1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا بھر میں ’گُڈ فرائیڈے‘ کی تقریبات

30 مارچ 2018

دُنیا بھر کے مسیحی آج ’گُڈ فرائیڈے‘ منا رہے ہیں۔ مسیحی عقائد کے مطابق یہ دن روزوں کے ایام کے آخری جمعہ کو یسوع المسیح کو مصلوب کیے جانے اور ان کی صلیبی موت کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

Vatikan Palmsonntagsmesse
تصویر: Reuters/T. Gentile

مسیحیوں کے روزوں کے ایام کی اختتامی تقریبات کا آغاز گزشتہ اتوار سے ’پام سنڈے‘ یا کھجوروں کے اتوار سے ہوا تھا۔ یہ تقریبات جمعرات کو عروج پر پہنچیں، جب روایات کے مطابق اسی دن یسوع المسیح کو گرفتار کیا گیا تھا۔

گڈ فرائیڈے: فلپائن میں کئی مسیحی عقیدتاﹰ مصلوب ہو گئے

دنیا بھر میں گُڈ فرائی ڈے کی تقاریب

ایسٹر کی عبادات کا سلسلہ شروع

لاس اینجلس میں ایسٹر کی خصوصی چاکلیٹس اور مٹھائیاں

01:33

This browser does not support the video element.

مسیحی مذہب کے مطابق تب یسوع المسیح نے اپنے اُن بارہ پیروکاروں کے پاؤں دھو کر’عاجزی کا نمونہ‘ پیش کیا تھا، جنہیں’ان کے شاگرد‘ بھی کہا جاتا ہے۔

اسی روایات کی مناسبت سے پوپ فرانسس نے جمعرات کی رات روم کی ایک جیل میں بارہ قیدیوں کے پاؤں دھوئے اور انہیں چوما۔ ان قیدیوں میں دو مسلمان اور ایک بدھ مذہب کا ماننے والا بھی شامل تھا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سزائے موت نہیں دی جانا چاہیے کیونکہ نہ تو یہ مسیحی اقدار کے مطابق ہے اور نہ ہی انسانی۔

پوپ فرانسس نے اس موقع پر مزید کہا کہ دنیا میں کئی جنگوں سے بچا جا سکتا تھا اگر عالمی رہنما خود کو کمانڈرز کے بجائے انسانوں کا خدمت گار تصور کرتے۔ انہوں نے اصرار کیا کہ دنیا کو پرامن مقام بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھنا چاہییں۔

'گڈ فرائیڈے‘ کے حوالے سے آج بروز جمعہ 30 مارچ بھی دنیا بھر میں دعائیہ تقریبات منعقد ہو رہی ہے۔ پوپ فرانسس آج جمعے کے دن روم میں Via Cross کے جلوس کی قیادت کریں گے۔ ہفتے کی رات وہ ایسٹر وِجل سروس میں شریک ہوں گے جبکہ بروز اتوار ایسٹر کے دن پوپ فرانسس’اُربی اَیٹ اوربی‘ (’شہر اور دنیا کے نام‘) کے عنوان سے اپنا روایتی خطاب بھی کریں گے اور ایسٹر کا خصوصی پیغام بھی جاری کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی ایسٹر کی مذہبی تقریبات بھی اپنے اختتام کو پہنچ جائیں گی۔

ان دعائیہ اجتماعات کا مقصد دراصل کرائسٹ کے ان دکھوں کو یاد کرنا ہے، جو انہوں نے صلیب پر سہے۔ ایسٹر یا عید قیامت المسیح اتوار یکم اپریل کو منائی جائے گی۔ ایسٹر روزوں کے ایام کے بعد منایا جانے والا اہم مسیحی تہوار ہے۔ اس سے قبل 40 روزے رکھے جاتے ہیں۔ ایسٹر کو ’عید پاشکا‘ یا ’عید قیامت المیسح‘ بھی کہا جاتا ہے، جو دراصل مسیحی عقائد کے مطابق یسوع المسیح کے موت پر فتح پانے اور مردوں میں سے جی اٹھنے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

ع ب/ ا ع / اے ایف پی

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں