1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دوحہ کانفرنس: این جی اوز کا اثر و رسوخ

3 دسمبر 2012

26 نومبر سے قطر کے دارالحکومت میں جاری ماحولیاتی کانفرنس اب اپنے دوسرے اور آخری ہفتے میں ہے۔ اگرچہ کانفرنس کی کارروائی بند کمروں میں ہو رہی ہے تاہم غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندے پھر بھی بات چیت پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

تصویر: AP

دوحہ کانفرنس میں شرکت کے لیے گئے ہوئے مندوبین میں مارٹن کائیزر بھی شامل ہیں، جو بین الاقوامی ماحولیاتی تنظیم گرین پیس کی جرمن شاخ میں بین الاقوامی ماحولیاتی پالیسیوں کے شعبے کے سربراہ ہیں۔ اگرچہ دوحہ کے کانفرنس سینٹر میں اُن کی سرگرمیاں مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے کے قریب اختتام کو پہنچ جاتی ہیں لیکن یہ ابھی اُن کی دن بھر کی مصروفیات کے ختم ہونے کا وقت نہیں ہوتا۔ ابھی انہیں تحفظ ماحول کے علمبردار دیگر کارکنوں کے ساتھ تبادلہء خیال کرنا ہوتا ہے اور پھر اپنے بلاگ کے لیے ایک آرٹیکل بھی لکھنا ہوتا ہے۔

گرین پیس کے مارٹن کائیزرتصویر: DW/A. Allmeling

جہاں مختلف ممالک کے سرکاری نمائندوں کے درمیان مذاکرات بہت سست رفتاری سے آگے بڑھتے ہیں اور کہیں دوسرے ہفتے میں ان میں تیزی آتی ہے، وہاں دنیا بھر کی سینکڑوں غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں کی مصروفیات پہلے ہفتے سے ہی عروج پر ہوتی ہیں۔ اُن کے لیے ایک ایک لمحہ قیمتی ہوتا ہے۔ کیوں؟ اس کی وضاحت کرتے ہوئے مارٹن کائیزر بتاتے ہیں:’’ایک طرف ہم یہ بات جانتے ہوتے ہیں کہ زمینی درجہء حرارت میں اضافے کو حقیقی معنوں میں روکنے کے لیے ہمیں بہت زیادہ محنت کرنا ہو گی اور دوسری طرف ہم ان کانفرنس سینٹرز میں ہونے والی سرگرمیوں کی سست رفتار کو دیکھ رہے ہوتے ہیں، یہی ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج ہوتا ہے۔‘‘

مارٹن کائیزر اور اُن کے ساتھیوں کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ وہ کانفرنس کے مندوبین کو تحفظ ماحول کے مؤثر اقدامات کے لیے قائل کریں۔ مارٹن کائیزر بتاتے ہیں کہ کئی ایک ملکوں کے سلسلے میں وہ اپنے اس مقصد میں کامیاب بھی رہتے ہیں:’’ایک سو سے زیادہ ممالک ایسے ہیں، جو درحقیقت تحفظ ماحول کے لیے مؤثر اور جامع اقدامات ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں اور جو غیر سرکاری تنظیموں کی طرف سے ملنے والے تعاون پر شکر گزار بھی ہوتے ہیں۔‘‘

دوحہ میں عرب ملکوں پر تحفظ ماحول کے لیے زیادہ مؤثر اقدامات کا مطالبہ کرنے والے عرب نوجوانوں کا جلوستصویر: picture-alliance/dpa

این جی اوز یا غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندے مختلف مندوبین کے ساتھ رابطے کرتے ہیں اور اُن کے ساتھ اعتماد کا ایک رشتہ قائم کرنے کے بعد اُنہیں باقاعدہ شواہد کے ساتھ ماحول کو درپیش خطرات کی سنگینی سے آگاہ کرتے ہیں۔

دوحہ میں بھارتی وفد کی سربراہ میرا مہرشی نے اس طرح کی ماحولیاتی کانفرنسوں میں غیر سرکاری تنظیموں کے کردار کو سراہتے ہوئے بتایا:’’ہمارے کام کے سلسلے میں این جی اوز کا کردار بہت ہی مثبت ہوتا ہے کیونکہ ہم جو کچھ بھی کرتے ہیں، ان کے کارکن اُس کا بہت ہی تنقیدی نظر سے جائزہ لیتے ہیں اور اگر ہم کوئی غلطی کریں تو یہ واپس ہمارے پاس آتے ہیں اور اُس کی نشاندہی کرتے ہیں۔‘‘

کئی ایک ممالک کے وفود خود مختلف این جی اوز کے ساتھ رابطہ کرتے ہیں اور یہ رجحان بھی وقت کے ساتھ ساتھ بڑھتا جا رہا ہے۔ اس رجحان کو ان تنظیموں کے نمائندے اس امر کی ایک واضح علامت قرار دیتے ہیں کہ اس طرح کی کانفرنسوں پر غیر سرکاری تنظیموں کا اثر و رسوخ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔

A.Allmeling/aa/km

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں