1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روسی، امریکی جنگی طیارے فضا میں تصادم سے بال بال بچ گئے

مقبول ملک8 ستمبر 2016

بحیرہ اسود کے اوپر بین الاقوامی فضائی حدود میں بدھ کے روز ایک روسی جنگی طیارہ امریکی بحریہ کے ایک ہوائی جہاز کے ’خطرناک حد تک‘ قریب آ گیا۔ ماسکو میں روسی وزارت دفاع نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اس کا دفاع کیا ہے۔

Kampfjet Su-27 RUssland Jets
روس کے ایس یو ستائیس طرز کے جنگی طیارےتصویر: Getty Images

آسٹریلیا کے شہر سڈنی سے جمعرات آٹھ ستمبر کو موصولہ جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ امریکی دفاعی اہلکاروں کے مطابق اس واقعے میں بحیرہ اسود کے علاقے میں بین الاقوامی فضائی حدود میں بدھ سات ستمبر کے روز ایک روسی فائٹر جیٹ امریکی بحریہ کے ایک ہوائی جہاز کے اس قدر ’خطرناک حد تک قریب‘ آ گیا کہ دونوں طیاروں کا درمیانی فاصلہ بہت ہی کم رہ گیا تھا۔

ایک امریکی دفاعی اہلکار نے نشریاتی ادارے سی این این کو بتایا کہ یہ روسی جنگی طیارہ SU-27 Flanker طرز کا تھا، جس نے امریکی نیوی کے P-8A Poseidon طرز کے ایک ہوائی جہاز کا فضا میں پیچھا کیا اور یہ ’انتہائی خطرناک عمل‘ 19 منٹ تک جاری رہا۔

امریکی حکام کے بقول امریکی بحریہ کا طیارہ اس وقت فضا میں اپنی ’معمول کی نگران پرواز‘ پر تھا اور ایک وقت تو ایسا بھی آ گیا تھا کہ دونوں طیاروں کے درمیان صرف تین میٹر کا فاصلہ باقی رہ گیا تھا۔

ڈی پی اے کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا بہت کم دیکھنے میں آنے والا ایک ایسا واقعہ تھا، جس کا نتیجہ فضا میں ان دونوں طیاروں کے درمیان تصادم کی صورت میں بھی نکل سکتا تھا۔ امریکی حکام کے مطابق روس اور امریکا اگرچہ اپنے فوجی طیاروں کی پروازوں کے سلسلے میں ایک دوسرے کے ساتھ معمول کے رابطے میں رہتے ہیں تاہم ’یہ ایک ایسی غیر محفوظ کوشش تھی، جو باعث تشویش‘ ہے۔

امریکی حکام کے مطابق اس واقعے میں روسی اور امریکی طیاروں کے مابین ایک وقت پر صرف تین میٹر فاصلہ باقی رہ گیا تھاتصویر: Getty Images/AFP/O. Maltseva

ڈی پی اے نے لکھا ہے کہ امریکی محکمہ دفاع کے اس اہلکار نے مزید کہا، ’’ایسے واقعات ممکنہ طور پر ایسے حالات کی وجہ بن سکتے ہیں کہ ماسکو اور واشنگٹن کے مابین کشیدگی میں غیر ضروری طور پر اضافہ ہو جائے۔ ان واقعات کے نتیجے میں کسی بھی وقت کوئی جان لیوا حادثہ بھی پیش آ سکتا ہے۔‘‘

ادھر ماسکو میں روسی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کوناشینکوف نے اس واقعے کی تصدیق تو کی ہے لیکن کہا ہے کہ روسی جنگی طیارے کے پائلٹ نے نہ تو کوئی اشتعال انگیزی کی اور نہ ہی کسی قانون کی خلاف ورزی۔ ’’روسی پائلٹ کا رویہ اور اقدام بین الاقوامی قوانین کے عین مطابق تھے۔‘‘

ایگور کوناشینکوف نے مزید کہا، ’’امریکی بحریہ کے ہوائی جہاز نے اپنی الیکٹرانک شناخت کو ممکن بنانے والے آلات سوئچ آف کرنے کے بعد دو مرتبہ دانستہ طور پر روسی فضائی حدود کی طرف بڑھنے کی کوشش کی۔ اس پر کریمیا کے ایک فضائی اڈے پر موجود روسی جنگی طیاروں کو اس امریکی ہوائی جہاز کو روکنے کے لیے یہ اقدام کرنا پڑا۔‘‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں