1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

رشکئی اقتصادی زون، ’سی پيک کا پھل ملنا شروع ہو گیا‘

عاصم سلیم
28 مئی 2021

پاکستانی صوبہ خيبر پختونخوا ميں سی پيک کے تحت رشکئی اقتصادی زون کا افتتاح ہو گيا ہے۔ اس منصوبے کی کامياب تکميل کے بعد ملازمت کے لاکھوں مواقع پيدا ہوں گے اور ملکی معيشت کو چونتيس بلين ڈالر کا فائدہ بھی پہنچے گا۔

Pakistan Der Schnellstraßenteil des KKH-Projekts
تصویر: picture-alliance/Xinhua/L. Tian

پاکستانی وزير اعظم عمران خان نے آج بروز جمعہ صوبہ خيبرپختونخوا کے علاقے نوشہرہ کے قريب رشکئی صنعتی زون کا باقاعدہ افتتاح کيا۔ پاک چين اقتصادی راہ داری منصوبے سی پيک کے تحت قائم ہونے والا ملک ميں يہ دوسرا خصوصی صنعتی علاقہ ہو گا۔ اقتتاحی تقريب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ رشکئی نہ صرف خيبر پختونخوا ميں تعمير و ترقی کا نيا دروازہ کھولے گا بلکہ يہ سی پيک کا بھی ايک اہم حصہ ثابت ہو گا۔

ریکوڈیک کیس، پاکستان اور پی آئی اے کو کتنا فائدہ ہو گا؟

پاکستان، ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ

تقريب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے بتايا کہ دلچسپی رکھنے والی کمپنيوں کو اقتصادی زون ميں زمينيں ليز پر فراہم کی جائيں گی۔ انہوں نے ايکسپورٹس بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور ديا۔ اس زون کے مقاصد بيان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ برآمدات کے ليے انڈسٹری لگانا ترجيح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور خيبرپختونخوا کے ليے آج ايک خوش آئند دن ہے۔

ملکی معيشت کو چونتيس بلين ڈالر کا فائدہ

رشکئی اسپيشل اکنامک زون (REZ) نوشہرہ ميں ايم ون ہائی وے کے قريب ہے۔ يہ منصوبہ تين مراحل ميں مکمل کيا جائے گا۔ مجموعی طور پر 702 ايکڑ زمين کو صنعتی استعمال کے ليے مختص کيا گيا ہے۔ پہلے مرحلے ميں 159 ايکڑ، دوسرے ميں 279 ايکڑ اور تيسرے ميں 264 ايکٹر زمين پر تعميراتی کام مکمل کيا جانا ہے۔

حکومت پاکستان کے مطابق لگ بھگ چار بلين ڈالر کی سرمايہ کاری سے مکمل ہونے والا يہ منصوبہ ڈھائی لاکھ ملازمتوں کے مواقع پيدا کرے گا۔ مقامی ذرائع کے مطابق دو ہزار سے زائد سرمايہ کار دلچسپی ظاہر کر چکے ہيں اور ايک چينی اسٹيل مل کی تعمير کا کام  بھی شروع ہو چکا ہے۔ سرکاری تخمينوں کے مطابق اس منصوبے کی کامياب تکميل کے بعد ملکی معيشت کو سالانہ چونتيس بلين ڈالر تک کا فائدہ ہو گا۔

حکومت پاکستان کی جانب سے جمعے کو جاری کردہ ٹويٹ کے مطابق رشکئی خصوصی صنعتی زون ميں تجارت، آٹو موبائل مصنوعات، پيداواری سيکٹر، کنسٹرکشن، فارماسيوٹیکل اور ديگر شعبوں کو فروغ ديا جائے گا۔

پاکستان کے وفاقی وزير برائے خزانہ شوکت ترين نے اس موقع پر اپنی ايک ٹويٹ ميں کہا کہ رشکئی انڈسٹريل زون کا قيام سی پيک کے سفر کا ايک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے وزير اعظم کا شکريہ ادا کيا اور کہا کہ يہ منصوبہ صوبے اور ملک کے ليے سود مند ثابت ہو گا۔

سی پيک اتھارٹی کے صدر عاصم باجوہ نے اس موقع پر تقرير کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کے نيٹ ورک ميں بہتری، توانائی اور فائبر آپٹکس ميں ترقی کے بعد سی پيک کے دوسرے مرحلے ميں زراعت اور ديگر پيداواری شعبوں ميں ترقی ہونی ہے۔ 

لاہور میں پاکستان کی پہلی میٹرو سروس کا آغاز

02:05

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں