1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دوستانہ فٹ بال میچ: جرمنی نے ایکواڈور کو شکست دے دی

30 مئی 2013

جرمنی نے ایکواڈور کو ایک دوستانہ فٹ بال میچ میں شکست دے دی ہے۔ یہ مقابلہ بدھ کو امریکی ریاست فلوریڈا میں ہوا، جس میں جرمنی دو کے مقابلے میں چار گول سے فاتح رہا۔

تصویر: picture-alliance/dpa

اس میچ کا پہلا گول کھیل کے دسویں ہی سیکنڈ میں ہو گیا جو فٹ بال کی تاریخ میں مختصر ترین وقت میں گول اسکور کیے جانے کا ایک ریکارڈ ہے۔

یہ گول جرمنی کے فارورڈ کھلاڑی لوکاس پوڈولسکی نے کیا۔ واضح رہے کہ پوڈولسکی کو جرمن قومی ٹیم میں پہلے گیارہ کھلاڑیوں میں جگہ بنانے میں کچھ مشکل رہی ہے لیکن ایکواڈور کے خلاف میچ میں ریکارڈ ساز گول کے ذریعے انہوں نے ٹیم میں اپنی موجودگی کا زبردست طریقے سے احساس دلایا۔

کھیل شروع ہی ہوا تھا کہ پوڈولسکی نے پلک جھپکتے ہی ایکواڈور کے سینٹرل دفاعی کھلاڑی گابریئل آخیلیئر سے بال چھینی اور ماکسیمو بانگیورا کو چکما دیتے ہوئے گول کر ڈالا۔

کھیل کے چوبیسویں منٹ تک جرمنی کی جانب سے بائر لیور کوزن کے لارس بینڈر اور پوڈولسکی نے دو دو گول کر کے مجموعی اسکور چار کر دیا تھا۔ یوں دنیا کی دوسرے نمبر کی ٹیم نے دسویں نمبر کی ٹیم ایکواڈور کو کھیل کی ابتدا میں ہی ہلا کر رکھ دیا تھا۔

پوڈولسکی اور یوآخم لووتصویر: picture alliance/augenklick/GES

اس کے بعد جرمن کھلاڑی کوئی گول نہ کر سکے جبکہ ایکواڈور کے کھلاڑی دو گول کرنے میں کامیاب رہے۔

بعدازاں جرمن ٹیم کے کوچ یوآخم لوو نے اے آر ڈی ٹیلی وژن سے گفتگو میں کہا: ’’میں جانتا ہوں کہ ٹیم میں پندرہ یا بیس سے زائد کھلاڑیوں کی ضرورت ہے۔ یہ میچ نوجوانوں کے لیے تجربہ حاصل کرنے کا بہترین موقع ہیں۔ انہوں نے پہلے ہاف میں زبردست کارکردگی دکھائی۔‘‘

کھیل کے اختتام پر پوڈولسکی کا کہنا تھا: ’’ہم کھیل کے آغاز سے ہی دباؤ قائم کرنا چاہتے تھے۔ میں کچھ خوش قسمت رہا (پہلے گول کے ساتھ) اور خوش بھی کہ گول ہو گیا۔ ہم نے پہلے ہاف میں بہت اچھا کھیل پیش کیا لیکن آپ نے دوسرے ہاف میں دیکھا کہ ایکواڈور ایک اچھی ٹیم ہے۔‘‘

اب جرمنی اتوار کو امریکا کے خلاف واشنٹگن میں ایک میچ کھیلے گا۔ امریکی ٹیم کے کوچ یورگن کلینزمن ہیں جو 2006ء میں جرمن ٹیم کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔

ng/ai(dpa)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں