1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دھماکوں کا ذمہ دار کون، پتہ لگا لیں گے: اوباما

16 اپریل 2013

امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ واشنگٹن انتظامیہ ابھی یہ نہیں جانتی کہ بوسٹن میراتھن میں دھماکوں کے لیے کون ذمہ دار ہے۔ تاہم انہوں نے ذمہ داروں کو ’کیفر کردار‘ تک پہنچانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

US-Präsident Barack Obama nach Anschlag in Boston
تصویر: Reuters

باراک اوباما نے بوسٹن دھماکوں کے بعد وائٹ ہاؤس کے بریفنگ روم سے ایک مختصر نشریاتی بیان جاری کیا، جس میں ان کا مزید کہنا تھا: ’’ہم اس کی جڑ کا پتہ لگائیں گے۔ ہم پتہ لگا لیں گے کہ یہ کس نے کیا۔ ہم پتہ لگا لیں گے کہ انہوں نے یہ کیوں کیا۔‘‘

وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے کہا کہ اس واقعے کو دہشت گردی کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہےتصویر: Reuters

امریکی شہر بوسٹن میں پیر کو میراتھن ریس کے دوران دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور ایک سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ ان دھماکوں کے ردِ عمل میں اوباما نے مزید کہا: ’’ابھی ہمارے پاس تمام سوالوں کے جواب نہیں ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا: ’’ہمیں ابھی تک پتہ نہیں کہ یہ کس نے اور کیوں کیا۔‘‘

انہوں نے اس یقین کا اظہار بھی کیا کہ یہ دھماکے ایک منصوبے کے تحت کیے گئے تاہم انہوں نے اسے دہشت گردی کی کارروائی قرار نہیں دیا۔ اوباما نے زور دیا کہ جلد بازی میں نتائج کا تعین نہ کیا جائے۔ تاہم اے پی کے مطابق بعدازاں وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے کہا کہ اس واقعے کو دہشت گردی کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔

امریکی صدر نے کہا: ’’(اس کے) ذمہ دار کوئی بھی افراد، کوئی بھی ذمہ دار گروپ، انصاف کی پکڑ محسوس کریں گے۔‘‘

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق باراک اوباما کا یہ بیان بوسٹن دھماکوں کا فوری ردِ عمل ہے۔ قبل ازیں ان پر بعض واقعات پر سست ردِ عمل ظاہر کرنے کے الزامات لگائے جا چکے ہیں۔ ان واقعات میں ان کی پہلی مدتِ صدارت کے دوران یورپ سے ڈیٹرائٹ جانے والے ایک طیارے کو بم سے اڑانے کی کوشش بھی شامل ہیں۔

واشنگٹن اور نیویارک میں بھی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہےتصویر: picture alliance/AP Photo

بوسٹن کے دھماکوں کے لیے ردِ عمل پر مبنی ان کا نشریاتی خطاب پندرہ منٹ تک جاری رہا۔ قبل ازیں ایف بی آئی کے ڈائریکٹر رابرٹ میولر اور سیکرٹری برائے داخلی سلامتی جینیٹ نیپولیتانو نے انہیں اس حوالے سے بریفنگ دی۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق اوباما نے دھماکوں کے تین گھنٹے بعد یہ بیان جاری کیا جبکہ وہ قانون نافذ کرنے والے وفاقی اداروں اور میساچوسٹس کے حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

دوسری جانب دھماکوں کے مقام پر نو فلائی زون نافذ کیا جا چکا ہے جبکہ اس کے ردِ عمل میں واشنگٹن اور نیویارک میں بھی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

بوسٹن کے پولیس کمشنر ایڈورڈ ڈیوس نے کہا ہے کہ متاثرہ افراد کے بارے میں معلومات کے لیے ایک ٹیلی فون لائن مقرر کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ذمہ داروں کے بارے میں کسی بھی طرح کی معلومات ایک علیحدہ ٹیلی فون نمبر پر کال کر کے دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اطمینان رکھیں۔

(ng/ah(AFP AP

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں