دنیا بھر کے آرتھوڈوکس کلیساؤں کا ہزار سال بعد پہلا اجلاس
19 جون 2016یونانی دارالحکومت ایتھنز سے اتوار انیس جون کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق مسیحیت کی دو ہزار سال سے زائد پرانی تاریخ میں ایک حوالے سے یہ اجلاس دراصل اپنی نوعیت کا صرف دوسرا اجتماع ہے۔
اس سے قبل اسی طرح کا ایک اجتماع 962 برس قبل سن 1054ء میں ہوا تھا اور اس میں مسیحی عقیدہ باقاعدہ طور پر دو حصوں میں تقسیم ہو گیا تھا، جن میں سے ایک مسلک کیتھولک کہلایا اور دوسرا آرتھوڈوکس۔ مسیحیت کی تاریخ میں قریب ایک ہزار سال پہلے کے اس واقعے کو ’عظیم تقسیم‘ کی اصطلاح کے ساتھ یاد کیا جاتا ہے۔
Heraklion میں ہونے والے اس عالمی آرتھوڈوکس کلیسائی اجلاس کی ایک خاص بات یہ ہے کہ اس میں آرتھوڈوکس عقیدے کی کئی اہم شاخوں کے اعلیٰ ترین نمائندے حصہ نہیں لے رہے، جس کی وجہ سے اس ’آرتھوڈوکس کونسل‘ کہلانے والے اجلاس کی کامیابی کے بارے میں شروع سے ہی شکوک و شبہات ظاہر کیے جانے لگے ہیں۔
قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ اس اجلاس کے لیے آرتھوڈوکس کلیسا کی زیادہ سے زیادہ شاخوں کو مدعو کرنے اور ’کونسل‘ کی تفصیلات طے کرنے میں بھی نصف صدی سے زائد کا عرصہ لگا۔
اے ایف پی نے لکھا ہے کہ اس اجلاس کے آغاز پر شرکاء نے اتوار کے روز آرتھوڈوکس پینٹی کوسٹ (Orthodox Pentecost) منایا، جو دراصل ایک ضیافت لیکن اس مسیحی عقیدے کی اعلیٰ ترین مذہبی تقریب ہوتی ہے۔ یہ اجتماع 27 جون تک جاری رہے گا۔
ایتھنز سے ملنے والی رپورٹوں میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ خود آرتھوڈوکس کلیسا کی طرف سے اس اجتماع کو ’مقدس اور عظیم کونسل‘ کا نام دیا جاتا ہے، جس دوران شرکاء اس عقیدے کے تحت شادی کرنے اور روزے رکھنے جیسے مذہبی اور سماجی امور کے سلسلے میں پائے جانے والے آپس کے اختلافات کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔
اس کے علاوہ یہ مشورہ بھی کیا جائے گا کہ امریکا اور آسٹریلیا جیسے جن ملکوں میں آرتھوڈوکس کیلساؤں کے پیروکاروں کی تعداد بہت کم ہے، وہاں مختلف کلیسائی انتظامی علاقوں میں آرتھوڈوکس چرچ کی متحدہ نمائندگی اور موجودگی کو کیسے یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
اس کونسل کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اس موقع پر ہونے والی عبادت میں یونانی صدر پاوَلوپولوس نے بھی خاص طور پر شرکت کی اور یہ ’سروس‘ یونان کے سرکاری ٹیلی وژن سے براہ راست نشر بھی کی گئی۔
ہیراکلیئن میں اس کونسل میں دیگر رہنماؤں کے علاوہ روسی آرتھوڈوکس کلیسا کے سربراہ Kyrill بھی شریک نہیں ہیں، جو قریب 130 ملین آرتھوڈوکس مسیحیوں کے مذہبی پیشوا ہیں۔ یہ تعداد دنیا بھر میں آرتھوڈوکس مسیحی آبادی کی تعداد کا نصف بنتی ہے۔
جو دیگر کلیسائی رہنما اس کونسل میں شامل نہیں ہوئے، وہ بلغاریہ اور جارجیا کے ان آرتھوڈوکس کلیساؤں کے سربراہان ہیں، جو دونوں ہی روسی آرتھوڈوکس چرچ کے بہت قریب سمجھے جاتے ہیں۔
مسیحیت کے کئی ذیلی شاخوں میں تقسیم آرتھوڈوکس عقیدے کے پیروکاروں کی دنیا بھر میں تعداد قریب 250 ملین یا 25 کروڑ بنتی ہے۔ اس عقیدے کے روسی اور یونانی آرتھوڈوکس کلیساؤں جیسے کُل 14 ذیلی گروپ ہیں، جن میں سے مذہبی حوالے سے ہر ایک اپنی جگہ خود مختار ہے۔
عالمی سطح پر آرتھوڈوکس مسیحیت کو گزشتہ کئی عشروں کے دوران سابق سوویت یونین میں آنے والی بڑی تبدیلیوں، پھر سوویت یونین کی تقسیم سے پیدا ہونے والی صورت حال اور پچھلے کئی برسوں کے دوران مشرق وسطیٰ میں پیش آنے والے حالات و واقعات نے ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اس کے علاوہ اس کلیسا کو مختلف ملکوں میں قومی اور سیاسی سطح پر بار بار کئی طرح کے مسائل کا سامنا بھی رہتا ہے۔