روبن کی واپسی اور بائرن میونخ کی ایک ہزارویں جیت
25 اکتوبر 2015جرمن فٹ بال لیگ بنڈس لیگا میں پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر براجمان بوروسیا ڈورٹمنڈ کی ٹیم آج اتوار کے روز اپنا میچ ایک سخت حریف وولفسبرگ کے خلاف کھیلے گی، اور اگر وہ یہ میچ جیت جاتی ہے تو اس کے پوائنٹس بائرن میونخ کے قریب ہو جائیں گے۔ تاہم ہفتے کے روز میونخ کے معروف کلب نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کولون کو چار صفر سے ہرا کر دس پوائنٹس کی سبقت حاصل کرلی۔
کولون کے خلاف فتح بائرن کی اس سیزن میں لگاتار دسویں فتح بھی تھی۔
میچ کی ایک اور خاص بات ہالینڈ کی قومی ٹیم کے کپتان آریئن روبن کی کئی ماہ تک زخمی رہنے کے بعد ٹیم میں واپسی بھی تھی۔ نہ صرف یہ کہ وہ مکمل طور پر فٹ نظر آ رہے تھے، بلکہ انہوں نے کولون کے خلاف ایک اہم گول بھی کیا۔ باقی تین گول وڈال، لیوانڈاؤسکی اور موئلر نے کیے۔ واضح رہے کہ روبن مِڈ فیلڈ میں کھیلتے ہیں اور بائرن کی ٹیم ان پر بے حد انحصار کرتی ہے۔
میچ میں فتح اس لیے بھی اہم تھی کہ ابھی منگل کے روز چیمپئنز لیگ کے ایک گروپ میچ میں برطانوی کلب آرسنل نے بائرن کو دو گول سے ہرا دیا تھا۔ اس جیت کے ساتھ آرسنل کے چیمپئنز لیگ کے ناک آؤٹ راؤنڈ میں پہنچنے کے امکانات بہتر ہو گئے ہیں، جو قبل ازیں معدوم ہوتے جا رہے تھے۔
کولون کے خلاف میچ میں کامیابی کے بعد بائرن کے ہسپانوی کوچ پیپ گارڈیولا نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بنڈس لیگا میں کلب ایک ہزارویں فتح کلب کے ماضی اور حال کے تمام کوچز، پرستاروں، کھلاڑیوں اور کلب سے وابستہ تمام افراد کے سر جاتی ہے۔
روبن کی میچ میں کارکردگی کے بارے میں گارڈیولا کہتے ہیں: ’’میں روبن کے لیے خوش ہوں۔ ٹیم کو روبن کی صلاحیتوں کی ضرورت تھی۔ روبن ایک پروفیشنل کھلاڑی ہیں، وہ کرشماتی ہیں، اور بے حد مؤثر، خاص طور پر ایسی صورت حال میں جب ایک کھلاڑی ایک کھلاڑی کے مدمقابل ہوتا ہے۔‘‘
پولینڈ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی لیوان ڈاؤسکی نے اپنی شان دار کارکردگی ہفتے کے روز بھی جاری رکھی۔ وہ تیرہ گول کے ساتھ بنڈس لیگا کے ٹاپ اسکورر بن گئے ہیں۔