دنیا کا سب سے بڑا تعطیلاتی بحری جہاز، لاگت ایک ارب یورو
16 مئی 2016فرانسیسی دارالحکومت پیرس سے پیر سولہ مئی کو ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق بہت بڑے بڑے بحری جہاز تیار کرنے والے ایک فرانسیسی شپ یارڈ میں اس کرُوز شپ کی تیاری میں 32 ماہ کا عرصہ لگا۔
کل اتوار پندرہ مئی کی شام جب اس بحری جہاز نے، جس کا نام Harmony of the Seas ہے، مغربی فرانس کے بندرگاہی شہر ساں نازائیر Saint-Nazaire سے اپنا اولین سفر شروع کیا، تو اس جہاز، اس کے عملے اور اس پر سوار چیدہ چیدہ شخصیات کو الوداع کہنے کے لیے ہزارہا فرانسیسی باشندے وہاں موجود تھے۔
اپنے اولین سفر پر رودبار انگلستان کے پار برطانیہ کا رخ کرنے والے اس ’عظیم ترین تعطیلاتی بحری جہاز‘ کی لمبائی 362 میٹر یا 1187 فٹ بنتی ہے۔ اس طرح یہ سولہ منزلہ بحری جہاز پیرس کے مشہور زمانہ آئفل ٹاور سے بھی بڑا ہے۔
’ہارمونی‘ نامی اس کرُوز شپ کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ یہ تعطیلاتی سفر کے لیے استعمال کیا جانے والا آج تک تعمیر کیا گیا دنیا کا سب سے چوڑا بحری جہاز بھی ہے۔ اس بحری جہاز پر عملے کے سینکڑوں ارکان کے علاوہ بیک وقت 6360 مسافر سفر کر سکتے ہیں، جن کے لیے اس میں شب بسری کی بہت پرآسائش سہولیات موجود ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ماہرین اس بحری جہاز کو ایک ’تیرتے ہوئے شہر‘ کا نام دے رہے ہیں، جس میں مسافروں کی رہائش کے لیے ڈھائی ہزار سے زیادہ ’اسٹیٹ رومز‘ کے علاوہ 20 بہت وسیع و عریض ڈائننگ ہالز بھی ہیں اور 23 سوئمنگ پولز بھی۔
اس کرُوز شپ کو زیادہ سے زیادہ ماحول دوست بنانے کے لیے اس پر 50 درخت بھی لگائے گئے ہیں اور اس کے مختلف حصوں میں 10 ہزار سے زیادہ پودے بھی لگے ہوئے ہیں۔
اتوار پندرہ مئی کی شام مغربی فرانس سے روانہ ہونے والا یہ ’تیرتا ہوا شہر‘ کل منگل 17 مئی کو برطانیہ میں جنوبی انگلستان کے بندرگاہی شہر ساؤتھمپٹن کی بندرگاہ پر پہنچے گا، جہاں سے وہ باقاعدہ طور پر اپنے افتتاحی سفر پر 22 مئی کو اسپین کے شہر بارسلونا کے لیے روانہ ہو گا۔
اسی بحری جہاز کے بارے میں جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے لکھا ہے کہ دو سال اور آٹھ ماہ کی مدت میں تیار کیا جانے والا یہ کرُوز شپ امریکی کمپنی رائل کریبیین انٹرنیشنل کی ملکیت ہے، جو 72 میٹر اونچا ہے اور جس میں واٹر سپورٹس کے دلدادہ عام مسافروں کے لیے ایک کئی منزلہ واٹر سلائیڈ بھی بڑی کشش کی بات ہے۔
ڈی پی اے نے مزید لکھا ہے کہ فرانسیسی شپ بلڈنگ کمپنی STX فرانس کے تیار کردہ اس بحری جہاز کی تیاری پر قریب 1.15 ارب یورو لاگت آئی جو قریب 1.3 ارب امریکی ڈالر کے برابر بنتی ہے۔