1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہجرمنی

دنیا میں سب سے زیادہ سونا کس کے پاس؟

20 اگست 2020

انسانوں کے لیے سونا ایک قیمتی دھات ہونے کی وجہ سے شروع سے ہی پرکشش رہا ہے۔ آج تک زمین سے ایک لاکھ ترانوے ہزار ٹن سے زائد خالص سونا نکالا جا چکا ہے۔ سب سے زیادہ سونا رکھنے والے افراد اور بینکوں پر ایک نظر!

Bundesbank - Gold
تصویر: picture-alliance/dpa/Bundesbank

کرنسی نوٹوں کے برعکس سونے کو آج بھی قیمتی اور بہت منافع بخش دھات تصور کیا جاتا ہے۔ اثاثوں کی دوسری تمام شکلوں کے برعکس سونے کی مکمل نشاندہی اور اس کا پورا ریکارڈ رکھنا ممکن نہیں۔ تاہم ورلڈ گولڈ کونسل (ڈبلیو جی سی) کے مطابق سن دو ہزار اٹھارہ کے اختتام تک ایک لاکھ ترانوے ہزار ٹن سے زائد خالص سونا کان کنی کے ذریعے حاصل کیا جا چکا تھا اور یہ دنیا کے مختلف ممالک کی ملکیت میں ہے۔ اگر ملکیت کی بات کی جائے تو سونے کو دو حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔ ایک حصہ جو نجی افراد یا خاندانوں اور دوسرا وہ جو اداروں کی ملکیت ہے۔ اداروں سے مراد یہاں مرکزی بینک، حکومتیں، کاروباری ادارے، میوزیم اور دیگر تنظیمیں ہیں۔

جرمن ویب سائٹ گولڈ رپورٹر کے مطابق دنیا میں موجود تقریباﹰ نصف سونے (تقریباﹰ اڑتالیس فیصد) کو زیورات کی تیاری کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ تقریباﹰ بانوے ہزار ٹن بنتا ہے۔  ڈبلیو جی سی کے مطابق سونے کے عالمی ذخائر کی مقدار تینتیس ہزار ٹن سے زائد بنتی ہے۔ اسی طرح نجی ہاتھوں میں موجود سونے کی مقدار اکتالیس ہزار دو سو ٹن سے زائد بنتی ہے جبکہ باقی ستائیس ہزار ٹن سونا دیگر یا متفرق کی کیٹیگری میں آتا ہے۔ اندازوں کے مطابق ابھی 54 ہزار ٹن سونے کے ذخائر موجود ہیں اور مستقبل میں یہ سونا بھی قابل حصول ہے۔

مرکزی بینک

ڈبلیو جی سی کے مطابق سونے کے عالمی ذخائر کی مقدار تینتیس ہزار آٹھ سو اکہتر ٹن ہے۔ جرمن ویب سائٹ گولڈ ڈاٹ ڈی ای کے سن دو ہزار بیس کے اعداد و شمار کے مطابق جن ممالک کے پاس سب سے زیادہ سونا ہے، ان میں امریکا آٹھ ہزار ایک سو تینتیس ٹن کے ساتھ سرفہرست ہے۔ اس کے بعد جرمنی کا نمبر آتا ہے، جس کے پاس تین ہزار تین سو تریسٹھ ٹن سونا موجود ہے۔  تیسرے نمبر پر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) آتا ہے، جس کے پاس  دو ہزار آٹھ سو چودہ ٹن سونے کے ذخائر ہیں۔ دیگر سات ممالک کی فہرست کچھ یوں ہے:

اٹلی: دو ہزار چار سو اکاون ٹن

فرانس: دو ہزار چار سو چھتیس ٹن

روس: دو ہزار دو سو اٹھانوے ٹن

چین: ایک ہزار نو سو اڑتالیس ٹن

سوئٹزرلینڈ:  ایک ہزار چالیس ٹن

جاپان: سات سو پینسٹھ ٹن

بھارت: چھ سو تریپن ٹن

ویٹی کن اور کیتھولک چرچ

سن دو ہزار تیرہ میں ویٹی کن بینک نے اپنے اثاثے ظاہر کیے تھے اور اس وقت اس کے پاس سونے سے بنے سکوں اور تمغوں کی مالیت تقریباﹰ اکتالیس ملین یورو تھی۔ اس وقت یہ تقریباﹰ ایک اعشاریہ تین ٹن سونا بنتا تھا۔ تاہم سونے کا اصل خزانہ خاص طور پر زیورات اور مذہبی نوادرات کی شکل میں پوری دنیا میں موجود کیتھولک چرچ کے پاس ہے۔ اطالوی مصنف کلاڈیو رینڈینا کے مطابق ایک وقت تھا کہ چرچ کے پاس تیس ہزار ٹن سونا تھا لیکن اب یہ وقت کے ساتھ ساتھ کم ہو چکا ہے اور اس سونے کی اصل مقدار کوئی بھی نہیں جانتا۔

تصویر: Fotolia/Scanrail

بھارتی گھریلو خواتین اور مندر

نجی شعبے میں بھارت کو سونے کا سب سے بڑا ذخیرہ سمجھا جاتا ہے۔ اندازوں  کے مطابق بھارتی خاندانوں کی ملکیت میں پچیس ہزار ٹن تک سونا موجود ہے۔ بھارتی خواتین سونے کے زیورات خاص طور پر پسند کرتی ہیں اور روایتی طور پر اسے قیمتی اثاثہ سمجھا جاتا ہے۔ عام خاندان اپنی لڑکیوں کی شادیوں پر انہیں سونے کے زیورات تحفے میں دینا لازمی سمجھتے ہیں۔

بھارت میں سونے کی مذہبی اہمیت بھی ہے۔ اس ملک میں چھ لاکھ سے زائد مندر اور مذہبی مقامات ہیں۔ وہاں لوگ سونا بطور نذرانہ بھی پیش کرتے ہیں۔ اندازوں کے مطابق تقریباﹰ چار ہزار ٹن سونا بھارتی مندروں کی ملکیت ہے۔

چین

اصل میں چین کے پاس کس قدر سونا ہے، اس کے بارے میں بیرونی دنیا اندھیرے میں ہے۔ گزشتہ کئی برسوں سے سونا مغرب سے مشرق کی جانب منتقل ہو رہا ہے۔ سن دو ہزار تین میں چین نے وہ پابندی ختم کر دی تھی، جس کے مطابق عوام کو سونا رکھنے کی اجازت نہیں تھی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق چین کے پاس تقریباﹰ انیس سو ٹن سونا موجود ہے۔ تاہم کئی تجزیہ کاروں کے مطابق چین کے پاس غیراعلانیہ طور پر بیس ہزار ٹن تک سونے کے ذخائر موجود ہو سکتے ہیں۔ لیکن اس حوالے سے کوئی مستند اعداد و شمار موجود نہیں ہیں۔

جرمن عوام

ویب سائٹ گولڈ رپورٹر کے مطابق جرمنوں کا شمار دنیا کے ان شہریوں میں ہوتا ہے، جن کے پاس کافی سونا ہے۔ شٹائن بائیز انسٹیٹیوٹ کے ایک سروے کے مطابق جرمنی میں آٹھ ہزار نو سو ٹن  سونا نجی ہاتھوں میں ہے اور اس میں سے نصف عام شہریوں نے سونے کے سکوں اور ڈلیوں کی صورت میں خرید کر جمع کر رکھا ہے۔

تصویر: picture alliance / dpa

ترک گھرانے

ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق سن دو ہزار انیس میں ترکی نے سب سے زیادہ 159 ٹن سونا خریدا۔ اس کے بعد روس اور پولینڈ کا نمبر آتا ہے۔ اس سے قطع نظر، اندازوں کے مطابق سن دو ہزار چودہ میں ترک گھرانوں کی ملکیت سونا تقریباﹰ پانچ ہزار ٹن بنتا تھا۔ ترک حکومت متعدد مرتبہ اپنے شہریوں کو مختلف طریقوں سے کہہ چکی ہے کہ وہ یہ سونا حکومتی بینکوں کو فروخت کر دیں لیکن ابھی تک ایسا نہیں ہوا۔ ترکی روایتی طور پر انتہائی زیادہ افراط زر والا ملک رہا ہے۔ ترک عوام یہ جانتے ہیں کہ سونا کس طرح  مشکل حالات میں ان کی مدد کر سکتا ہے۔

مشہور عالم روتھ شیلڈ خاندان

 سونے کا سب سے بڑا نجی مالک کون ہے؟ اس سوال کا جواب دینا تقریباﹰ ناممکن ہے۔ اس سوال کے ساتھ ہی انسان قیاس آرائیوں کے دائرے میں داخل ہو جاتا ہے۔ روتھ شیلڈ خاندان کو بینکوں کی دنیا کے امیر ترین خاندانوں میں بھی اہم ترین سمجھا جاتا ہے۔ اس خاندان کی متعدد بینکوں میں شراکت داری اور کمپنی ہولڈنگز کے ساتھ ساتھ نجی املاک کے اثاثوں کا تخمینہ ایک ٹریلین امریکی ڈالر تک لگایا جاتا ہے۔ اتنی رقم سے کئی ٹن سونا خریدا جا سکتا ہے۔ صرف اندازہ ہی ہے کہ اس خاندان کے پاس بھی سونے کی کمی نہیں ہو گی۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں