دنیا کا سب سے زیادہ قابل رہائش شہر ویانا، کراچی ناقابل رہائش
23 جون 2022
دنیا کے سب سے زیادہ قابل رہائش شہروں کی نئی عالمی درجہ بندی میں آسٹرین دارالحکومت ویانا پھر پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ پاکستانی بندرگاہی شہر کراچی نئی رینکنگ میں دنیا کا پانچواں سب سے زیادہ ناقابل رہائش شہر قرار دیا گیا۔
اشتہار
یہ بات معروف اقتصادی جریدے دی اکانومسٹ کے انٹیلیجنس یونٹ کے جاری کردہ نئے سالانہ انڈکس میں بتائی گئی ہے۔ دی اکانومسٹ انٹیلیجنس یونٹ کی جمعرات 23 جون کو جاری کردہ سال رواں کے لیے ورلڈرینکنگ کے مطابق یورپ کے خوبصورت ترین تاریخی شہروں میں شمار ہونے والا ویانا ماضی میں 2018ء اور 2019ء میں بھی دنیا کا سب سے زیادہ قابل رہائش شہر قرار دیا گیا تھا۔
پھر کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران یہ شہر اپنے اس اعزاز سے محروم تو ہو گیا تھا، تاہم اب اس نے اپنا یہی اعزاز دوبارہ حاصل کر لیا ہے۔
گزشتہ برس یہ اعزاز آک لینڈ کے پاس تھا
گزشتہ برس کووڈ انیس کی عالمی وبا کے دوران جب یورپ بھر میں کئی طرح کی سماجی پابندیاں عائد تھیں، اس ورلڈ رینکنگ میں بہت سے یورپی شہروں میں معیار زندگی متاثر ہونے کی وجہ سے ان کی رینکنگ کم ہو گئی تھی۔ اس وجہ سے 2021ء میں نیوزی لینڈ کا شہر آک لینڈ اپنے معیار زندگی کے باعث دنیا کا سب سے زیادہ قابل رہائش شہر قرار دیا گیا تھا۔
اب جب کہ اس سال کے آغاز سے دنیا کے تقریباﹰ سبھی ممالک میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث عائد پابندیاں اٹھائی جا چکی ہیں، 2022ء کے لیے اس عالمی درجہ بندی میں نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور چین جیسے ممالک کی شہروں کی رینکنگ دوبارہ کم ہو گئی ہے۔
اشتہار
ویانا کے بعد کوپن ہیگن، پھر زیورخ
دی اکانومسٹ انٹیلیجنس یونٹ کی امسالہ رینکنگ کے مطابق دنیا کے سب سے زیادہ قابل رہائش شہروں میں آسٹرین دارالحکومت ویانا کے بعد ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن کا نام آتا ہے۔ اس درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر سوئٹزرلینڈ کا شہر زیورخ ہے جبکہ اس کے بعد بالترتیب کینیڈا میں کیلگری، پھر وینکوور اور اس کے بعد سوئٹزرلینڈ میں جنیوا کے نام آتے ہیں۔
نئی عالمی فہرست میں دنیا کے دس سب سے زیادہ قابل رہائش شہروں میں سے چھٹے نمبر پر جنیوا کے بعد جرمن شہر فرینکفرٹ، پھر کینیڈا کے شہر ٹورانٹو، اس کے بعد نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹرڈم اور دسویں نمبر پر مشترکہ طور پر جاپان کے اوساکا اور آسٹریلیا کے میلبورن کے نام ہیں۔
روس اور یوکرین
2021ء کی درجہ بندی میں روسی دارالحکومت ماسکو اور روس ہی کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ کے نام کافی اوپر رہے تھے۔ مگر یوکرین کی جنگ کی وجہ سے روس میں سماجی استحکام کے احساس اور معیار زندگی پر پڑنے والے براہ راست اور بالواسطہ اثرات کے باعث امسالہ فہرست میں ماسکو کی پوزیشن میں 15 اور سینٹ پیٹرزبرگ کی رینکنگ میں 13 درجوں کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
یوکرینی دارالحکومت کییف کو یوکرین میں جاری جنگ کے باعث 2022ء کی درجہ بندی میں شامل ہی نہیں کیا گیا۔
دی اکانومسٹ گزشتہ تین دہائیوں سے رہائش پر اٹھنے والے اخراجات کا جائزہ لے کر دنیا کے مہنگے اور سستے ترین شہروں کا انڈیکس تیار کرتا ہے۔ دیکھیے سن 2021ء میں دنیا کے کن شہروں میں رہائش سستی ترین ثابت ہوئی۔
تصویر: Asif Hassan/AFP/Getty Images
10۔ لوساکا، زیمبیا
سن 2021ء کے انڈیکس میں افریقی ملک زیمبیا کا دارالحکومت لوساکا دنیا کا دسواں سستا ترین شہر رہا۔ اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ کے رہائشی اخراجات سے متعلق تازہ انڈیکس میں لوساکا کو 39 پوائنٹس دیے گئے۔ یوں یہ شہر 173 شہروں میں سے 164واں سستا ترین شہر قرار پایا۔
تصویر: giovannini/imagebroker/imago images
10۔ بیونس آئرس، ارجنٹائن
لوساکا کے ساتھ مشترکہ طور پر ارجنٹائن کا دارالحکومت بیونس آئرس بھی 39 پوائنٹس کے ساتھ اس انڈیکس میں دنیا کا دسواں سستا ترین شہر قرار پایا۔
تصویر: Gustavo Garello/AP Photo/picture alliance
8- الجزائر سٹی، الجزائر
الجزائر کا دارالحکومت الجزائر سٹی 38 پوائنٹس کے ساتھ رہائش کے اعتبار سے دنیا کا آٹھواں سستا ترین شہر رہا۔
تصویر: Imago/Imagebroker
7۔ احمد آباد، بھارت
بھارتی شہر احمد آباد سن 2021ء کے انڈیکس میں رہائش کے لیے دنیا کا ساتواں سستا ترین شہر قرار دیا گیا۔ اس انڈیکس میں احمد آباد کو 37 پوائنٹس دیے گئے۔
تصویر: Reuters/A. Dave
6۔ کراچی، پاکستان
رہائشی اخراجات کے حوالے سے مرتب کیے گئے انڈیکس میں دنیا کے 173 شہروں میں رہائش پر اٹھنے والے اخراجات کا جائزہ لیا گیا۔ کراچی اس فہرست میں 36 پوائنٹس کے ساتھ 168ویں نمبر پر ہے۔ یوں یہ پاکستانی شہر دنیا کا چھٹا سستا ترین شہر قرار پایا۔
تصویر: Asif Hassan/AFP/Getty Images
5۔ الماتے، قازقستان
قریب 30 ملین نفوس پر مشتمل قازقستان کا شہر الماتے 35 پوائنٹس کے ساتھ سن 2021 میں رہائش کے لیے دنیا کا پانچواں سستا ترین شہر قرار دیا گیا۔
تصویر: AFP/Getty Images/S. Filippov
4۔ تیونس سٹی، تیونس
تیونس کا دارالحکومت تیونس سٹی 33 پوائنٹس کے ساتھ دنیا کا چوتھا سستا ترین شہر قرار پایا۔
تصویر: DW/T. Guizani
3۔ تاشقند، ازبکستان
ازبک دارالحکومت تاشقند کو رہائشی اخراجات کے حوالے سے سن 2021ء کے انڈیکس میں 30 پوائنٹس دیے گئے اور اسے دنیا کا تیسرا سستا ترین شہر قرار دیا گیا۔
تصویر: Imago/imagebroker
2۔ طرابلس، لیبیا
شورش زدہ ملک لیبیا کا دارالحکومت طرابلس رہائشی اخراجات کے حوالے سے دنیا کا دوسرا سستا ترین شہر قرار دیا گیا۔
تصویر: Getty Images/AFP/M. Turkia
1۔ دمشق، شام
کئی برسوں سے خانہ جنگی کے شکار ملک شام کا دارالحکومت امن و امان کے اعتبار سے تو شاید رہائش کے قابل نہیں۔ تاہم رہائش پر اٹھنے والے اخراجات کے اعتبار سے گزشتہ برس کے انڈیکس کی طرح اس برس بھی دنیا کا سستا ترین شہر شام کو ہی قرار دیا گیا۔
تصویر: Getty Images/AFP/R. Haidar
10 تصاویر1 | 10
کراچی ورلڈ رینکنگ میں آخری ناموں میں سے ایک
اس نئی عالمی فہرست میں دنیا کے ان کئی شہروں کے نام بھی شامل ہیں، جنہیں وہاں کے بہت خراب معیار زندگی کے باعث سب سے کم قابل رہائش شہر قرار دیا گیا ہے۔ ان میں سے سب سے زیادہ ناقابل رہائش شامی دارالحکومت دمشق ہے، جس کے بعد نائجیریا کے شہر لاگوس کا نام آتا ہے۔
دنیا کا تیسرا سب سے زیادہ ناقابل رہائش شہر لیبیا کا طرابلس ہے، جس کے بعد الجزائر کے اسی نام کے دارالحکومت کا نمبر چوتھا ہے۔ پاکستان کا سب سے زیادہ آبادی والا بندرگاہی شہر کراچی اپنے انتہائی غیر تسلی بخش معیار زندگی کی وجہ سے دنیا کا پانچواں سب سے زیادہ ناقابل رہائش شہر قرار دیا گیا۔
