1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روسی بحریہ کو ہائپر سونک میزائل فراہم کرنے کا اعلان

31 جولائی 2022

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ’نیو نیوی ڈاکٹرائن‘ پر دستخط کر دیے ہیں۔ صدر پوٹن کا کہنا تھا کہ نئی پالیسیوں سے روسی بحریہ ایک ’عظیم سمندری طاقت‘ بن کر اُبھرے گی۔

Russland Moskau Sankt Petersburg Militärparade
تصویر: Dmitri Lovetsky/AP/picture alliance

روسی صدر نے نیوی ڈے کے موقع پر سینٹ پیٹرز برگ میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران اس بات کا اعلان کیا کہ روسی بحریہ کو جلد ہائپر سونک میزائل فراہم کر دیے جائیں گے۔ ہائپر سونک میزائل آواز سے بھی پانچ گنا تیز رفتار ہوتے ہیں۔ تاہم روسی صدر کے مطابق یہ میزائل انہی علاقوں میں تعینات کیے جائیں گے، جہاں روسی مفادات کی حفاظت ضروری ہے۔

جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ میزائل آئندہ چند ماہ کے اندر اندر روسی بحریہ کو فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔روس کی ''نیو نیوی ڈاکٹرائن‘‘ کی مزید تفصیلات فی الحال خفیہ رکھی گئی ہیں۔

 اس موقع پر روسی صدر نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ ایڈمرل گورِش کوف ان طاقتور ہتھیاروں کے ساتھ اپنی جنگی فرائض سر انجام دینے والے پہلے  افسر ہوں گے۔ صدر پوٹن نے مزید کہا، ''سب سے اہم بات یہ ہے کہ اب روسی بحریہ تمام مخالفین کو بجلی کی رفتار سے جواب دینے کے قابل ہے۔‘‘

یوکرین جنگ سے منافع کون حاصل کر رہا ہے؟

03:01

This browser does not support the video element.

تاہم انہوں نے اپنی اس تقریر میں یوکرین کا براہ راست ذکر کرنے سے اجتناب کیا۔

زرکون ہائپرسونک میزائل کیا ہیں؟

زرکون ہائپرسونک کروز میزائل دنیا میں منفرد خیال کیے جاتے ہیں۔ ہائپرسونک ہتھیار فضا میں آواز سے بھی نو گنا زیادہ کی رفتار سے سفر کر سکتا ہے۔ روس نے ہائپر سونک میزائل کا پہلا کامیاب تجربہ 2018ء میں کیا تھا۔ اس کروز میزائل کو مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے ''ایس ایس این تھری تھری‘‘ کا نام دے رکھا ہے۔ برق رفتار زرکون میزائل چار سو کلومیٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

روس نے کچھ عرصہ پہلے زرکون میزائلوں کو آبدوز اور جنگی بحری جہاز سے فائر کرنے کے کامیاب تجربات کیے تھے۔ صدر پوٹن کی کوشش ہے کہ خطے میں بحری حوالے سے اپنی برتری کو برقرار رکھا جائے۔ 

ر ب / ا ا ) روئٹرز، ڈی پی اے)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں