رواں برس عالمی سیاحت کی کووڈ سے پہلے کی سطح پر بحالی کی توقع
19 جنوری 2024
اقوام متحدہ کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ برس مشرق وسطیٰ نے سیاحوں کی آمد کے حوالے سے سب سے بہتر کارکردگی دکھائی۔ سیاحت کی عالمی تنظیم کے مطابق غزہ تنازعہ اور غیر مستحکم عالمی معیشت سیاحت کی بحالی کو متاثر کر سکتے ہیں۔
اشتہار
اقوام متحدہ کی عالمی سیاحتی تنظیم (یو این ڈبلیو ٹی او) نے آج جمعہ کو کہا ہے کہ 2024ء میں بین الاقوامی سیاحت کووڈ انیس کی عالمی وبا سے پہلے کی سطح سے تھوڑی اوپر چلی جائے گی۔ میڈرڈ میں قائم اس ایجنسی نے ایک بیان میں کہا، ''ابتدائی تخمینوں کے مطابق 2024ء میں بین الاقوامی سیاحت کی سطح 2019 کے مقابلے میں دو فیصد زیادہ رہے گی۔‘‘
گزشتہ سال کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ دنیا بھر میں 1.3 بلین سیاحوں نے بیرون ملک سفر کیا، جو 2022 کے مقابلے میں 44 فیصد زیادہ اور 2019 میں سیاحوں کی تعداد کا 88 فیصد بنتی ہے۔ یو این ڈبلیو ٹی او نے ''ایشیائی منڈیوں کی مستحکم بحالی‘‘ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے نوٹ کیا کہ سیاحت میں سب سے زیادہ اضافہ مشرق وسطیٰ میں ہوا۔ یہ ''وہ واحد خطہ تھا، جو سیاحوں کی آمد میں 22 فیصد اضافے کے ساتھ کووڈ انیس کی وبا سے قبل یعنی 2019 میں سیاحت کی سطح تک جا پہنچا۔‘‘
دنیا کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے خطہ یورپ میں بھی گزشتہ برس سیاحوں کی آمد نے 2019ء کی سطح کے 94 فیصد تک پہنچنے کے ساتھ مستحکم کارکردگی دکھائی۔ افریقی اعداد و شمار وبائی امراض سے قبل ہونے والی سیاحت کے 96 فیصد تک پہنچ گئے۔ اس حوالے سے ایشیا پیسیفک کے خطے نے صرف 65 فیصد کے ساتھ سب سے کمزور بحالی دکھائی حالانکہ چین نے ایک سال قبل اپنی تین سالوں تک قائم رہنے والی زیرو کووڈ کی سخت حکمت عملی بھی ختم کر دی تھی۔
بیجنگ کی جانب سے فرانس، جرمنی، اٹلی، ہالینڈ، اسپین اور ملائیشیا کے شہریوں کے لیے نومبر کے آخر تک ویزا فری سفر کی پیشکش کے ساتھ رواں سال چینی سیاحت میں تیزی آنے کی توقع تھی۔ سیاحت کی عالمی تنظیم کے سیکرٹری جنرل ژوراب پولولیکاشویلی نے اپنے ایک بیان میں کہا، ''یو این ڈبلیو ٹی او کا تازہ ترین ڈیٹا سیاحت کی صنعت کی لچک اور تیزی سے بحالی کی نشاندہی کرتا ہے، جو 2024ء کے آخر تک وبائی امراض سے پہلے کی سطح پر لوٹ جانے کی امید ہے۔‘‘
2024ءکے لیے اس عالمی تنظیم کی پیش گوئی تاہم ''ایشیا میں سیاحت کی بحالی کی رفتار اور موجودہ اقتصادی اور جغرافیائی سیاسی نشیب و فراز کے خطرات سے مشروط ہے۔‘‘ ان عوامل میں خاص طور پر اسرائیل اورحماس کے مابین جنگ اور غیر مستحکم عالمی معیشت شامل ہیں۔ پولولیکاشویلی نے متنبہ کیا، "مسلسل افراط زر، بلند شرح سود، تیل کی غیر مستحکم قیمتیں اور تجارتی رکاوٹیں 2024 میں ٹرانسپورٹ اور رہائش کے اخراجات کو متاثر کرتی رہیں گی۔‘‘
ش ر⁄ ر ب (اے ایف پی)
يورپ کے دس سب سے زیادہ دیکھے جانے والے شہر
یورپ کا سب سے مشہور شہر کون سا ہے؟ 27 ستمبر کو سیاحت کے عالمی دن کے موقع پر ہم نے 2022 ء میں بین الاقوامی سیاحوں کی آمد کا مرکز بننے والے شہروں کا موازنہ کیا۔ درجہ بندی کچھ یوں رہی۔
تصویر: Daniel Kalker/picture alliance
دسویں نمبر پرنیدرلینڈز کا شہر ایمسٹرڈیم
اس شہر نے 2022 ء میں 5 ملین غیر ملکیوں کا خیرمقدم کیا۔ روم، وینس، برلن اور پراگ جیسے شہر ٹاپ ٹین پوزیشن پر نہ آ سکے۔ سیاحوں کی بڑی تعداد نے تاہم ڈچ دارالحکومت کے لیے مسائل بھی پیدا کیے۔ مقامی حکام کو پارٹی ٹورازم روکنے کے لیے عوامی مقامات پر بھنگ کے استعمال پر پابندی عائد کرنا پڑی۔
تصویر: Chun Ju Wu/Zoonar/picture alliance
نویں نمبر پر پرتگال کا شہر لزبن
لزبن کسی زمانے میں ایک شاہکار بندرگاہی شہر ہوا کرتا تھا جہاں سے بحری جہاز دور دراز کی دنیاؤں کی تلاش کے لیے نکلتے تھے۔ ان دنوں یہ سلسلہ الٹا ہو چُکا ہے۔ دنیا بھر سے سیاح پرتگالی دارالحکومت کا رخ کرتے ہیں۔ 2022 ء میں 5.4 ملین لوگوں نے لزبن کا دورہ کیا۔ یہ شہر اپنے پرانے مقامات، گرجا گھروں، قلعوں اور عجائب گھروں کے لیے مشہور ہے۔
تصویر: Bildagentur-online/Joko/picture alliance
آٹھویں نمبر پر یونان کا شہر ایتھنز
2022 ء میں تقریباً 5.5 ملین سیاحوں نے یونانی دارالحکومت کا دورہ کیا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ علاقہ نیولیتھک دور (3,000 سال قبل از مسیح) سے آباد ہے، جو اسے یورپ کے قدیم ترین مسلسل آباد شہروں میں سے ایک بناتا ہے۔ اس کے مقابلے میں اس تصویر میں نظر آنے والا شہر کافی جوان ہے۔ ماضی کے شاندار قلعے جو اب کھنڈرات ہیں پانچویں صدی قبل از مسیح کے دوسرے نصف حصے میں تعمیر کیے گئے تھے۔
اس مرتبہ اسپین کے تین شہر یورپ کے ٹاپ ٹین شہروں میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ میڈرڈ نے 60 لاکھ غیر ملکی سیاحوں کا استقبال کیا۔ سیاحوں کی دلچسپی کے اعتبار سے سرفہرست مقامات میں پراڈو آرٹ میوزیم، پالاسیو شاہی محل اور پلازہ میئر (تصویر میں) شامل ہیں، جہاں مقامی لوگ اور سیاح وقت گزارنا پسند کرتے ہیں۔
تصویر: Jakub Porzycki/NurPhoto/picture alliance
چھٹے نمبر پر ہنگری کا شہر بوڈاپشٹ
بوڈاپیسٹ نے 2022ء میں تقریباً 6.9 ملین زائرین کا خیر مقدم کیا۔ ہنگری کا دارالحکومت اپنے شاندار فن تعمیر، متاثر کن پلوں اور تاریخی یادگاروں کے لیے جانا جاتا ہے۔ دریائے ڈینیوب کے کنارے پر واقع تقریباً 700 کمروں پر مشتمل نیو گوتھک پارلیمنٹ کی عمارت (تصویر میں) دنیا کی سب سے بڑی پارلیمنٹ کی عمارتوں میں سے ایک ہے۔
تصویر: Ludovic Marin/AFP/Getty Images
پانچویں نمبر پر اسپین کا شہر ویلنسیا
ویلینسیا ایک کثیر جہتی خطہ ارض ہے،جس کا دلکش پرانا شہر گوتھک فن تعمیر کا شاہکار ہے۔ سٹی آف آرٹس اینڈ سائنسز کمپلیکس کی مستقبل کی عمارتیں، اور بہت سے ریستوراں اور باروں کے ساتھ ایک زندہ اور جگمگاتا ساحل سمندر پر واقع شہر ہے۔ گزشتہ سال 8.6 ملین سیاحوں نے بحیرہ روم کے کنارے پر واقع اس شہر کا دورہ کیا۔
تصویر: Horst Mahr/imageBROKER/picture alliance
چوتھے نمبر پر اسپین کا شہر بارسلونا
اسپین کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا شہر بارسلونا ہے۔ اس نے 2022 ءمیں 9.8 ملین بین الاقوامی سیاحوں کی میزبانی کی۔ پارٹی لائف کے شوقین افراد سے لے کر ثقافت سے محبت کرنے والوں تک اس میں ہر کسی کے لیے سب کچھ موجود ہے۔ زاگراڈا فامیلیا (تصویر میں)، کاتالان کے معمار انتونی گاڈی کی ایک خاص تخلیق ہے۔ اس کا تعمیراتی کام 1882ء میں شروع ہوا اور 2026 ء میں اس معمار کی وفات کے سو سال مکمل ہونے پر ختم ہوگا۔
تصویر: Jonas Martiny/DW
تیسرے نمبر پر ترکی کا شہر استنبول
ایشیا اور یورپ کے سنگم پر واقع شہر استنبول ایک متنوع اور منفرد مقام ہے۔ 2022ء میں 16 ملین زائرین نے یہ شہر دیکھا۔ اس کی منفرد اور مختلف ثقافتوں اور مذاہب نے صدیوں پر اپنا نشان چھوڑا ہے، جیسا کہ ہایا صوفیہ (تصویر میں) جیسی یادگاروں میں دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ اصل میں ایک عیسائی چرچ تھا، اسےعثمانی دور حکومت میں مسجد میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔ پھر یہ ایک میوزیم بن گیا اور اب ایک بار پھر یہاں ایک مسجد ہے۔
تصویر: Sarah Hucal/DW
دوسرے نمبر پر برطانوی شہر لندن
(تصویر میں)، ٹاور برج اور بکنگھم پیلس لندن کے چند پرکشش مقامات ، جو گزشتہ سال 16.1 ملین غیرملکی سیاحوں کو برطانوی دارالحکومت کی طرف کھینچ لائے۔ سینکٹروں سالوں پر محیط بادشاہت کا مرکز ہونے کے ساتھ ساتھ یہاں کی رونق افروز راتیں، موسیقی کے لیے ایک جاندار ماحول، دنیا بھر سے پکوان کے شائقین کے لیے متنوع پکوان، متاثر کن آرٹ کلیکشن اور آرام دہ شراب خانے لندن کو دنیا بھر میں غیر معمولی مقبولیت بخشتے ہیں۔
تصویر: Dominic Lipinski/empics/picture alliance
پہلے نمبر پر فرانسیسی شہر پیرس
2022ء میں 19.4 ملین بین الاقوامی سیاحوں نے خوشبوؤں اور رومانس کے شہر پیرس کا دیدار کیا۔ اس طرح یہ 2022 ء میں یورپ کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا شہر تھا۔ لوورمیوزیم ، آیفل ٹاور (تصویر میں)، نوٹرے ڈیم اور دیگر مشہور سائٹس اس شہر کو ایک لازوال دلکشی عطا کرتی ہیں۔ Montmartre کے رومانوی محلے میں گھومتے پھرتے یا دریائے سین کے کنارے بیٹھ کر سمجھ میں آتا ہے کہ پیرس کو محبت کا شہر کیوں کہا جاتا ہے!