دونوں کوریاؤں کے سربراہی اجلاس کی تجویز، کِم جونگ اُن متفق
6 مارچ 2018
شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ اُن نے جنوبی کوریائی سفارت کاروں کے ایک خصوصی وفد کی میزبانی کی ہے۔ انہوں نے دونوں ہمسایہ مگر حریف ریاستوں کے مجوزہ سربراہی اجلاس سے اتفاق بھی کیا ہے۔
اشتہار
شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ اُن نے شمالی اور جنوبی کوریا کے سربراہوں کے اجلاس کی تجویز سے اتفاق کیا ہے۔ یہ تجویز جنوبی کوریا کے ایک خصوصی وفد کے دورہ پیونگ یانگ کے دوران پیش کی گئی ہے۔ اس دورے کا مقصد دونوں ہمسایہ ریاستوں کے تعلقات میں بہتری لانا ہے۔
شمالی کوریا کی نیوز ایجنسی KCNA کے مطابق کِم جونگ اُن نے پیر کی شب عشائیے کے موقع پر قومی یکجہتی کے حوالے سے ایک نئی تاریخ رقم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
شمالی اور جنوبی کوریا کے تعلقات میں حالیہ چند ہفتوں کے دوران بہتری کے آثار دیکھنے میں آئے ہیں۔ گزشتہ ماہ جنوبی کوریا میں ہونے والے سرمائی اولمپکس کے دوران شمالی کوریا کے اعلیٰ سطحی وفود کی شرکت اس سلسلے کی ایک اہم کڑی تھی۔ ان اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے والے وفد کی سربراہی شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ اُن کی بہن نے کی تھی۔ 1953ء کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ کِم خاندان کے کسی شخص نے جنوبی کوریا کا دورہ کیا۔
جنوبی کوریا کے پانچ سینیئر سفارت کار پیر پانچ مارچ کو شمالی کوریائی دارالحکومت پیونگ یانگ پہنچے۔ ان میں جنوبی کوریائی صدر مون جے اِن کے سینیئر سکیورٹی ایڈوائزر چُنگ اوئی یونگ بھی شامل ہیں جو اس خصوصی وفد کی سربراہی بھی کر رہے ہیں۔ اس وفد نے گزشتہ روز ہی شمالی کوریا کے سربراہ کِن جونگ اُن سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ہمسایہ ریاستوں اور امریکا کے ساتھ مذاکرات کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔
کِم جونگ اُن نے 2011ء میں اقتدار سنبھالا تھا اور یہ پہلا موقع تھا کہ انہوں نے جنوبی کوریا کے کسی اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی۔ دونوں کوریاؤں کی مجوزہ سربراہی ملاقات کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت کی سیؤل حکومت کی طرف سے بھی تصدیق کی گئی ہے۔
سرمائی اولمپکس کی اختتامی تقریب، رنگوں اور روشنیوں سے مزیّن
جنوبی کوریا میں رواں ماہ کی نو تاریخ سے سجنے والا سرمائی اولمپکس کا میلہ آج پچیس فروری کو اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے۔ ونٹر اولمپک مقابلوں کی اختتامی تقریب کی چند جھلکیاں ان تصاویر میں ملاحظہ کیجیے۔
تصویر: Reuters/K. Hong-Ji
ایوانکا ٹرمپ اختتامی تقریب میں شامل
جنوبی کوریا کے پیانگ چنگ اولمپک اسٹیڈیم میں سرمائی اولمپکس کی اختتامی تقریب آتش بازی کے مظاہرے اور رنگا رنگ پروگراموں کے ساتھ منعقد ہوئی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحب زادی اور وائٹ ہاؤس کی سینئر مشیر ایوانکا ٹرمپ کو تقریب سے لطف اندوز ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
تصویر: Reuters/P. Semansky
ٹیمیں ملکی پرچم کے ساتھ
اس برس ونٹر اولمپکس میں حصہ لینے والی ٹیمیں کھیلوں کے اختتام پر اپنے اپنے ملکوں کے پرچم اٹھائے اختتامی تقریب میں شامل ہوئيں۔
تصویر: Reuters/K. Hong-Ji
آتش بازی کا مظاہرہ
اولمپکس کے اختتام پر آتش بازی کے مظاہرے بھی ہوئے۔ اس تصویر میں آسمان پر آتش بازی کے خوبصورت رنگ بکھرے دیکھے جا سکتے ہیں۔
تصویر: Reuters/P. Kopczynski
بچے کسی سے کم نہیں
سرمائی اولپمکس کی اختتامی تقریب کو چار چاند اس وقت لگے جب جنوبی کوریائی بچوں کے مختلف گروپوں نے طرح طرح کی پرفارمنس کے ذریعے دیکھنے والوں کے دل جیت لیے۔
تصویر: Reuters/J. Sibley
فنکار بھی آگے آگے
آج پچیس فروری کو جنوبی کوریائی شہر پیونگ چنگ میں اختتام پذیر ہونے والے سرمائی اولپکس کی آخری دن کی تقریبات میں وہاں کے مقامی فنکاروں نے بھی اپنے فن کے جوہر دکھائے۔
تصویر: Reuters/J. Sibley
پورا نظارہ
موسم سرما کے اولمپک کھیلوں کا اختتامی پروگرام کتنا شاندار رہا، یہ اندازہ دور سے لی گئی اس تصویر سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔
تصویر: Reuters/P. Kopczynski
متحد کوریائی ٹیم
اختتامی تقریب میں جنوبی و شمالی کوریائی ایتھلیٹس پر مشتمل ٹیم کا وفد بھی اسٹیڈیم میں آیا۔
تصویر: Reuters/K. Pfaffenbach
ایتھلیٹس پریڈ
اختتامی پروگرام کا ایک دلچسپ حصہ سرمائی اولپمکس میں شمولیت حاصل کرنے والی تمام ٹیموں کا اسٹیڈیم سے مارچ کرتے ہوئے گزرنا تھا۔ ان کھلاڑیوں نے اپنے ملک کے جھنڈے بھی اٹھا رکھے تھے۔