1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا کی تقریباً 10 فیصد آبادی کورونا وائرس سے متاثر

6 اکتوبر 2020

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ دنیا میں تقریباً ہر دس میں سے ایک شخص کورونا وائرس کے انفیکشن کا شکار ہو سکتا ہے اور ڈبلیوایچ او نے متنبہ کیا کہ آنے والے دن ’سخت‘ ہوں گے۔

Symbolbild I Pflegeheim I Coronavirus
تصویر: Jonas Güttler/dpapicture-alliance

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیوایچ او) نے پیر کے روز بتایا کہ اس کے 'انتہائی محتاط اندازے‘ کے مطابق دنیا میں ہر دس میں سے ایک شخص کورونا وائرس سے متاثر ہو سکتا ہے۔

یہ تعداد موجودہ مصدقہ کیسز کی تعداد سے بیس گنا زیادہ ہے۔ اب تک ساڑھے تین کروڑ سے زیادہ افراد کووڈ 19 سے متاثر ہو چکے ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کے ایمرجنسی آپریشنز کے سربراہ مائیک ریان نے کہا ”ہمارے موجودہ انتہائی محتاط اندازوں سے پتہ چلتا ہے کہ پوری دنیا کی آبادی کا تقریباً 10فیصد اس وائرس سے متاثر ہو سکتا ہے۔"

ڈاکٹر ریان کا مزید کہنا تھا، ”یہ مختلف ملکوں میں مختلف ہو گا، شہروں اور گاؤں میں مختلف ہو گا، مختلف گروپوں میں الگ الگ ہو گا۔ لیکن یہ حقیقت ہے کہ دنیا کی ایک بڑی اکثریت کے لیے اس کا خطرہ برقرار رہے گا۔" ان کا مزید کہنا تھا ”ہم ایک مشکل دور کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ یہ بیماری مسلسل پھیلتی جارہی ہے۔“

ڈاکٹر ریان نے ان خیالات کا اظہار کووڈ 19 پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے والی ڈبلیو ایچ او کی 34 رکنی ایگزیکیوٹیو بورڈ کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے بورڈ سے کہا کہ یہ وبا اب جنوب مشرقی ایشیا کے مختلف حصوں میں پھیل رہی ہے جبکہ یورپ کے کئی حصوں اور مشرقی بحیرہ روم کے خطے میں بھی اس وبامیں اضافہ ہو رہا ہے۔

اپنے عروج کے قریب

یورپ میں حکام کو خدشہ ہے کہ موسم بہار کے دوران ہسپتالوں میں ایک بار پھر اسی طرح کے بھیانک مناظر دیکھنے کو مل سکتے ہیں جیسا کہ اٹلی اوراسپین جیسے ملکوں میں وائرس کی وجہ سے ہسپتالوں کے آئی سی یو یونٹوں میں دیکھنے کو ملے تھے۔

اسپین کے بعض حصوں میں، ہسپتالوں میں ایک بار پھر مریضوں کی بڑی تعداد  کی آمد کی وجہ سے حکام  پریشانی میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

دریں اثنا روس میں پیر کے روز ایک بار پھر کورونا کے نئے کیسز میں اسی طرح کا اضافہ دیکھا گیا جیسا کہ مئی میں دیکھا گیا تھا، تاہم فی الحال اس نے سخت لاک ڈاون کے اقدامات دوبار نافذ نہیں کیے ہیں۔

دوسری طر ف بھارت میں اس وقت دنیا میں یومیہ سب سے زیادہ نئے کیسز درج ہو رہے ہیں۔ بھارت میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

ج ا /  ص ز (روئٹرز، اے پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں