راتوں رات کروڑ پتی: ٹرک ڈرائیور نے اپنی آجر کمپنی خرید لی
8 فروری 2011پیرس سے موصولہ رپورٹوں میں اس فرانسیسی شہری کا پورا نام نہیں بتایا گیا بلکہ اس کی شناخت صرف الیکسانڈر کے نام سے کرائی گئی ہے۔ فرانسیسی دارالحکومت سے شائع ہونے والے اخبار Le Parisien نے لکھا ہے کہ اس شخص نے ابھی حال ہی میں لاٹری میں دس ملین یورو کی خطیر رقم جیتی۔
اس رقم میں سے اس نے کئی لاکھ یورو کے عوض وہی ٹرانسپورٹ کمپنی خرید لی، جس کے لیے وہ ڈرائیور کے طور پر کام کرتا تھا۔ اس کمپنی میں ڈرائیور سے مالک بننے کے بعد الیکسانڈر نے اپنے سابقہ باس کو ملازمت سے نکالا نہیں بلکہ اب وہ اس کا ملازم ہے اور وہی کام کرتا ہے جو پہلے کرتا تھا۔
اس کمپنی کے بارے میں، جو اپنی خراب مالی حالت کے باعث دیوالیہ ہو جانے کے خطرے سے دوچار تھی، الیکسانڈر کا کہنا ہے کہ وہ دیکھے گا کہ اب یہ کمپنی نفع میں جاتی ہے یا نقصان میں۔ اس ’چند ہی روز پرانے کروڑ پتی‘ کے بقول، ’ اگر مجھے اس کاروبار میں بہت زیادہ خسارہ ہوا تو میں یہ کمپنی بیچ دوں گا۔‘
اس ٹرانسپورٹ کمپنی کے موجودہ ملازمین کی تعداد پندرہ ہے۔ جس لاٹری کمپنی کے ٹکٹ پر الیکسانڈر نے دس ملین یورو جیتے، اس کا کہنا ہے کہ اس کمپنی کی وجہ سے کروڑ پتی بننے والوں میں سے الیکسانڈر وہ پہلا شخص ہے جس نے انعام کی رقم سے وہی فرم خریدی ہے، جس کے لیے وہ کام کرتا تھا۔
رپورٹ: سائرہ حسن
ادارت: مقبول ملک