م م / ع ا (ڈی پی اے،اے ایف پی)
ایشیا کے مہنگے ترین شہر، رہائش رکھنا انتہائی مشکل
دنیا کے دس مہنگے ترین شہروں میں چھ کا تعلق ایشیا سے ہے۔ یہ شہر نئے آبادکاروں کے لیے انتہائی مہنگے ثابت ہو رہے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/blickwinkel
بیجنگ، چین
دنیا کا نواں مہنگا ترین شہر چینی دارالحکومت بیجنگ ہے، جہاں مکانات کی قیمتیں اور کرائے مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ بیجنگ کے انٹرنیشنل اسکول بھی اپنی فیس میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ چینی کرنسی یوان کی قدر میں استحکام سے چینی شہروں میں زنگی بسر کرنا مشکل تر ہو گیا ہے۔
تصویر: Getty Images/F. Li
شنگھائی، چین
چین کی مرکزی سرزمین پر سب سے مہنگا ترین شہر شنگھائی ہے۔ چینی بندرگاہی شہر دنیا کا ساتواں مہنگا ترین شہر ہے۔ شنگھائی میں پچاسی مربع میٹر اپارٹمنٹ کا کرایہ 1800 سو سے 2170 امریکی ڈالر ( 1030 یورو سے 1800 یورو) تک ہے۔ اس شہر میں ہر چیز کی خرید و فروخت کا تعلق کرنسی کے اتار چڑھاؤ سے منسلک ہے اور نئے آباد ہونے والوں کے لیے پریشانی کا باعث ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/Yu Shenli
سیئول، جنوبی کوریا
جنوبی کوریا کا دارالحکومت سیئول غیر ملکی آبادکاروں کے لیے پانچواں مہنگا ترین شہر ہے۔ غیر ملکیوں کے ساتھ سیئول کے باسی بھی اس پر متفق ہیں کہ ایک کافی کا کپ بھی اس شہر میں بہت مہنگا ہے اور یہ دس امریکی ڈالر ( 8.60 یورو) کا ہے۔ ایک جینز کی پینٹ کی اوسط قیمت ڈیڑھ سو امریکی ڈالر ہے۔ مجموعی طور پر سیئول میں زندگی گزارنا خاصا مشکل کام ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/E. Jones
سنگا پور
اس شہری ریاست کو جنوبی ایشیائی مالیاتی مرکز خیال کیا جاتا ہے۔ یہ غیرملکی افراد کے لیے دنیا کا چوتھا مہنگا ترین شہر سمجھا جاتا ہے۔ سنگا پور میں جینز پینٹ کی اوسط قیمت ایک سو امریکی ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔ یہ قیمت امریکی شہر نیویارک کے مقابلے میں دوگنا ہے۔ سنگا پور میں گاڑیوں کے لیے پیٹرول بھی بہت مہنگا ہے، اور فی لیٹر قیمت دو امریکی ڈالر سے زائد ہے۔
تصویر: picture-alliance/robertharding/G. Hellier
ٹوکیو، جاپان
جاپانی دارالحکومت ٹوکیو کی آبادی نوے لاکھ سے زائد ہے اور یہ اقوام عالم میں دوسرا مہنگا ترین شہر ہے۔ ماہرین کے مطابق جاپانی شہروں میں زندگی بسر کرنے میں قدرے آسانی کی وجہ جاپانی ین کی قدر کا امریکی ڈالر کے مقابلے میں عدم استحکام ہے۔ ٹوکیو میں پچاسی مربع میٹر کے فرنشڈ اپارٹمنٹ کا کرایہ 2700 سے 3500 امریکی ڈالر ( 2300 سے 3000 یورو) تک ہو سکتا ہے۔
تصویر: Reuters/T. Hanai
ہانگ کانگ، خصوصی انتظامی اختیارات کا حامل چینی شہر
سن 2018 میں ہانگ کانگ کو دنیا بھر میں سب سے مہنگے شہر کا درجہ حاصل ہوا ہے۔ اس شہر میں کرائے دنیا میں سب سے زیادہ ہیں اور یہ نئے غیر ملکیوں کے لیے انتہائی پریشانی کا سبب ہے۔ ہانگ کانگ میں کافی کے ایک کپ کی قیمت اور فی لیٹر پٹرول بھی دنیا بھر میں سب سے مہنگا ہے۔ غیر ایشیائی شہروں میں سوئٹزرلینڈ کے بیرن اور زیورچ، چاڈ کا اینجمینا کے علاوہ انگولا کا لوانڈا بھی انتہائی مہنگے شہروں میں شمار کیے جاتے ہے۔