سب سے زیادہ پیسہ کمانے والے چوٹی کے دس کھلاڑی - پکچر گیلری
سب سے زیادہ پیسہ کمانے والے چوٹی کے دَس کھلاڑی
امریکی جریدے ’فوربس‘ نے دنیا کے سب سے زیادہ پیسہ کمانے والے کھلاڑیوں کی تازہ فہرست جاری کی ہے۔ حال ہی میں چیمپئنز لیگ جیتنے والا کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو بدستور اس کرہٴ ارض پر سب سے زیادہ پیسہ کمانے والا کھلاڑی ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو: 83 ملین یورو
گزشتہ بارہ مہینوں کے دوران کرسٹیانو رونالڈو نے، جنہیں چار مرتبہ دنیا کے بہترین فٹ بال کھلاڑی کا اعزاز مل چکا ہے، تقریباً تراسی ملین یورو کمائے، باون ملین یورو تنخواہوں اور انعامات کی مَد میں اور اکتیس ملین یورو اشتہارات کے ذریعے۔ فی گھنٹہ یہ رقم ساڑھے نو ہزار یورو بنتی ہے۔ 2016ء میں پرتگال کی قومی ٹیم کے ساتھ یورپی چیمپئن شپ میں کامیابی اُس کے کیریئر کا نقطہ عروج تھی۔
لے برون جیمز: 77 ملین یورو
امریکی قومی باسکٹ بال لیگ (NBA) کے سب سے مہنگے کھلاڑی ’کِنگ جیمز‘ نے گزشتہ برس 77 ملین یورو کمائے۔ اشتہارات کی مَد میں اُس کی آمدنی (49 ملین یورو) جبکہ تنخواہ اور انعامی رقوم (28ملین یورو) سے کہیں زیادہ رہی۔ 2015ء میں کھیلوں کا ساز و سامان تیار کرنے والی کمپنی نائیکے نے اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ اسی کھلاڑی کے ساتھ اشتہارات کا ایک تا حیات معاہدہ طے کیا تھا۔
لیونیل مَیسی: 71 ملین یورو
بارسلونا ٹیم کے سُپر سٹار نے اکہتر ملین یورو کمائے لیکن پانچ مرتبہ دنیا کے بہترین فُٹ بالر قرار پانے والے اس کھلاڑی کو ابھی 2016ء کے لیے اپنی آمدنی پر ٹیکس ادا کرنا ہے۔ صرف مَیسی ہی جانتے ہیں کہ اس رقم میں سے جائز رقم کتنی ہے۔ 2016ء میں اُنہیں ٹیکس فراڈ کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا اور یہ سوالات کیے جانے لگے کہ اُس کی آمدنی کس حد تک جائز ہے۔
راجر فیڈرر: 57 ملین یورو
سوئٹزرلینڈ کا یہ کھلاڑی، جو ریکارڈ اٹھارہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیت چکا ہے، 2003ء میں قائم ہونے والی اپنی فاؤنڈیشن کے ذریعے اپنی والدہ کے آبائی وطن جنوبی افریقہ میں بچوں کے منصوبوں کے ساتھ مالی تعاون کر رہا ہے۔ گزشتہ سال ٹینس کے اس سُپر سٹار کھلاڑی کی مجموعی آمدنی ستاون ملین یورو کا محض ایک چھوٹا سا حصہ (5.33 ملین یورو) ہی تنخواہوں اور انعامی رقوم سے آیا۔
کیوین ڈیورینٹ: 54 ملین یورو
’گولڈن اسٹیٹ واریئرز‘ کے اس کھلاڑی کا قد دو میٹر ہے اور وہ اور چیزوں کے ساتھ ساتھ اپنے ٹھیک ٹھیک نشانے کے لیے بھی مشہور ہے۔ اپنا کیریئر شروع کرنے کے بعد امریکی قومی باسکٹ بال لیگ (NBA) کے اس کھلاڑی نے نائیکے کمپنی کے ساتھ 60 ملین ڈالر کے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ گزشتہ سال اس کھلاڑی نے 54 ملین یورو کمائے۔
اینڈریو لَک: 44 ملین یورو
’انڈیاناپولِس کولٹس‘ ٹیم کے لیے کوارٹر بیک کی پوزیشن پر کھیلنے والے اس کھلاڑی نے جون 2016ء میں ’نیشنل فُٹ بال لیگ‘ (NFL) کی تاریخ کے سب سے مہنگے کنٹریکٹ پر دستخط کیے تھے۔ اس معاہدے کے تحت اُسے اگلے چھ برسوں میں مجموعی طور پر 124 ملین یورو ملیں گے۔ صرف گزشتہ برس ہی اس کھلاڑی نے چوالیس ملین یورو کمائے۔
روری میکلوری: 44 ملین یورو
دنیا میں گولف کے کھیل کے سب سے زیادہ پیسہ کمانے والے کھلاڑی روری میکلوری کا تعلق شمالی آئرلینڈ سے ہے اور 2016ء میں اُس کی آمدنی چوالیس ملین یورو رہی، جس کا ایک بڑا حصہ (تیس ملین یورو سالانہ) نائیکے کمپنی کے ساتھ اشتہارات کے معاہدے سے آیا۔ آج کل میکلوری عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر ہیں تاہم 2016ء میں اُن کی آمدنی پہلے نمبر کے کھلاڑی ڈسٹن جونسن سے پانچ ملین یورو زیادہ رہی۔
اسٹیفن کری: 42 ملین یورو
باسکٹ بال کا یہ امریکی کھلاڑی ’بے بی فیسڈ اسیسن‘ کے نام سے زیادہ مشہور ہے اور اپنی طویل فاصلے کی شاٹس کے لیے خاص طور پر شہرت رکھتا ہے۔ گزشتہ بارہ مہینوں میں اس کھلاڑی نے بیالیس ملین یورو کمائے۔ ان میں سے اکتیس ملین اشتہاری معاہدوں سے آئے۔ این بی اے کے کھلاڑیوں کے لیے اتنی زیادہ کمائی کے واقعات عام ہیں۔
جیمز ہارڈن: 42 ملین یورو
امریکی باسکٹ بال کا اسٹار جیمز ہارڈن اپنی مخصوص داڑھی کی وجہ سے ’دی بیئرڈ‘ (داڑھی) کے نام سے بھی مشہور ہے۔ گزشتہ برس اس نے تنخواہ اور انعامی رقوم کے طور پر چوبیس ملین یورو جمع کیے جبکہ اٹھارہ ملین یورو اُسے اشتہارات کے مختلف معاہدوں کی مَد میں حاصل ہوئے۔
لیوئس ہیملٹن: 41 ملین یورو
فارمولا وَن موٹر ریسنگ کے ڈرائیور لیوئس ہیملٹن تین مرتبہ عالمی چیمپئن شپ جیتنے میں کامیاب ہوئے۔ 2016ء میں اس برطانوی کھلاڑی کی مجموعی آمدنی 41 ملین یورو کے لگ بھگ رہی۔ مرسیڈیز ٹیم کے اس ڈرائیور کو محض تھوڑی سی آمدنی (سات ملین یورو) اشتہارات سے ملی جبکہ چونتیس ملین یورو اُسے تنخواہوں اور انعامی رقوم کی صورت میں حاصل ہوئے۔
اور خواتین میں سب سے زیادہ آمدنی والی کھلاڑی؟
ٹینس کھلاڑی سیرینا ولیمز سب سے زیادہ آمدنی والے کھلاڑیوں کی فہرست میں 51 ویں نمبر پر ہیں۔ 2016ء میں اس امریکی کھلاڑی نے چوبیس ملین یورو کمائے۔ اس آمدنی کا دو تہائی سے زیادہ اشتہارات کے معاہدوں سے آیا۔ اس کھلاڑی نے بھی نائیکے کمپنی کے ساتھ معاہدہ کر رکھا ہے۔
اور سب سے زیادہ کمانے والا جرمن کھلاڑی؟
سیباستیان فیٹل مسلسل چار مرتبہ فارمولا وَن عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز رکھتے ہیں تاہم وہ گزشتہ برس اپنی آمدنی یعنی چونتیس ملین یورو کے ساتھ ’فوربس‘ کی فہرست میں محض چودہویں نمبر پر رہے۔ فیراری ٹیم کے اس ڈرائیور کو 2016ء میں اشتہارات کی مَد میں محض چار لاکھ چوالیس ہزار یورو حاصل ہو سکے۔