1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا کی بہترین یونیورسٹیاں، امریکا سب سے آگے

امتیاز احمد15 اگست 2013

دنیا کی بیس بہترین یونیورسٹیوں میں سے صرف تین ایسی ہیں، جو امریکا میں نہیں ہیں۔ یورپ کی صرف تین جامعات ٹاپ ٹوئنٹی کی فہرست میں جگہ بنا سکی ہیں۔

Deutschland Bildung Wissenschaft Graduierung der HHL Studenten in Leipzig
تصویر: picture-alliance/dpa

یورپ میں سے بھی دو کا تعلق برطانیہ سے ہے۔ اکیڈمک رینکنگ آف ورلڈ یونیورسٹیز کے مطابق برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی پانچویں اور آکسفورڈ دسویں پوزیشن پر ہے۔ ان کے علاوہ براعظم یورپ میں زیورخ کا سوئس فیڈرل انسٹی ٹیوٹ وہ واحد ادارہ ہے، جو بیسویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔

یہ تازہ ترین درجہ بندی شنگھائی کے ایک تحقیقاتی مرکز کی طرف سے کی گئی ہے۔ یہ ریسرچ سینٹر شنگھائی کی ’جیاؤ ٹونگ‘ یونیورسٹی کا حصہ ہے۔ اس ادارے کی طرف سے یونیورسٹیوں کی سالانہ درجہ بندی کا آغاز سن دو ہزار تین میں کیا گیا تھا۔ تب سے امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی اس درجہ بندی میں پہلے نمبر پر ہے۔

امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی اس درجہ بندی میں پہلے نمبر پر ہےتصویر: Getty Images

دنیا کی پانچ بہترین یونیورسٹیوں میں سٹینفورڈ، برکلے میں یونیورسٹی آف کیلی فورنیا اور میساچوسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی بھی شامل ہیں۔ بہترین دس یونیورسٹیوں میں کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، پرنسٹن، کولمبیا اور شکاگو یونیورسٹی بھی شامل ہیں۔ گزشتہ برس کی درجہ بندی کے مطابق بھی یہی یونیورسٹیاں دنیا کی بہترین جامعات قرار پائی تھیں۔ یونیورسٹیوں کے اس سروے میں ابتدائی طور پر بارہ سو سے زائد یونیورسٹیوں کو شامل کیا جاتا ہے۔ پھر چھ خصوصیات کی بنیاد پر پانچ سو بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست ترتیب دی جاتی ہے۔

فہرست مرتب کرتے ہوئے یہ بھی دیکھا جاتا ہے کہ کسی یونیورسٹی کو کوئی نوبل انعام ملا ہے یا نہیں، سال میں کوئی ادارہ کتنے ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہا، یونیورسٹی میں کام کرنے والے ریسرچرز کی تعداد کیا ہے اور انہوں نے کتنے ریسرچ پیپرز لکھے ہیں۔ ان عوامل کے علاوہ اس بات کا بھی خیال رکھا جاتا ہے کہ معروف سائنسی جریدوں ’نیچر‘ اور ’سائنس‘ میں کسی یونیورسٹی کے ماہرین کے لکھے ہوئے کتنے مضامین شائع ہوئے ہیں۔

ایشیا پیسیفک کے علاقے میں جاپان کی ٹوکیو یونیورسٹی اکیسویں نمبر پر آتی ہے، جاپان ہی کی کیوٹو یونیورسٹی کا نمبر چھبیسواں ہے۔ تاہم چند یورپی حکام نے کہا ہے کہ اس نئی درجہ بندی میں یورپی یونیورسٹیوں کے ساتھ جانبدارانہ برتاؤ کیا گیا ہے۔ شنگھائی کے ریسرچ سینٹر نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔ جیاؤ ٹونگ یونیورسٹی کے پروفیسروں کے مطابق یہ سروے اور اس کے نتائج شفاف اور قابل اعتماد ہیں۔

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں