دینارا سافینا: انجریز کے باعث مستقبل دھندلاتا ہوا
27 اپریل 2010سن دو ہزار آٹھ اور نو میں بے شمار ٹورنامنٹ جیتنے والی روس کی ٹینس سٹار دینارا سافینا انجریز کے ہاتھوں انتہائی پریشان ہیں۔ ان کو کمر میں ایک تازہ انجری پیدا ہو گئی ہے اور ایسے امکانات سامنے آئے ہیں کہ وہ اس چوٹ کی وجہ سے عملی کھیل سے ریٹائر منٹ کا اعلان اگلے مہینوں میں کسی بھی وقت کر سکتی ہیں۔ وہ رواں سال کے پہلے مہینے سے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ آسٹریلیئن اوپن کے دوران کمر کی شدید تکلیف کے باعث کھیل سے کنارہ کش ہوئی تھیں۔
وہ اپنے طبی معائنے کے علاوہ ایک ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے جرمن شہر شٹٹ گارٹ میں موجود ہیں اور کمر کی نئی تکلیف کی وجہ سے اُن پر مایوسی کی کیفیت طاری ہو چکی ہے۔ وہ مسلسل اپنے فزیو تھراپسٹ کی نگرانی میں کورٹ میں پریکٹس سیشن جاری رکھے ہوئے۔ جنوری کے بعد سافینا نے تین اپریل سے ہلکے سیشن کی شروعات کر دی ہے۔ سافینا جلد از جلد کورٹ میں واپسی چاہتی ہیں لیکن ماہرین اور اُن کے بھائی مرات سافین کا مشورہ ہے کہ وہ پہلے مکمل طور پر صحت یاب ہو جائیں اور اس کے بعد بڑے مقابلوں میں شرکت کا سلسلہ شروع کریں لیکن سافینا کے بقول وہ زیادہ دیر ٹینس کورٹ سے باہرنہیں رہ سکتی۔ سافینا کی خواہش ہے کہ وہ اگلے ماہ کی 23 تاریخ سے شروع ہونے والے فرنچ اوپن سے قبل پوری طرح فٹ ہو جائیں۔
بعض مبصرین کے مطابق اس تازہ چوٹ کے انکشاف کے بعد سے اُن کا مستقبل سردست گہنا گیا ہے اور اُن کے ٹینس کیریئر کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔ دینارا سافینا طبی ماہرین کی ہدایت کے الٹ ٹینس مقابلوں میں شرکت کی ضد کر رہی ہیں۔ تازہ طبی معائنے کے مطابق اُن کے کمر کے عضلات دو مختلف مقامات پر پھٹ چکے ہیں۔ ان عضلاتی ریشوں کی اپنی پرانی جگہ پر واپسی کے لئے ایک عرصہ درکار ہے۔ گزشتہ سال سافینا کئی چوٹوں کے باوجود درد دبانے والے ٹیکے لگوا کر کھیلتی رہی ہیں۔ بعض ماہرین کے نزدیک یہی کوشش اب اُن کے مستقبل میں کھیل کی راہ میں حائل ہوتی جا رہی ہے۔
روس کی ٹنیس سٹار دینارا سافینا سن 2009ء کے اپریل میں عالمی درجہ بندی کے سب سے بلند مقام پر پہنچی تھیں۔ ٹینس کی دنیا میں دینارا سافینا اور مرات سافین دو ایسے واحد بہن بھائی ہیں جو مردوں اور خواتین کی عالمی رینکنگ میں پہلے مقام پر فائز رہ چکے ہیں۔ یہ ایک منفرد عالمی ریکارڈ ہے۔
رپورٹ : عابد حسین
ادارت : عاطف توقیر