ایک تازہ رپورٹ کے مطابق دنیا میں ارب پتی افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ دنیا میں ارب پتی افراد کی فہرست میں تقریباً دو سو نئے نام شامل ہوئے ہیں۔
اشتہار
سوئٹزرلینڈ کے بڑی بینکار ادارے یُو بی ایس اور ایک بین الاقوامی مالیاتی مشاورتی ادارے پرائس واٹر ہاؤس کوپرز (PwC) یا پی ڈبلیو سی نے مشترکہ طور پر مرتب کردہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ سن 2018 میں دنیا میں ارب پتی افراد کی تعداد دو ہزار 158 ہو گئی ہے۔ گزشتہ رپورٹ کے مقابلے میں اس میں ایک سوننانوے نئے افراد شامل ہوئے ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق ان ارب پتی افراد کے پاس دنیا کی کُل مالیت کا انیس فیصد ہے۔ ان کی دولت کا حجم 8.9 ٹریلین امریکی ڈالر بنتا ہے۔ تازہ ارب پتیوں میں چینی شہریوں کو سبقت حاصل ہے۔ نئے ارب پتیوں کی ایک تہائی تعداد مشرقی بعید اور بحر الکاہل خطے(پیسیفک) سے ہے۔
رپورٹ کے مطابق دنیا کے ارب پتیوں کی صف میں شمار ہونے والی چینی شہری حقیقت میں امریکی سلیکون ویلی کے لیے ایک بڑا چیلنج بنتے جا رہے ہیں۔ سلیکون ویلی کے ٹکینیکی ادارے چین پر تجارتی اور حقوق دانش کے معاملات کے حوالے سے تنقیدی نگاہ رکھتے ہیں۔
اس رپورٹ کے مرتبین کے مطابق چینی ارب پتی کاروبار اور تجارت کے نئے ماڈلز کی تشکیل میں مصروف ہیں اور وہ تیزی کے ساتھ اپنی کاروباری ساکھ کو مستحکم بنیادوں پر قائم کرنے کی کوشش کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
یہ بھی واضح کیا گیا کہ مشرق بعید اور خاص طور پر چین کے بڑے شہروں میں توسیعی عمل کے ساتھ ساتھ چھوٹے قصبوں کا شہروں میں تبدیل ہونا اصل میں پیداواری عمل سے منسلک ہو کر رہ گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ چین کے نوجوان کاروباری افراد اگلے چند برسوں میں ارب پتی افراد کی فہرست میں شامل ہو جائیں گے۔
اِس رپورٹ میں ارب پتی حضرات کی کاروباری سرگرمیوں پر روشنی ضررور ڈالی گئی لیکن نئے امراء کے نام عام نہیں کیے گئے۔ یہ امر اہم ہے کہ امریک جریدہ فوربز بھی عالمی دولت مندوں کی فہرست سالانہ بنیاد پر جاری کرتا ہے اور عموماً اُسی میں وہ نئے ارب پتی افراد یا خاندانوں کی تفصیلات بھی جاری کرتا ہے۔
ایشیا کے کروڑ پتی کہاں رہتے ہیں؟
ایشیا پيسیفک کے خطے میں بسنے والے دس امیر ترین افراد پر نگاہ ڈالتے ہیں۔ اس خطے میں کروڑ اور ارب پتی افراد کی تعداد کے اعتبار سے جاپان سب سے آگے ہے، تاہم آئیے دیکھتے ہیں دیگر افراد کون ہیں اور کہاں رہتے ہیں؟
تصویر: PHILIPPE LOPEZ/AFP/Getty Images
پہلے نمبر پر جاپان
جاپان میں قریب ایک اعشاریہ تین ملین کروڑ پتی ہیں۔ ان افراد کے پاس مجموعی دولت 15.23کھرب ڈالر ہے۔ اس فہرست میں چین دوسرے نمبر پر ہے۔ دولت کی ہم وار تقسیم کے اعتبار سے جاپان دیگر ممالک کے مقابلے میں سب سے آگے ہے، جہاں کروڑ پتی بہت ہیں، مگر ارب پتی افراد کی تعداد کم ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/K. Nogi
دوسرے نمبر پر چین
دنیا کی دوسری سب سے بڑی اقتصادی قوت چین چھ لاکھ 54 ہزار کروڑ پتی افراد کا گھر ہے۔ ایشیا میں امیر افراد کی فہرست میں بھی چین دوسرے نمبر پر ہے۔ ان افراد کے پاس مجموعی سرمایہ 17.25 کھرب ڈالر ہے۔ اس کے علاوہ ارب پتی افراد کی تعداد کے لحاظ سے چین ایشیا میں پہلے نمبر پر ہے، تاہم چین میں فی کس آمدنی صرف ساڑھے 12 ہزار آٹھ سو ڈالر ہے، جو اس شعبے میں اسے خطے میں ساتویں نمبر پر پہنچا دیتی ہے۔
تصویر: imago/CTK Photo
تیسرے نمبر پر آسٹریلیا
آسٹریلیا میں قریب دو لاکھ نوے ہزار افراد کروڑ پتی ہیں۔ تاہم انفرادی امارت کے اعتبار سے یہ خطے میں سب سے آگے ہے۔ اسی طرح فی کس آمدنی کے اعتبار سے بھی آسٹریلیا خطے کے دیگر ممالک پر سبقت لیے ہوئے ہے۔
تصویر: picture-alliance/empics
بھارت چوتھے نمبر پر
خطے میں امیر افراد کی تعداد کے اعتبار سے بھارت چوتھے نمبر پر ہے، جہاں دو لاکھ 36 ہزار کروڑ پتی رہتے ہیں۔ تاہم فی کس اعتبار سے خطے میں بھارت انتہائی کم سطح کے ممالک میں سے تیسرے نمبر پر ہے، جہاں یہ صرف پاکستان اور ویت نام سے بہتر ہے۔
تصویر: picture alliance/Robert Harding World Imagery
سنگاپور پانچویں نمبر پر
پانچ ملین کی کُل آبادی کے ملک سنگاپور میں دو لاکھ 24 ہزار کروڑ پتی ہیں، یعنی بھارت سے صرف 12 ہزار کم۔ یہاں فی کس آمدنی بھی ایک لاکھ 58 ہزار 300 ڈالر ہے۔ خطے میں فی کس آمدنی کے اعتبار سے سنگاپور آسٹریلیا کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔
تصویر: Fotolia/asab974
ہانگ کانگ چھٹے نمبر پر
ہانگ کانگ میں کروڑ پتی افراد کی تعداد دو لاکھ 15 ہزار ہے جب کہ یہاں ارب پتی افراد کی تعداد ساڑھے نو ہزار ہے۔ ارب پتی افراد کے لحاظ سے ہانگ کانگ کا نمبر چین، جاپان اور بھارت کے بعد چوتھا ہے۔
تصویر: A.Ogle/AFP/Getty Images
جنوبی کوریا ساتویں نمبر پر
جنوبی کوریا میں کروڑ پتی افراد کی تعداد سوا لاکھ ہے۔ پیشن گوئی کی جا رہی ہے کہ اگلے دس برسوں میں جنوبی کوریا میں کروڑ پتی افراد کی تعداد میں پچاس فیصد اضافہ ہو سکتا ہے۔
تصویر: Fotolia/Chee-Onn Leong
تائیوان آٹھویں نمبر پر
تائیوان میں قریب ایک98 ہزار دو سو کروڑ پتی آباد ہیں۔ سن 2000 کے بعد سے کروڑ پتی افراد کی تعداد میں 75 فیصد اضافہ ہوا ہے، تاہم گزشتہ برس کے مقابلے میں اس تعداد میں دس فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔ گزشتہ برس یہاں کروڑ پتی افراد کی تعداد ایک لاکھ نو ہزار تھی۔
تصویر: imago/imagebroker
نیوزی لینڈ نویں نمبر پر
ساڑھے چار ملین آبادی کے ملک نیوزی لینڈ میں کروڑ پتی افراد کی تعداد 89 ہزار ہے۔ فی کس آمدنی کے اعتبار سے خطے میں نیوزی لینڈ آسٹریلیا اور سنگاپور کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/M. Bradley
انڈونیشیا دسویں نمبر پر
انڈونیشیا میں ساڑھے 48 ہزار کروڑ پتی افراد آباد ہیں۔ سن 2000 سے اب تک یہاں کروڑ پتی افراد کی تعداد میں 525 فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ اضافہ چین اور بھارت کے بعد سب سے زیادہ ہے۔