: DW/L. Vilaça

دنیا بھر میں ہلاکتوں میں سے نصف سے زائد صرف اٹلی اور اسپین میں

ان دنوں کورونا وائرس کی وبا کے بڑے مراکز براعظم یورپ اور شمالی امریکا بنے ہوئے ہیں۔ یورپ میں اٹلی اور اسپین میں اس وائرس کی وجہ سے اتنی زیادہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں کہ ان کا مجموعہ پوری دنیا میں ان تک ہونے والی ہلاکتوں کے نصف سے بھی زیادہ بنتا ہے۔ اب تک دنیا بھر میں اس بیماری کی وجہ سے چونتیس ہزار سات سو کے قریب انسانوں کی جان جا چکی ہے جبکہ صرف اٹلی اور اسپین میں ہی ایسی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد اٹھارہ ہزار ایک سو سے زائد ہو چکی ہے۔

پاکستان اور بھارت

پاکستان میں آج پیر کے روز کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد مزید اٹھائیس افراد کے اضافے کے ساتھ ایک ہزار چھ سو پچیس ہو گئی۔ اس کے علاوہ چار نئی ہلاکتوں کے بعد بین الاقوامی اداروں کے ڈیٹا بیس کے مطابق پاکستان میں کووِڈ انیس کے ہاتھوں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بھی اب اٹھائیس ہو گئی ہے۔

پاکستان کے ہمسایہ ملک بھارت میں آج مزید سینتالیس افراد کے اس وائرس کا شکار ہو جانے کے بعد وہاں مریضوں کی کل تعداد ایک ہزار اکہتر ہو گئی ہے جبکہ مزید دو افراد کی موت کے ساتھ وہاں کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بھی اب انتیس ہو گئی ہے۔

کورونا وائرس کی وبا اور اٹلی کا مرثیہ

03:39

This browser does not support the video element.

 

م م / ع ا (روئٹرز، اے ایف پی، ڈبلیو ایچ او، جے ایچ یو)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں