1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روسی جیٹ تباہ، اکتالیس ہلاک

6 مئی 2019

ایک روسی ساختہ مسافر بردار طیارہ ماسکو کے شیریمتیوووا ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔ ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی تصاویر میں طیارے کو رن وے پر شعلوں میں لپٹے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

تصویر: picture-alliance/dpa/M. Norenko

روسی دارالحکومت میں حکام نے بتایا ہے کہ اس حادثے میں کم از کم اکتالیس افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ روسی تفتیش کاروں کے مطابق ہلاک شدگان میں دوبچے بھی شامل ہیں۔ ساتھ ہی ہنگامی امداد کے ادارے نے بتایا کہ چھ مسافر ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

سوخوئی مسافر بردار یہ سپر جیٹ طیارہ روسی قومی فضائی کمپنی ایروفلوٹ کے دستے میں شامل تھا۔ جہاز پر تہتر مسافر اور عملے کے پانچ ارکان سوار تھے۔ ایرو فلوٹ کے مطابق جہاز کو تکنیکی خرابی کی وجہ سے واپس بلایا گیا تھا تاہم اس موقع پر یہ نہیں بتایا گیا کہ طیارے کو کس خرابی کا سامنا تھا۔

تصویر: Getty Images/AFP/V. Marchukaites

اطلاعات کے مطابق جہاز نے ہنگامی لینڈنگ کی کئی ناکام کوششیں کیں۔ ہوائی اڈے کے حکام نے بتایا کہ اس جیٹ طیارے میں اس وقت آگ لگی جب پائلٹ نے اسے رن وے پر اتارا۔

 روسی خبر رساں ادارے انٹرفیکس نے ایک نامعلوم ذریعے کے حوالے سے بتایا،’’ طیارے نے پرواز کے بعد مسائل کی اطلاع دی تھی اور فوراً ہی ہنگامی لینڈنگ کی تیاری بھی شروع کر دی تھی۔ لینڈنگ کی پہلی کوشش ناکام ہوئی، دوسری کوشش میں طیارے کا اگلا حصہ رن وے پر جا لگا اور پھر اس نے آگ پکڑ لی۔‘‘ ایسی خبریں بھی سامنے آئی ہیں کہ طیارے کو لینڈنگ سے قبل ہی آگ لگ چکی تھی۔

ذرائع ابلاغ پر موجود تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح مسافر جلتے ہوئے جہاز سے ہنگامی راستوں سے باہر نکل رہے ہیں۔ یہ پرواز شیریمتیوووا کے ہوائی اڈے سے فن لینڈ کی سرحد کے قریب واقع شہر مرمانسک جا رہی تھا۔

 سوخوئی سپر جیٹ 100 نے 2011ء میں اپنی پہلی تجارتی پرواز بھری تھی۔ مئی 2012ء میں اس طرز کا ایک جہاز انڈونیشیا میں ایک تشہیری پرواز کے دوران تباہ ہوا تھا۔ اُس بدقمست طیارے پر پچاس افراد سوار تھے۔

خودکار اڑنے والے روبوٹک ڈرون طیارے

03:09

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں