راہول گاندھی مستعفی، بھارتی سیکولرازم کو زوال یا کانگریس کو!
4 جولائی 2019
بھارت کی اہم سیاسی جماعت انڈین نیشنل کانگریس کی صدارت سے راہول گاندھی نے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ بھارت میں سیکولرازم کی داعی یہی بڑی جماعت ہے اور گزشتہ دو انتخابات میں اس پارٹی کی مجموعی کارکردگی ناقص رہی ہے۔
اشتہار
بھارت میں یہ سوال کھڑا ہو گیا ہے کہ راہول گاندھی کے کانگریس پارٹی کی صدارت سے مستعفی ہونے کے بعد کا منظر نامہ کیا ہو گا۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ گزشتہ دو انتخابات میں کانگریس پارٹی کی مجموعی کارکردگی سے عوام شدید مایوس دکھائی دیتے ہیں اور یہ مایوسی بھارت میں سیکولرازم کے زوال کا باعث بن سکتی ہے۔
راہول گاندھی نے مستقبل میں پارٹی کو بہتر خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے الیکشن میں ناکامی کے بعد احتسابی عمل کے تناظر میں پارٹی کی قیادت سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنے چار صفحاتی خط میں واضح کیا کہ دوسروں پر انتخابات میں شکست کی ذمہ داری عائد کرنے سے بہتر ہے کہ اس صورت حال کا بطور صدر وہ خود اعتراف کریں۔ انہوں نے پارٹی کی تشکیل نو کے لیے خود احتسابی کو اہم قرار دیا۔
راہول گاندھی رواں برس کے عام انتخابات میں اپنے پرانے حلقے کی نشست سے بھی ہار گئے تھے۔ یہ وہی حلقہ ہے جہاں سے اُن کے والد مقتول راجیو گاندھی الیکشن جیتتے رہے تھے۔ اسی حلقے سے سابقہ انتخابات میں اُن کی والدہ سونیا گاندھی کو کامیابی ملی تھی۔
یہ اہم ہے کہ پارٹی کے مرکزی پالیسی ساز شعبے کانگریس ورکنگ کمیٹی نے ابھی اس استعفے کو منظور کرنا ہے۔ دوسری جانب کانگریس پارٹی کے کئی اور اہم عہدیداران نے بھی مستعفی ہونے کا عندیہ دیا ہے۔ ان میں خاص طور پر ریاست مہاراشٹر کے صدر اشوک چاوان نمایاں ہیں۔ چاوان کا کہنا ہے کہ ہر ایک کو اپنے حصے کی ذمہ داری سنبھالنی ضروری ہے۔
ایسے اندازے لگائے جا رہے ہیں کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی گاندھی کے استعفے کو مسترد کر دے گی اور انہیں قیادت سنبھالنے کی تلقین کرے گی۔ دوسری جانب اس کا بھی امکان ہے کہ رواں برس کے پارلیمانی انتخابات سے قبل عملی سیاست میں قدم رکھنے والی پریانکا گاندھی واڈرا کو راہول گاندھی کی جگہ نیا صدر مقرر کر لیا جائے۔ پریانکا گاندھی اس وقت آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جنرل سیکرٹری ہیں۔ انہیں یہ منصب رواں برس چار فروری کو سونپا گیا تھا۔
راہول گاندھی کے استعفے پر غور و خوص کے لیے کانگریس کی مرکزی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کو طلب کرنے کی کوئی تاریخ سامنے نہیں آئی ہے۔ اگر راہول گاندھی اپنا استعفیٰ واپس لینے پر تیار نہیں ہوئے تو سیاسی تجزیہ کاروں کے نزدیک ورکنگ کمیٹی کے پاس تین راستے ہیں:
1۔ پارٹی کی قیادت کچھ عرصے کے لیے کوئی عبوری صدر سنبھال لے۔
2۔ پارٹی کی قیادت عبوری صدر کے بجائے چند افراد کے سپرد کر دی جائے تاوقتیکہ کوئی نیا صدر منتخب نہیں ہو جاتا۔
3۔ ایک ایسی کمیٹی تشکیل دے دی جائے جو مستقبل کے سیاسی راستے کا تعین کرے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق بظاہر ورکنگ کمیٹی کو مشکل صورت حال کا سامنا ہے۔ اگر کانگریس ملک کے اندر نریندر مودی کے قوم پرستانہ رجحانات کی نفی کے لیے عوام کو متحرک کرنے میں ناکام رہتی ہے تو بھارت کے سیکولر تشخص پر سوال اٹھنا شروع ہو جائیں گے۔ مودی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ الیکشن میں عوام نے سیکولر قوتوں کو شکست سے دوچار کیا تھا۔
ع ح، ا ا، نیوز ایجنسیاں
بھارت کے سیاسی افق کا نیا ستارہ، پریانکا گاندھی
پریانکا گاندھی واڈرا بھارت کے ایک ایسے سیاسی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں، جس کے تین افراد ملک کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔ انہوں نے اب باضابطہ طور پر عملی سیاست میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/R.K. Singh
جواہر لال نہرو
برصغیر پاک و ہند کی تحریک آزادی کے بڑے رہنماؤں میں شمار ہونے والے جواہر لال نہرو پریانکا گاندھی کے پڑدادا تھے۔ وہ آزادی کے بعد بھارت کے پہلے وزیراعظم بنے اور ستائیس مئی سن 1964 میں رحلت تک وزیراعظم رہے تھے۔ اندرا گاندھی اُن کی بیٹی تھیں، جو بعد میں وزیراعظم بنیں۔
تصویر: Getty Images
اندرا گاندھی
پریانکا گاندھی کی دادی اندرا گاندھی اپنے ملک کی تیسری وزیراعظم تھیں۔ وہ دو مختلف ادوار میں بھارت کی پندرہ برس تک وزیراعظم رہیں۔ انہیں اکتیس اکتوبر سن 1984 میں قتل کر دیا گیا تھا۔ اُن کے بیٹے راجیو گاندھی بعد میں منصبِ وزیراعظم پر بیٹھے۔ راجیو گاندھی کی بیٹی پریانکا ہیں، جن کی شکل اپنی دادی اندرا گاندھی سے ملتی ہے۔
تصویر: picture-alliance/united archives
راجیو گاندھی
بھارت کے چھٹے وزیراعظم راجیو گاندھی سیاست میں نو وارد پریانکا گاندھی واڈرا کے والد تھے۔ وہ اکتیس اکتوبر سن 1984 سے دو دسمبر سن 1989 تک وزیراعظم رہے۔ اُن کو سن 1991 میں ایک جلسے کے دوران سری لنکن تامل ٹائیگرز کی خاتون خودکش بمبار نے ایک حملے میں قتل کر دیا تھا۔ اُن کے قتل کی وجہ سن 1987 میں بھارت اور سری لنکا کے درمیان ہونے والا ایک سمجھوتا تھا، جس پر تامل ٹائیگرز نے ناراضی کا اظہار کیا تھا۔
تصویر: Imago/Sven Simon
سونیا گاندھی
پریانکا گاندھی واڈرا کی والدہ سونیا گاندھی بھی عملی سیاست میں رہی ہیں۔ وہ انیس برس تک انڈین کانگریس کی سربراہ رہی تھیں۔ اطالوی نژاد سونیا گاندھی بھارتی پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں لوک سبھا کی رکن رہتے ہوئے اپوزیشن لیڈر بھی تھیں۔
تصویر: picture-alliance/NurPhoto/R. Shukla
راہول گاندھی
بھارتی سیاسی جماعت انڈین کانگریس کے موجودہ سربراہ راہول گاندھی ہیں، جو پریانکا گاندھی واڈرا کے بڑے بھائی ہیں۔ انہوں نے سولہ دسمبر سن 2017 سے انڈین کانگریس کی سربراہی سنبھال رکھی ہے۔ وہ چھ برس تک اسی پارٹی کے جنرل سیکریٹری بھی رہے تھے۔ راہول گاندھی بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان لوک سبھا کے رکن بھی ہیں۔
تصویر: Reuters/T. White
پریانکا گاندھی واڈرا
راجیو گاندھی کی بیٹی پریانکا بارہ جنوری سن 1972 کو پیدا ہوئی تھیں۔ وہ شادی شدہ ہیں اور دو بچوں کی ماں بھی ہیں۔ انہوں نے سینتالیس برس کی عمر میں عملی سیاست میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ وہ بھارتی سیاسی جماعت کانگریس کی عملی سیاست کا فروری سن 2019 میں حصہ بن جائیں گی۔
تصویر: Reuters/P. Kumar
سیاسی مہمات میں شمولیت
مختلف پارلیمانی انتخابات میں پریانکا گاندھی واڈرا نے رائے بریلی اور امیتھی کے حلقوں میں اپنے بھائی اور والد کی انتخابی مہمات میں باضابطہ شرکت کی۔ عام لوگوں نے دادی کی مشابہت کی بنیاد پر اُن کی خاص پذیرائی کی۔ گزشتہ کئی برسوں سے توقع کی جا رہی تھی کہ وہ عملی سیاست میں حصہ لینے کا اعلان کر سکتی ہیں اور بالآخر انہوں نے ایسا کر دیا۔
تصویر: DW/S. Waheed
عملی سیاست
پریانکا گاندھی واڈرا نے بدھ تیئس جنوری کو انڈین کانگریس کے پلیٹ فارم سے عملی سیاست میں حصہ لینے کا اعلان کیا۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے برسوں انہیں عملی سیاست میں حصہ لینے کی مسلسل پیشکش کی جاتی رہی۔ امید کی جا رہی ہے کہ وہ مئی سن 2019 کے انتخابات میں حصہ لے سکتی ہیں۔
تصویر: Getty Images/AFP
کانگریس پارٹی کی جنرل سیکریٹری
انڈین نیشنل کانگریس پارٹی کی پریس ریلیز کے مطابق پریانکا گاندھی کو پارٹی کی دو نئی جنرل سیکریٹریز میں سے ایک مقرر کیا گیا ہے۔ اس پوزیشن پر انہیں مقرر کرنے کا فیصلہ پارٹی کے سربراہ اور اُن کے بھائی راہول گاندھی نے کیا۔ وہ اپنا یہ منصب اگلے چند روز میں سبھال لیں گی۔
بی جے پی کی تنقید
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی ہندو قوم پرست سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے پریانکا گاندھی کو کانگریس پارٹی کی جنرل سیکریٹری مقرر کرنے پر تنقید کرتے ہوئے اسے خاندانی سیاست کا تسلسل قرار دیا۔