1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دہشت گردی میں ملوث جرمنوں کی شہریت منسوخ کر دی جائے گی

4 مارچ 2019

وفاقی جرمن حکومت نے انسداد دہشت گردی کے لیے مزید سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت اگر دوہری شہریت رکھنے والا کوئی باشندہ دہشت گردی میں ملوث پایا گیا، تو اس کی جرمن شہریت منسوخ کر دی جائے گی۔

تصویر: Getty Images/M. Cardy

جرمن دارالحکومت برلن سے پیر چار مارچ کو ملنے والی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق ملک کے تین اہم ذرائع ابلاغ نے اتوار تین مارچ کو رات گئے بتایا کہ چانسلر انگیلا میرکل کی قیادت میں موجودہ مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں کے مابین ایسے عسکریت پسندوں کی جرمن شہریت منسوخ کرنے سے متعلق اتفاق رائے ہو گیا ہے، جو دہشت گردی میں ملوث پائے جائیں گے۔

ڈی پی اے کے مطابق اس نئے مجوزہ قانون کا اطلاق جرمنی سے تعلق رکھنے والے ان مبینہ دہشت گردوں پر نہیں ہو گا، جو خانہ جنگی کے شکار ملک شام میں دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کی طرف سے جنگجوؤں کے طور پر سرگرم رہے ہیں اور اس وقت شام ہی میں زیر حراست ہیں۔

جرمن اخبار ’زُوڈ ڈوئچے سائٹنگ‘ اور دو نشریاتی اداروں ڈبلیو ڈی آر اور این ڈی آر کی طرف سے نشر کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق اس نئے قانون کا اطلاق ماضی کی کسی تاریخ کی بجائے اب سے ہو گا اور دہشت گردی کے مرتکب پائے گئے کسی بھی مجرم کی جرمن شہریت کی منسوخی کے لیے لازمی ہو گا کہ اس باشندے کی عمر 18 سال سے زائد ہو اور وہ جرمنی کے علاوہ کسی دوسرے ملک کا شہری بھی ہو۔

جرمنی میں تارکین وطن کے پس منظر کے حامل بہت سے شہری ایسے ہیں، جن کے پاس جرمنی کے علاوہ کسی دوسرے ملک کی شہریت بھی ہےتصویر: picture-alliance/blickwinkel/McPHOTO


حکومتی جماعتوں میں اتفاق رائے

جرمن میڈیا رپورٹوں کے مطابق اس سلسلے میں چانسلر میرکل کی پارٹی سی ڈی یو کی ہم خیال قدامت پسند جماعت سی ایس یو سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر اور مخلوط حکومت میں شامل دوسری بڑی جماعت، سوشل ڈیموکریٹک پارٹی یا ایس پی ڈی سے تعلق رکھنے والی وفاقی وزیر انصاف کاتارینا بارلی کے مابین اتفاق رائے ہو گیا ہے۔

ماضی میں جرمنی کی انہی دونوں وفاقی وزارتوں کے مابین اختلاف رائےکی وجہ سے اس مجوزہ قانون پر عدم اتفاق کے باعث عمل درآمد نہیں ہو سکا تھا۔ اب لیکن حکومتی جماعتوں کے مابین اس بارے میں مفاہمت ہو جانے کے بعد انسداد دہشت گردی سے متعلق یہ نئے اقدامات فوری طور پر مؤثر ہو جائیں گے۔

امریکی صدر ٹرمپ کا مطالبہ

مختلف یورپی ممالک سے تعلق رکھنے والے اور شام میں موجود جہادیوں کی وجہ سے کچھ عرصہ قبل امریکا اور اس کے یورپی اتحادی ممالک کے مابین کافی کھچاؤ بھی پیدا ہو گیا تھا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں یہ مطالبہ بھی کر دیا تھا کہ یورپی ممالک اپنے ان 800 سے زائد عسکریت پسند شہریوں کو واپس اپنے ہاں قبول کریں، جو اب تک شام میں داعش کی طرف سے لڑتے ہوئے گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ اس سے قبل شام میں داعش کے خلاف لڑنے والی کردوں کی ملیشیا سیریئن ڈیموکریٹک فورسز یا ایس ڈی ایف کی طرف سے بھی یہ کہہ دیا گیا تھا کہ داعش کے گرفتار شدہ یورپی جہادیوں کی وجہ سے اسے اتنے زیادہ بوجھ کا سامنا ہے، جس کی یہ ملیشیا اکیلے متحمل نہیں ہو سکتی۔

یورپی ممالک کے خدشات

دوسری طرف کئی یورپی ممالک کی حکومتیں اب تک ان شام میں زیر حراست جہادیوں کو اپنے شہریوں کے طور پر واپس قبول کرنے میں اس وجہ سے ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتی رہی ہیں کہ ان شدت پسندوں کے جرائم کو یورپی عدالتوں میں ثابت کرنا شاید بہت مشکل ہو گا اور یوں یہ جہادی عناصر اپنے اپنے وطن واپسی کے بعد رہا کر دیے جائیں گے، جو مجموعی سلامتی کے حوالے سے ان ممالک کے لیے ایک بڑا خطرہ ہو گا۔

م م / ک م / ڈی پی اے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں