1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستفرانس

دوسری عالمی جنگ کے بعد مصالحت: ایلیزے ٹریٹی کے ساٹھ سال

22 جنوری 2023

دوسری عالمی جنگ کے بعد جرمنی اور فرانس کے مابین مصالحت کے نتیجے میں طے پانے والے معاہدے ’ایلیزے ٹریٹی‘ کو ساٹھ برس ہو گئے ہیں۔ اس موقع پر فرانسیسی صدر اور جرمن چانسلر نے مل کر یورپی مستقبل کی تشکیل کا عہد بھی دہرایا۔

60. Jubiläum des Élysée-Vertrags | Frankreich, Paris | Olaf Scholz und Emmanuel Macron
تصویر: Michael Kappeler/dpa/picture alliance

دوسری عالمی جنگ کے دوران نازی جرمنی نے فرانس پر بھی قبضہ کر لیا تھا۔ جنگ کے خاتمے کے 18 سال بعد اس دور کے وفاقی جرمن چانسلر کونراڈ آڈےناؤر اور فرانسیسی صدر چارلس ڈیگال نے دونوں ممالک کے مابین ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر مصالحت اور قریبی تعاون کو یقینی بنانے والے جس معاہدے پر دستخط کیے تھے، وہ 'ایلیزے ٹریٹی‘ کہلاتا ہے۔

جرمن فرانسیسی تعلقات نوجوانوں کی نظر میں، ایک دلچسپ سروے

اس معاہدے پر دستخط 1963ء میں  کیے گئے تھے اور آج اس کے 60 برس پورے ہو جانے کے موقع پر موجودہ جرمن چانسلر اولاف شولس پیرس میں فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کے مہمان تھے۔

ان دونوں رہنماؤں نے اس موقع پر اپنی تقریروں میں ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ جرمنی اور فرانس، جو یورپی یونین کی بڑی معیشتیں ہیں اور مشترکہ طور پر یورپی اتحاد کے عمل کا انجن بھی کہلاتے ہیں، یورپی مستقبل کی تعمیر و تشکیل کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔

جرمن فرانسیسی مصالحت اور ایلیزے ٹریٹی کے ساٹھ سال: پیرس منعقدہ تقریب کا ایک منظرتصویر: Michael Kappeler/dpa/picture alliance

صدر ماکروں کا خطاب

اس موقع پر دونوں ہمسایہ ممالک کے قومی پارلیمانی اداروں کی ایک مشترکہ تقریب بھی ہوئی۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فرانسیسی صدر ماکروں نے کہا، ''اپنی مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھاتے ہوئے ہمارے دونوں ممالک کو مل کر ابھی اور بہت سا کام کرنا ہے تاکہ ہم زیادہ خود مختار، زیادہ متحدہ اور زیادہ جمہوری یورپ کی تشکیل کو یقینی بنا سکیں۔‘‘

یورپی یونین کی ششماہی صدارت اب سویڈن نے سنبھال لی

پیرس ميں منعقدہ تقریب سے اپنے خطاب میں فرانسیسی صدر نے برلن اور پیرس کے مابین اب عشروں پر محیط انتہائی قریبی نوعیت کے تعاون اور افہام و تفہیم کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ''آج کسی بھی فرانسیسی کے لیے جرمنی کا ذکر کرنا ایسا ہی ہے جیسے وہ اپنی ہی ذات کے ایک حصے کے بارے میں بات کر رہا ہو۔‘‘

صدر ماکروں کے الفاظ میں، ''آج کا فرانس اور جرمنی ایسے ہی ہیں، جیسے ایک ہی سینے میں دو دل، آج ہماری حیثیت بالکل ایسی ہی ہے۔‘‘

کروشیا نے یورو کو اپنی کرنسی کے طور پر اپنا لیا

فرانسیسی صدر (دائیں طرف سے پہلے) جرمن چانسلر شولس کے ہمراہ، ساتھ بنڈس ٹاگ کی خاتون اسپیکر اور فرانسیسی قومی اسمبلی کی اسپیکر (بائیں) بھی کھڑی ہیںتصویر: Michael Kappeler/dpa/picture alliance

چانسلر شولس کا فرانسیسی میں جواب

صدر ماکروں کی تقریر کے جواب میں جرمن چانسلر شولس نے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فرانسیسی صدر کا شکریہ ادا کیا اور کہا، ''بہت شکریہ، جناب صدر! میں اپنے دل کی گہرائیوں سے آپ کا شکر گزار ہوں۔‘‘ چانسلر شولس نے صدر ماکروں کو مخاطب کرتے ہوئے یہ الفاظ دوستی اور قربت کے جذبات کے اظہار کے طور پر فرانسیسی زبان میں کہے۔

یورپی یونین کے سالانہ بجٹ میں جرمنی کا حصہ: ریکارڈ پچیس بلین یورو

چانسلر شولس نے کہا، ''میں صرف آپ کا ہی نہیں، بلکہ اس دوستی کے لیے اپنے تمام فرانسیسی بھائیوں اور بہنوں کا بھی شکر گزار ہوں۔‘‘

اولاف شولس کے مطابق، ''یورپ کو زیادہ سے زیادہ خود مختار بنانے کی ضرورت ہے اور جرمنی اور فرانس دونوں ہی مل کر اس مقصد کے لیے مصروف عمل ہیں۔‘‘

م م / ع س (ڈی پی اے، اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں