رضاکارانہ طور پر وطن واپسی کے ليے جرمن حکومت کی ويب سائٹ
11 مئی 2017اس نئی ویب سائٹ کا ايڈريس www.returningfromgermany.com ہے۔ برلن حکومت نے يہ ويب سائٹ ملک بدری کے عمل ميں تيزی لانے کے ليے متعارف کرائی ہے۔ حکام کی کوشش ہے کہ ان ممالک کے پناہ گزينوں کی درخواستوں پر کارروائی اور فيصلے جلد از جلد کيے جائيں، جنہيں جرمنی ميں پناہ ملنے کے امکانات زيادہ ہيں۔ ان ميں شامی تارکين وطن سر فہرست ہيں۔ دوسری طرف ان ممالک سے تعلق رکھنے پناہ گزينوں کی ملک بدری کے عمل ميں تيزی لائی جائے، جہاں کے مہاجرين کو جرمنی ميں پناہ ملنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر يا کم ہيں۔ ايسے مہاجرين ميں پاکستان سے سياسی پناہ کے ليے جرمنی سفر کرنے والے بھی شامل ہيں۔
اس ويب سائٹ پر رضاکارانہ ملک بدری کے ليے مشاورت کے مراکز، وطن واپسی پر امکانات اور ممکنہ مالی امداد کے بارے معلومات دستياب ہيں۔
جرمنی سے ناکام درخواست دہندگان کی ملک بدری نہ صرف پيچيدہ بلکہ کافی مہنگا عمل بھی ہے۔ اسی ليے برلن حکومت کی کوشش ہے کہ متعلقہ مہاجرين کو مالی امداد اور ديگر اقسام کی مدد فراہم کر کے انہيں اس کے ليے تيار کيا جائے۔ فنکے ميڈيا گروپ کے ايک مطالعے کے اعداد و شمار کے مطابق پچھلے سال کی پہلی سہ ماہی ميں لگ بھگ چودہ ہزار مہاجرين نے رضاکارانہ بنيادوں پر جرمنی سے اپنے اپنے آبائی ممالک کا رخ کيا تھا۔ رواں سال اسی عرصے کے دوران يہ تعداد ساڑھے آٹھ ہزار کے قريب ہے۔