1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دورہ بنگلہ دیش: پاکستانی ٹیم میں اجمل واپس، چار کھلاڑی نئے

طارق سعید، لاہور3 اپریل 2015

پاکستانی ٹیم میں سٹار آف اسپنر سعید اجمل اور اوپنر محمد حفیظ کی واپسی ہوئی ہے جبکہ چار نئے کرکٹرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔ زخمی فاسٹ باؤلرز عمرگل اور جنید خان بھی فٹ ہو کر سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

پاکستانی ٹیم کے ٹیسٹ کپتان مصباح الحقتصویر: DW/T.Saeed

عمر اکمل اور احمد شہزاد ون ڈے ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں۔ البتہ یونس خان کو ایک روزہ میچوں میں آرام کی غرض سے شامل نہیں کیا گیا۔

ٹیم کا اعلان ورلڈکپ میں ناکامی کے بعد قائم کی گئی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون رشید نے جمعہ تین اپریل کی سہ پہر قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کیا۔ اس موقع پر دیگر سلیکٹرز کبیر خان، سلیم جعفراوراظہرخان بھی موجود تھے۔ سلیکٹرز نے تینوں فارمیٹس کے لیے مجموعی طور پر 26 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا۔

انڈر 19 ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم اور اوپنر سمیع اسلم کو پہلی بار پاکستانی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ پشاور کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان ون ڈے اور ان کے ہمراہ سیالکوٹ کے جارحانہ اوپنر مختار احمد پہلی بار پاکستان کی ٹوئنٹی ٹوئنٹی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ چاروں نئے کرکٹرز کی شمولیت کے بارے میں چیف سلیکٹر ہارون رشید کا کہنا تھا کہ اب پاکستان کی نظریں اگلے ورلڈکپ پر لگی ہوئی ہیں۔ نئے کھلاڑیوں کی آمد سے ٹیم میں ایک نئی حرارت آئے گی اور ڈریسنگ روم کا ماحول بہتر ہوگا۔

شاہد آفریدی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان ہوں گےتصویر: AP

دورہ بنگلہ دیش کی ابتدا پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سترہ اپریل کو ڈھاکہ میں تین ون ڈے میچوں کی سیریز سے کرنا ہے۔ مصباح الحق اور شاہد آفریدی کے ایک روزہ کرکٹ کو خیرباد کہہ دینے کے بعد ٹاپ آرڈر بیٹسمین اظہرعلی اس ون ڈے سیریز میں پاکستان کی قیادت کریں گے۔

عمر اکمل کو تینوں فارمیٹس کی ٹیموں سے باہر کر دیا گیا ہے۔ احمد شہزاد بھی ون ڈے اور ٹیسٹ میچوں میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں ناکام رہے۔ وہ البتہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ ہیں۔ اس بارے میں ہارون رشید کا کہنا تھا کہ آئندہ کسی قسم کے نظم وضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ہر کھلاڑی کو بے لوث ہو کر کھیلنا پڑے گا۔ ’’ہم نے اس سلیکشن سے کھلاڑیوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ سب سے پہلے پاکستان ہوگا۔‘‘ عمر اکمل اور احمد شہزاد کو ڈراپ کرنے میں ان کی ورلڈکپ میں کارکردگی کے ساتھ ساتھ ان کے رویوں کو بھی پیش نظر رکھا گیا ہے۔ یہ کھلاڑی ٹیم سے مستقل باہر نہیں ہوئے تاہم ان کو اپنی خامیوں پر قابو پانا ہوگا۔

اپنا باؤلنگ ایکشن کلیئر ہونے کے بعد آف اسپنر سعید اجمل کو ٹیسٹ ون ڈے اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی تینوں فارمیٹس کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر کے مطابق سعید اجمل ہی ٹیم کے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے دوران سرکردہ اسپنر ہوں گے۔ فاسٹ باؤلر جنید خان، جو ہیمسٹرِنگ انجری کے باعث ورلڈ کپ نہیں کھیل سکے تھے، ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی دونوں ٹیموں میں شامل ہیں۔ عمر گل اور سہیل تنویر کی بھی ٹوئنٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ ہارون رشید کے بقول اگلے سال ورلڈ کپ سر پر ہونے کی وجہ سے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ہارون رشید کا کہنا تھا کہ ٹیم کا انتخاب سلیکشن کمیٹی نے ہر قسم کے دباؤ سے ماورا ہو کرکیا ہے۔ تینوں کپتانوں مصباح الحق ٹیسٹ، اظہرعلی ون ڈے اور شاہد آفریدی ٹوئنٹی ٹوئنٹی سے مشاورت ضرور کی گئی مگر تمام فیصلے سلیکٹرز نے آزادانہ طور پر کیے۔

تینوں فارمیٹس کی ٹیموں کے لیے کھلاڑیوں کے نام:

سعید اجمل کو تینوں فارمیٹس کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا ہےتصویر: Marwan Naamani/AFP/Getty Images

ٹیسٹ ٹیم: مصباح الحق کپتان، اظہرعلی نائب کپتان، بابر اعظم ، سمیع اسلم، اسد شفیق، یونس خان، حارث سہیل، سعید اجمل، یاسرشاہ، ذوالفقار بابر، سرفراز احمد، وہاب ریاض، جنید خان، سہیل خان اور راحت علی۔

ون ڈے ٹیم: اظہر علی کپتان، سرفرزا احمد نائب کپتان، سمیع اسلم، محمد حفیظ، اسد شفیق، فواد عالم، محمد رضوان، حارث سہیل، صہیب مقصود، سعید اجمل، یاسر شاہ، وہاب ریاض، راحت علی، احسان عادل اور سہیل خان۔

ٹی ٹوئنٹی ٹیم: شاہد آفریدی کپتان، سرفراز احمد نائب کپتان، احمد شہزاد، محمد حفیظ، مختار احمد، صہیب مقصود، حارث سہیل، محمد رضوان، سعید اجمل، سہیل تنویر، سعد نسیم ، وہاب ریاض، سہیل خان، عمر گل اور جنید خان۔

پاکستانی ٹیم کو بنگلہ دیش میں دو ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کی سیریز کھیلنا ہے۔ ٹیم کی روانگی 13 اپریل کو متوقع ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں