دو ’سٹوڈنٹ آسکر‘ جرمن نوجوانوں کے نام
9 جون 2014
دونوں نے اپنے یہ اعزازات ہفتہ سات جون کو امریکی شہر لاس اینجلس میں اکتالیس ویں سٹوڈنٹ اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب تقسیم میں وصول کیے۔
رُف نے فلم ’نوسیبو‘ میونخ کی ٹی وی اور فلم یونیورسٹی HFF میں اپنے تعلیم کے آخری سال کی اسائنمنٹ کے طور پر تیار کی۔ چالیس منٹ دورانیے کی اس فلم میں ایک نئی دوا کے تجربے کو موضوع بنایا گیا ہے تاہم یہ تجربہ کنٹرول سے باہر ہو جاتا ہے جبکہ ایک مریض کے موت کے منہ میں چلے جانے کے بعد فلم کا ہیرو بھی اپنی اور تجربے میں شریک دیگر لوگوں کو بچانے کے لیے ہسپتال سے بھاگ نکلتا ہے۔ لینارٹ رُف کی اس فلم کا مرکزی موضوع یہ ہے کہ تہ و بالا نفسیاتی حالت میں بھی محبت ہمیشہ ایک حقیقی جذبے کے طور پر موجود رہتی ہے۔
اکیڈمی ایوارڈز کے لیے نامزدگی پر لاس اینجلس کی آسکر اکیڈمی کی جانب سے ٹیلیفون آنے کی روئیداد سناتے ہوئے رُف نے ڈوئچے ویلے کے گیرہارڈ براک کو بتایا تھا:’’مجھے ابھی بھی یاد ہے، جب مجھے فون آیا تو بدن میں خون جیسے ٹھاٹھیں مارنے لگا، میرا ہاتھ سرخ ہو گیا اور میری گرل فرینڈ نے کہا، تمہارا تو پورا جسم سرخ ہو رہا ہے۔ اگر مجھے یہ ایوارڈ ملا تو پھر نہ جانے میرا ردعمل کیا ہو گا۔‘‘
ایوارڈ ملنے کے بعد نیوز ایجنسی اے ایف پی سے باتیں کرتے ہوئے رُف نے کہا، ’ایسا لگتا ہے کہ مَیں کوئی خواب دیکھ رہا ہوں‘۔ رُف نے کہا کہ طلائی تمغہ حاصل کرنے سے زیادہ اہم چیز وہ توجہ ہے، جو اس سٹوڈنٹ آسکر کے ذریعے ہدایتکار کے طور پر اُسے ملی ہے۔
رُف میونخ کی یونیورسٹی میں فیچر فلم کی ڈائریکشن کے طالبعلم رہے۔ فیچر فلم پڑھانے والے ایک اُستاد پروفیسر ٹوبیاز ہُوبر کے مطابق اس یونیورسٹی میں تعلیم کے دوران طالبعلموں کو قدم قدم پر فلمی دنیا کی بڑی بڑی شخصیات کو دیکھنے اور ان سے میل ملاقات کا موقع ملتا ہے اور یہ کوئی اتفاقیہ امر نہیں ہوتا بلکہ یونیورسٹی کی پالیسی میں شامل ہے:’’ہمارے سرپرست پروگرام کا بنیادی خیال ہی یہی ہے کہ بہترین لوگوں سے سیکھا جائے۔ مثلاً اس فلم کے سلسلے میں بی بی سی کے ایک ایڈیٹر اور معروف جرمن فلم ڈائریکٹر مارک روتھے مُنڈ نے مکمل تعاون اور رہنمائی فراہم کی۔ ہم ظاہر ہے، امید کر رہے ہیں کہ اس پروگرام کے تحت ہم مزید بڑی کامیابیاں حاصل کریں گے۔‘‘
لینارٹ رُف سے پہلے بھی اس یونیورسٹی کے دو طالبعلم بین الاقوامی اعزازات جیت چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ 2007ء میں ’دی لائف آف اَدرز‘ کے لیے بہترین غیر ملکی فلم کا آسکر ایوارڈ جیتنے والے فلوریان ہینکل فان ڈونرزمارک اور 2003ء میں ’نو ویئر اِن افریقہ‘ کے لیے یہی اعزاز پانے والی خاتون فلم ڈائریکٹر کارولینے لِنک نے بھی اسی یونیورسٹی سے فلم کی تعلیم حاصل کی تھی۔
میونخ کی ٹی وی اور فلم یونیورسٹی کو داخلے کے خواہشمند طلباء کی جانب سے ہر سال سینکڑوں درخواستیں موصول ہوتی ہیں، جن میں سے ہر سال تیس نوجوانوں کو چُنا جاتا ہے۔ اِن میں سے دَس طلباء کو سینما اور فیچر فلم کے شعبے کے لیے منتخب کیا جاتا ہے۔
بہترین غیر ملکی فلم کے شعبے میں دوسرا انعام یعنی چاندی کا تمغہ اسرائیلی ہدایتکارہ حاداس آجالون کے حصے میں آیا، اُن کی فلم ’پیرس آن دی واٹر‘ کے لیے۔ پیٹر باؤمان کی صورت میں تیسری پوزیشن اور یوں کانسی کا تمغہ بھی ایک جرمن نوجوان نے جیتا، فلم ’بارڈر پیٹرول‘ کے لیے۔ جب باؤمان نے 2012ء میں یہ فلم بنائی تو تب وہ ابھی برطانیہ کی لیڈز یونیورسٹی میں پڑھ رہا تھا۔
سونے، چاندی اور کانسی کے سٹوڈنٹ آسکر جیتنے والے ان تینوں نوجوان فلم ڈائریکٹرز کو اب ایک ہفتے تک ہالی وُڈ میں گھومنے پھرنے، مختلف اسٹوڈیوز میں شوٹنگ دیکھنے اور ہالی وُڈ کی مختلف شخصیات کے ساتھ مل بیٹھنے کے مواقع ملیں گے۔
اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز کی جانب سے یہ ایوارڈ دینے کی روایت 1972ء سے چلی آ رہی ہے اور اس ایوارڈ کو بڑے آسکر ایوارڈ کا ’چھوٹا بھائی‘ کہا جاتا ہے۔ یہ ایوارڈ پانچ شعبوں میں سونے، چاندی اور کانسی کے تمغوں کی صورت میں دیا جاتا ہے۔ پانچ میں سے ایک شعبہ غیر ملکی فلم کا ہوا کرتا ہے۔