1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’دہشت گردی کے خلاف فتح جنرل کیانی کی قیادت میں‘۔ گیلانی

23 جولائی 2010

پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع کردی ہے۔ جنرل کیانی اس سال نومبر کے مہینے میں ریٹائر ہونے والے تھے۔

جنرل اشفاق پرویز کیانیتصویر: Abdul Sabooh

جمعرات کی شب پاکستان کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے قوم کے نام اپنی نشری تقریر میں مجموعی ملکی حالات کے تناظر میں پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع کا اعلان کیا ہے۔

اٹھارہویں ترمیم کی منظوری کے بعد فوج کے سربراہ کی مدت ملازمت میں توسیع اور تعیناتی کا اختیار وزیر اعظم کو منتقل ہو گیا ہے۔ اپنے خطاب میں گیلانی نے کہا کہ وہ یہ فیصلہ صدر پاکستان کی مشاورت سے ملکی مفاد میں کر رہے ہیں کیونکہ پاکستان انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے۔

پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی، افغان صدر حامد کرزئی، ، سابق افغان وزیر خارجہ رنگین دادفر سپانتا اور پاکستانی فوجی سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی، فائل فوٹوتصویر: Abdul Sabooh

جنرل اشفاق پرویز کیانی کو سابق فوجی صدر پرویز مشرف نے وردی اتارنے کے بعد سن 2008 ء میں اپنی جگہ فوج کا کمانڈر ان چیف مقرر کیا تھا۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ انتیس نومبر سن 2010 ہے۔ پاکستانی حلقوں میں یہ بازگشت موجود تھی کہ موجودہ حکومت جنرل کیانی کی مدت ملازمت میں توسیع کردے گی۔ اس سے قبل جنرل کیانی نے فوج کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی (ISI)کے سربراہ کی مدت میں بھی توسیع کا فیصلہ کیا تھا۔

جنرل کیانی کی ملازمت میں توسیع کے حوالے سے پاکستانی وزیر دفاع احمد مختار نے بھی ایک متنازعہ بیان دیا تھا جس کے بعد وزیر اعظم گیلانی نے واضح کیا تھا کہ جنرل کیانی کی ملازمت میں توسیع کا فیصلہ وزیر دفاع نے نہیں بلکہ انہوں نے کرنا ہے۔ پاکستانی وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں یہ بھی کہا کہ وہ جنرل کیانی کی ملازمت میں توسیع موجودہ حکومتی پالیسی میں نرمی اختیار کرتے ہوئے کر رہے ہیں۔

پاکستانی وزیراعظم گیلانی نے اپنی نشری تقریر میں ملکی حالات کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ فوج سوات، مالاکنڈ اور جنوبی وزیرستان میں آپریشن میں کامیابی حاصل کر چکی ہے۔ گیلانی کے مطابق یہ کامیابیاں جنرل کیانی کی قیادت میں ممکن ہوئی ہیں۔ گیلانی کے مطابق جنرل کیانی پاکستان کے اندر دہشت گردی کے خلاف حکومتی حکمت عملی اور شورش زدہ حصوں میں قانون کی حکمرانی کی منصوبہ بندی اور نگرانی میں شامل رہے ہیں۔

گیلانی کے بقول انہوں نے یہ فیصلہ صدر زرداری سے مشاورت کے بعد کیا ہےتصویر: AP

پاکستانی وزیر اعظم نے جنرل کیانی کی دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پیشہ ورانہ سوچ کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا۔ گیلانی نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں حتمی کامیابی اور فتح بھی جنرل کیانی کی قیادت میں حاصل ہو گی۔

جنرل کیانی پاکستان کے صوبے پنجاب کے علاقے جہلم کے قریب پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے ملٹری کالج جہلم میں ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ وہ مقتول وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے ڈپٹی ملٹری سیکریٹری بھی رہ چکے ہیں۔ وہ اعلیٰ امریکی فوجی کالجوں کے فارغ التحصیل ہیں۔ کیانی پاکستان گالف فیڈریشن کے صدر بھی ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: شادی خان سیف

.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں