1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

رنگا رنگ روشنیوں میں پی ایس ایل اور ملتان کا شاندارآغاز

طارق سعید، دبئی
23 فروری 2018

پاکستان سپرلیگ کا تیسرا سیزن دبئی میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب اور میچ سے شروع ہو گیا ہے۔ دبئی اسپورٹس سٹی کے رنگ آف فائر میں منعقدہ تقریب کو ملکی و گیر ملکی فنکاروں اور اسٹارکرکٹرز کی موجودگی نے چار چاند لگا دیے۔

Cricket PSL 2018
تصویر: HBL Pakistan Super League

پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں برس پی ایس ایل کو وسعت دیتے ہوئے اس میں شریک ٹیموں کی تعداد پانچ سے بڑھا کر چھ کر دی ہے۔ ایک ماہ سے زائد عرصے تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کے علاوہ جنوبی افریقہ، انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش اور افغانستان کے کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔

رنگارنگ روشنیوں میں پاکستان کی معروف گلوکارہ عابدہ پروین نے افتتاحی تقریب میں صوفیانہ کلام کے ذریعہ ایک سماں باندھ دیا۔ علی ظفر اور شہزاد رائے کے علاوہ امریکا کے مشہور گائیک جیسن ڈیرولو نے بھی 15 ہزار تماشائیوں کے سامنے پرفارم کیا۔ آتش بازی کے مظاہرے سے قبل دبئی کی فضاوں سے پیرا گلائیڈرز پاکستان سپرلیگ کی ٹرافی تھامے میدان پر اترے۔ ٹورنامنٹ میں پہلی بار حصہ لینے والی ملتان کی ٹیم کو سب سے پہلے پریڈ میں آنے کی دعوت دی گئی، جس کے بعد باری باری تمام کپتانوں نے اظہار خیال کیا۔

پاکستان سپر لیگ اور سوشل میڈیا پر شائقین کا جوش

سلیکٹرز کے رویے سے دلبرداشتہ  کرکٹر نے خود کشی کرلی

ٹی ٹوئنٹی، پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ رینکنگ میں اب پہلے نمبر پر

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ٹوئنٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے افتتاح کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فائنل کراچی میں ہوگا اور آئندہ پی ایس ایل کے مقابلے پاکستان میں منعقد کیے جائیں گے۔

ملتان کا یادگار ڈیبیو

پہلے دو ایونٹس سے سبق سیکھتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس بار افتتاحی تقریب ختم ہوتے ہی میدان سے اسٹیج اٹھانے میں دیر نہیں لگائی یہی وجہ تھی کہ پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں افتتاحی میچ پہلی بار مقررہ وقت پر شروع ہوا۔

دفاعی چمپئین پشاور زلمی کے خلاف ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر ہریالی پچ پر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان کو اسپیشلسٹ ٹی ٹوئنٹی کوچ ٹام موڈی اور وسیم اکرم کی خدمات بطور ڈائریکٹر حاصل ہیں، جن کا پانچ مستند بولر کھلانے کا فیصلہ باون تولے پاؤ رتی ثابت ہوا۔

تصویر: DW/T. Saeed

ملتان نے مقررہ 20 اوورز میں پشاور زلمی کی چھ وکٹیں گرا کر اسے 151 سے آگے نہ بڑھنے دیا۔ سہیل تنویر کی سوئنگ اور طویل قامت محمد عرفان کی اٹھتی ہوئی تیز بولنگ کے سامنے زلمی کے اوپنرز کامران اکمل اور تمیم اقبال بے بس ہوگئے۔ دونوں کو اپنی پہلی 9 گیندوں میں ہی محمد عرفان نے پویلین واپسی کا راستہ دکھا دیا۔ پاور پلے میں 29 رنز بنانے کے بعد محمد حفیظ نے نصف سنچری بنائی لیکن رن ریٹ کا مسئلہ مسلسل درد سر رہا۔ کپتان ڈیرن سیمی نے 11 گیندوں میں تین چھکوں کی مدد سے 20 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو ڈیرھ سو کا ہندسہ پار کرنے میں مدد کی لیکن یہ ناکافی ثابت ہوا۔

مرد میدان سنگاکار اور وہاب کا نیا روپ

کمارا سنگا کار واحد کھلاڑی ہیں جو پاکستان سپر لیگ کے ہر سیزن میں نئی ٹیم کاحصہ ہوتے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے بعد ملتان سلطانز ان کی تیسری ٹیم ہے۔ سابق سری لنکن کپتان کاؤنٹی کرکٹ میں اپنے آخری سیزن میں ریکارڈ 8 فرسٹ کلاس سنچریاں بنا کرآئے تھے۔ انہوں نے پی ایس ایل 3 کی پہلی شب 57 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جو دونوں ٹیموں میں فرق ثابت ہوئی۔

سری لنکا کے سابق ٹیسٹ کپتان سنگاکارا کے ساتھی اوپنر احمد شہزاد کو مچل جونسن جیسی مونچھیں رکھنے والے وہاب ریاض نے اپنے پہلے ہی اوور میں ٹھکانے لگا دیا تھا لیکن سنگاکارا نے صہیب مقصود اور شعیب ملک کے ساتھ مل کر اپنی ٹیم کو جیت کے قریب کر دیا۔ 42 رنز پر ناٹ آوٹ رہنے والے شعیب ملک نے حماد اعظم کو چھکا کر ملتان کو آخری اوور میں فتح دلا دی۔

زلمی کی نہ ختم ہونے والی مشکلات

پشاور زلمی کی مشکلات ختم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔ پہلے شاہد آفریدی نے زلمی کے ساتھ اپنی وابستگی ختم کرتے ہوئے کراچی کنگز میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس کے بعد جی پی پٹرولیم جو پی ایس ایل کی کسی بھی فرنچائز کو ملنے والا سب سے بڑا اسپانسر تھا وہ زلمی کے ہاتھ سے نکل گیا اور رہی سہی کسر اب اہم کھلاڑیوں کے ان فٹ ہونے سے پوری ہوگئی ہے۔

زلمی نے شاہد آٖفریدی کی جگہ ویسٹ انڈیز کے ڈیوائن براور سے معاہدہ کیا تھا لیکن وہ زخمی ہونے کے بعد دستیاب نہیں۔ دو دن پہلے بنگلہ دیشی آل راونڈر شکیب الحسن نے بھی ٹورنامنٹ سے اپنا نام واپس لے لیا لیکن حسن علی کا ان فٹ ہونا پشاور کے لیے سب سے بڑا دھچکا ہے۔ افتتاحی میچ میں کمزرو بولنگ اور خراب فیلڈنگ نے زلمی کا پرچم سرنگوں کیا۔

ٹورنامنٹ کے دوسرے دن بروز جمعہ کراچی کنگز کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے اور لاہور قلندرز کا ملتان سلطان سے ہوگا۔

فتح گر ٹیسٹ کرکٹر بننا شاداب خان کی اگلی منزل

03:41

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں