1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دوسرے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ ہار گیا

عابد حسین2 نومبر 2013

متحدہ عرب امارت میں کھیلی جانے والی پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقی ٹیم کو 66 رنز سے شکست دے کر سیریز کو ایک ایک سے برابر کر دی ہے۔

تصویر: dapd

پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ دوسرا ایک روزہ میچ متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ پاکستانی ٹیم پچاسویں اوور میں 209 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ احمد شہزاد نے پاکستانی ٹیم کی اننگز میں سب سے زیادہ اسکور کیا۔ وہ نصف سینچری بنا کر آؤٹ ہوئے۔ وہ 58 رنز بنا سکے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی پوری اننگز میں احمد شہزاد کی طرح کوئی اور مناسب اور اسکور کو سنبھالنے والی اننگ سامنے نہ آ سکی۔

پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد کے علاوہ محمد حفیظ 26، مصباح الحق 25 اور شاہد آفریدی 26 کے اسکور کے ساتھ نمایاں رہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے فاسٹ بولر مورنی مورکل نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ سب سے کامیاب بولر ریان میکلارن رہے۔ میکلارن نے چار پاکستانی کھلاڑیوں کو پیویلین کی راہ دکھائی۔ تجزیہ کاروں کا خیال تھا کہ جنوبی افریقہ کی مضبوط بیٹنگ لائن کے سامنے 209 کا ٹارگٹ مشکلات کا باعث نہیں بن سکتا۔ لیکن ایسا نہیں ہوا اور جنوبی افریقی ٹیم ٹارگٹ کے حصول سے قبل ڈھیر ہو گئی۔  پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا بھی کہنا تھا کہ دبئی کے گراؤنڈ پر 200 سے زائد اسکور کا ہدف مشکلات سے عبارت ہوتا ہے۔

سعید اجمل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیاتصویر: DW

جنوبی افریقی ٹیم نے ٹارگٹ کا تعاقب کوئی بہتر انداز میں نہیں کیا۔ اوپننگ بیٹسمین کولن اِنگرام دوسرے اوور میں محمد عرفان کا شکار بنے۔ بعد میں پاکستان کے اسپنرز سعید اجمل، شاہد آفریدی اور محمد حفیظ نے جنوبی افریقی بلے بازوں کو وکٹ پر جمنے نہیں دیا۔ شاہد آفریدی، تین، سعید اجمل دو اور حفیظ ایک کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ اس دوران جب جب فاسٹ بولر محمد عرفان کو بولنگ کا موقع ملا وہ بھی وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ عرفان بھی تین کھلاڑیوں کی وکٹیں حاصل کر سکے۔ پوری جنوبی افریقی ٹیم اکتالیسویں اوور میں 143 اسکور بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

شاہد آفریدی کو میچ کے دوران آل راؤنڈ پرفارمنس پر بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس سے قبل پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستانی ٹیم ایک رن سے ہار گئی تھی۔ جمعے کے روز میچ جیت کر اب پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی ہے۔ اگلے دو میچ ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔ تیسرا ایک روزہ میچ چھ نومبر کو ہو گا۔ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے بعد دو ٹی ٹوئنٹی میچ بھی کھیلے جائیں گے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں