1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دی ایکس پینڈ ایبلز ٹُو: ریلیز کے لیے تیار

16 جولائی 2012

امریکی فلمی صنعت ہالی ووڈ کی نئی ایکشن اور جنگی مناظر پر مبنی فلم اگلے مہینے اگست میں عام نمائش کے لیے ریلیز کر دی جائے گی۔ اس فلم کا پہلا حصہ دو سال قبل ریلیز کیا گیا تھا۔ فلم میں بڑی عمر کے ایکشن ہیروز شامل ہیں۔

تصویر: dapd

ہالی ووڈ فلمی صنعت سے مار دھاڑ اور ایکشن سے بھرپور فلم دی ایکس پینڈ ایبلز ٹُو (The Expendables 2) کو عام نمائش کے لیے پہلے حصے کے تقریباً دو سال بعد ریلیز کیا جا رہا ہے۔ یہ فلم سترہ اگست کو عام نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ ایکشن سے لبریز اس فلم میں سلویسٹر اسٹیلون، بروس وِلیز، آرنلڈ شوارٹسنیگر اور ژاں کلاؤڈ وین ڈیم شامل ہیں۔ اس فلم کے ہدایت کار اسٹیو اسمتھ ہیں۔ یہ فلم تقریباً ایک سوملین امریکی ڈالر کی خطیر رقم سے تیار کی گئی ہے۔ اس فلم کے پہلے حصے کو شائقین نے خاصا پسند کیا تھا۔

دی ایکس پینڈ ایبلز ٹُو ایک ایکشن مووی ہےتصویر: AP/Twentieth Century Fox

یہ امر باعث دلچسپ ہے کہ اس ایکشن سے بھرپور فلم میں ماضی کے ایکشن ہیروز شامل ہیں اور اب ان کی عمریں ڈھل چکی ہیں۔ سلویسٹر اسٹیلون کی عمر 66 برس ہے۔ وہ ماضی کی انتہائی مقبول فلم سیریز راکی اور ریمبو میں ایکشن کردار ادا کر چکے ہیں۔ دی ایکس پینڈ ایبلز ٹُو کے ایک اور اداکار آرنلڈ شواٹسنیگر ہیں جو 64 برس کے ہیں۔ شوارٹسنیگر کی مشہور فلم سیریز ٹرمینیٹر تھی۔ وہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے آٹھ سال تک مسلسل گورنر بھی رہ چکے ہیں۔ اسی فلم میں جرمن نژاد امریکی اداکار بروس وِلیز کی عمر 57 برس ہے۔

اس فلم کے حوالے سے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام اتوار کے روز امریکی شہر سین ڈی ایگو میں کیا گیا۔ اس تقریب میں فلم دی ایکس پینڈ ایبلز ٹُو کے حوالے سے سلویسٹر اسٹیلون نے بتایا کہ اس دوسرے حصے میں وہ کام مکمل کیا گیا ہے جو پہلے حصے میں تلاش کیا جا رہا تھا۔ تقریب میں اس فلم کے بعض اہم مناظر کے ٹکڑے خاص طور پر دکھائے گئے۔ ان مناظر میں بارودی دھماکوں کے علاوہ دست بدست لڑائی کے مہارت سے فلمائے گئے کلپس شامل تھے۔ اس موقع پر ماضی کے ایکشن ہیروز اسٹیلون کا کہنا تھا کہ ہر نسل کے اپنے ایکشن ہیروز ہوتے ہیں اور اس فلم کو پیش کرنے سے یہ مراد ہے کہ سن 1980 کی دہائی میں ایکشن فلموں کے اداکاروں کی ابھی بھی مارکیٹ ہے۔

فلم میں ماضی کے ہیروز جلوہ گر ہیںتصویر: picture-alliance/dpa/Twentieth Century Fox

ہالی ووڈ کی جدید ایکشن فلموں بیٹ مین (Batman) اور دی اسپائیڈر مین (Spider-Man) کے دور میں دی ایکس پینڈ ایبلز کی کامیابی کو غیر معمولی قرار دیا گیا تھا۔ بین الاقوامی سطح پر دی ایکس پینڈ ایبلز نے 275 ملین کا ریونیو پیدا کیا تھا جو انتہائی اہم ہے۔ ناقدین کے نزدیک اس فلم کی کامیابی خاصی حیران کن تھا امور اس کی وجہ ماضی کی ایکشن ہیروز سے سابقہ اور نئی نسل کا پسند کرنا اہم قرار دیا گیا تھا۔ اس فلم کی نمائش پر سترہ اگست کے روز سلویسٹر اسٹیلون اور آرنلڈ شواٹسنیگر اور بروس وِلیز سینما گھروں پر شائقین کے لیے موجود ہوں گے۔ امریکی شہر سین ڈی ایگو میں منعقدہ تقریب میں ماضی کے ایکشن ہیروز نے انہیں پسند کرنے پر امریکا اور ساری دنیا کے شائقین کا شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب دی ایکس پینڈ ایبلز ٹُو کی تقریب میں اپنی فلم کی تعریف و توصیف سمیٹنے والے سلویسٹر اسٹیلون کو اپنے چھتیس سالہ بیٹے سیج مُون بلڈ اسٹالون (Sage Moonblood Stallone) کی ناگہانی موت کے صدمے کا بھی سامنا ہے۔ اتوار کے روز اسٹیلون کے بیٹے کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ بدن کے اندر سے حاصل ہونے والے مواد کے لیبارٹری ٹیسٹس میں دس ہفتے لگ سکتے ہیں۔ مرحوم کے کمرے سے ڈاکٹری نسخے اور مختلف ادویات کے نمونے بھی تفتیش کاروں نے اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔

ah/sks (AFP)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں