1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دہشت گردی کی سازش، دو امریکی بھائیوں کو سزا

21 دسمبر 2011

امریکہ کی ایک عدالت نے ریاست شمالی کرولائینا کے رہنے والے دو ایسے بھائیوں کو سزائے قید سنا دی ہے، جنہوں نے اپنے والد کی قیادت میں امریکہ میں ہی دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی۔

تصویر: Fotolia/Iv Mirin

خبر رساں ادارے اے پی نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکہ کی ایک ضلعی عدالت نے منگل کو بائیس سالہ ذکریا بوئڈ کو 9 برس جبکہ اس کے بھائی پچیس سالہ ڈِلن بوئڈ کو آٹھ برس قید کی سزا سنائی ہے۔ ان دونوں پر یہ الزامات ثابت ہو گئے تھے کہ انہوں نے دہشت گردوں کوعملی مدد فراہم کرنے کی سازش کی تھی۔ ان دونوں بھائیوں کو بالترتیب ایک ہزار ڈالر اور تین ہزار ڈالر کاجرمانہ بھی سنایا گیا ہے۔

سن 2009 میں حراست میں لیے گئے ان دونوں بھائیوں کو پندرہ پندرہ برس تک کی سزائے قید سنائی جا سکتی تھی لیکن انہوں نے استغاثہ کے ساتھ تعاون کرنے کی حامی بھر لی تھی، جس کے باعث ان کی سزاؤں میں نرمی برتی گئی۔ سلطانی گواہ بن جانے والے ان دونوں بھائیوں نے اپنے جرائم کا اعتراف کرتے ہوئے امریکی عوام سے معافی بھی مانگی اور کہا کہ وہ کٹر نظریات کے حامل اپنے والد کے اثر و رسوخ سے باہر نہ نکل سکےاور اسی لیے غلط کاموں میں پڑ گئے۔

عدالت نے بتایا ہے کہ ذکریا اور ڈِلن، ان آٹھ افراد کے ایک گروپ میں شامل تھے، جنہوں نےامریکہ کے اندر جہادی سرگرمیوں کے لیے چندہ اور ہتھیار اکٹھے کیے تھےتصویر: Fotolia/Andre

عدالت نے بتایا ہے کہ ذکریا اور ڈِلن، ان آٹھ افراد کے ایک گروپ میں شامل تھے، جنہوں نےامریکہ کے اندر جہادی سرگرمیوں کے لیے چندہ اور ہتھیار اکٹھے کیے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ گروپ امریکہ میں عسکری تنصیبات اور ایسے اہداف کا تعین کر رہا تھا، جو اس کے نزدیک اسلام دشمن تھے۔ اس بات کے قوی امکانات ظاہر کیے گئے ہیں کہ اس گروپ کا ہر ممبر پاکستان میں رہ چکا ہے۔

نائب اٹارنی جان بولرنے ذرائع ابلاغ سےگفتگو کرتے ہوئے ان بھائیوں کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ اپنی گرفتاری کے بعد ان بھائیوں نے پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان دونوں بھائیوں کے والد ڈینیئل بوئڈ نے اپنے بچوں کو تنہا رکھا اور انہیں جسمانی اور نفسیاتی طور پر دباؤ کاشکار بناتے ہوئےانتہا پسندانہ نظریات کا حامل بنا دیا۔

ڈینیئل بوئڈ کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس نے مذہب اسلام قبول کیا اور اپنے خاندان کے ساتھ کچھ عرصے کے لیے پاکستان میں بھی سکونت پذیر رہا۔ رواں برس فروری میں ڈینیئل بوئڈ پر دہشت گردوں کی عملی مدد، لوگوں کو قتل، مفلوج اور زخمی کرنے کی سازش کے الزامات ثابت ہو گئے تھے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں