1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

رشوت ستانی میں چین اور روس کا کوئی مقابلہ نہیں، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل

2 نومبر 2011

بدعنوانی پر نظر رکھنے والی بین الاقوامی تنظیم ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے دنیا بھر میں رشوت ستانی سے متعلق اپنی تازہ رپورٹ شائع کر دی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بدعنوانی میں روس اور چین کی کمپنیوں کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔

چینی صدر ہو جن تاؤ اور روسی وزیر اعظم ولادیمیر پوٹنتصویر: AP

ٹرانسپیرنسی نے رشوت کے لین دین کے حوالے سے ہالینڈ اور سوئٹزر لینڈ کے اداروں کی کارکردگی کو متاثر کن قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر سب سے زیادہ رشوت عوامی شعبے میں اور تعمیراتی منصوبوں کے سلسلے میں دی جاتی ہے۔ کرپشن پر نظر رکھنے والی بین الاقوامی تنظیم ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی اس رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ روس اور چین کی وہ کمپنیاں سب سے زیادہ بدعنوان ہیں، جو بیرون ملک مختلف منصوبوں میں مصروف ہیں۔ اس حوالے سے اس تنظیم نے 30 مختلف ممالک کے تقریباً 3 ہزار سرمایہ کاروں سے بات چیت کی۔ ان میں سے زیادہ تر کا یہ کہنا تھا کہ چین اور روس کےکاروباری ادارے رشوت پیش کرنے سے بالکل نہیں گھبراتے۔ میکسیکو اور انڈونیشیا کی کمپنیوں کا حال بھی کم و بیش ایسا ہی ہے۔

ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ صنعتی شعبے میں رشوت ستانی کے سب سے کم واقعات ہالینڈ اور سوئٹزر لینڈ میں سامنے آئے ہیں۔ اس کے علاوہ جرمنی، جاپان اور بیلجیم کی صورتحال بھی بہت بہتر ہے۔ برطانیہ اور امریکہ اس فہرست میں آٹھویں اور نویں نمبر پر ہیں۔

برلن میں قائم اس بین الاقوامی تنظیم نے بتایا کہ اس رپورٹ میں امیر صنعتی ملکوں سمیت  28 بڑے ممالک کو شامل کیا گیا۔ تاہم ان میں سےکوئی بھی ملک رشوت ستانی کے واقعات سے پاک نہیں تھا۔ سن 2008 میں آخری مرتبہ رشوت ستانی سے متعلق ایسی رپورٹ شائع کی گئی تھی۔ ٹرانسپیرنسی کے مطابق اس کے بعد سے کئی ملکوں میں پیش رفت ہوئی ہے اور رشوت دینےکے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ بھارت کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ وہاں صورتحال پہلے سے بہتر ہوئی ہے لیکن متعلقہ فہرست میں یہ ملک ابھی بھی بہت نیچے ہے۔ اس تناظر میں سب سے نمایاں کارکردگی کینیڈا اور برطانیہ کی جانب سے سامنے آئی ہے۔

ٹرانسپیرنسی نے یہ باتیں تازہ رپورٹ میں کہی ہیں

ٹرانسپیرنسی کے مطابق رشوت کی سب سے زیادہ پیشکش عوامی شعبے اور تعمیراتی منصوبوں کے ٹھیکے حاصل کرنے کے لیے کی جاتی ہے۔ ٹرانسپیرنسی نے اپیل کی ہےکہ تمام ملک رشوت اور کرپشن کی روک تھام کے حوالے سے اقوام متحدہ، یورپی یونین اور یورپی سلامتی اور تعاون کی تنظیم کے معاہدوں کی توثیق کریں۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے جی ٹوئنٹی ممالک سے بھی کہا ہے کہ وہ فرانس میں ہونے والی اپنی سربراہی کانفرنس میں بیرون ملک دی جانے والی رشوت کے معاملے پر سنجیدگی سے غور کریں اور اس کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کریں۔ اس تنظیم کے مطابق یہ ایک غور طلب مسئلہ ہے کہ چین اور روس جیسے ممالک اس فہرست میں سب سے نیچے ہیں حالانکہ عالمی سطح پر چین کا اثر و رسوخ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے اور توانائی کے شعبے کی وجہ سے روس کی اہمیت بھی زیادہ ہوتی جا رہی ہے۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں