دورہ سری لنکا، پاکستان فیورٹ ہے
28 مئی 2012اس وقت ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی عالمی رینکنگ پانچ اور سری لنکا کی چھ ہے ۔ ایک روزہ کرکٹ میں معاملہ اس کے باکل الٹ ہے جبکہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی درجہ بندی پانچ اور سری لنکا کی تین ہے۔ اسی لیے پاکستان کی ٹوئنٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نئے کپتان محمد حفیظ سری لنکا کے خلاف سخت مقابلے کی پیش گوئی کرتے ہیں۔
روانگی سے قبل حفیظ نے بتایا کہ پاکستان اور سری لنکا دونوں کی حالیہ کارکردگی اچھی رہی ہے اور اس سیریز میں بھی زبر دست مقابلہ ہوگا۔ حفیظ کے بقول پاکستانی ٹیم میں آفریدی جیسے تجربہ کار اور خالد لطیف جیسے ہونہار کھلاڑی شامل ہیں اور تجربے کے ساتھ نیا خون شامل ہونے سے ٹیم اچھے نتائج دے گی۔
سری لنکن ٹیم کے کپتان مہیلا جے وردنے اور کمار سنگا کارا سمیت بیشتر کھلاڑی آئی پی ایل کا طویل اور تھکا دینے والا سیزن کھیلنے کے بعد اس سیریز میں شرکت کر رہے ہیں۔ پاکستان نے امسال مارچ میں ایشیا کپ جیتنے کے بعد سے کوئی بین الاقوامی میچ نہیں کھیلا، ون ڈے اور ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کے مطابق یہ وقفہ پاکستان ٹیم کے مفاد میں رہے گا۔
مصباح کے مطابق طویل عرصے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کو کچھ وقت اہل خانہ کے ساتھ گزارنے کا موقع ملا ہے۔ اس لیے اب وہ تازہ دم ہوکر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
سری لنکا کے خلاف پاکستان کا ریکارڈ تینوں طرز کی کرکٹ میں قابل فخر ہے۔ پاکستان کو میزبان ملک کے خلاف کھیلے گئے چالیس میں سے سولہ ٹیسٹ، ایک سو ستائیس میں سے چھہتر ون ڈے اور سات میں سے پانچ ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچز جیتنے کا اعزاز حاصل ہے اور مصباح اس روایت کو برقرار رکھنے کے لیے پراعتماد دکھائی دیتے ہیں۔
اڑتیس سالہ مصباح الحق نے امید ظاہر کی کہ گز شتہ سیریز میں کامیابی اور ماضی کے عمدہ ریکارڈ کی وجہ سے پاکستان کو سری لنکا کے خلاف نفسیاتی برتری حاصل ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے سری لنکا کو تینوں طرز کی کرکٹ میں آٹھ ماہ قبل متحدہ عرب امارات میں ہرا دیا تھا۔ آف اسپنر سعید اجمل اٹھارہ وکٹیں لیکر اس جیت کا مرکزی کردار ٹھہرے تھے ۔ موجودہ دورے میں بھی انہیں پاکستان کا ٹرمپ کارڈ قرار دیا جارہاہے۔
سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے جو انیس چورانوے میں سری لنکا کو سری لنکا میں ہی مات دینے والی پاکستان ٹیم میں شامل تھے۔ ریڈیو ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ پاکستانی ٹیم سری لنکا سے زیادہ مضبوط ہے اور اصل امتحان ڈیو واٹمور کی کوچنگ کا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ واضح کر دے گا کہ واٹمورکی نظر مستقبل پر ہے یا وہ وقتی کامیابیاں سمیٹنا چاہتے ہیں۔
اس دورے کے ساتھ تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان ٹیسٹ ون ڈے اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی میں الگ الگ ٹیموں کا تجربہ کر رہا ہے۔ سعید اجمل ، حفیظ اور عمر گل کے علاوہ محمد سمیع ہی وہ کھلاڑی ہیں، جو تینوں طرز کی کرکٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ پاکستانی ٹیم اس دورے میں تین ٹیسٹ اور پانچ ون ڈے میچز کی سیریز سے قبل دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔
رپورٹ: طارق سعید، لاہور
ادارت: امتیاز احمد