روس ليبيا تنازعےميں ثالثی ميں مصروف ہے
3 جون 2011جمعرات اور جمعہ کی درميانی شب ليبيا کے دارالحکومت طرابلس پر ايک بارپھر نيٹو کے جنگی طياروں نے شديد بمباری کی۔ عالمی وقت کے مطابق رات ساڑھے گيارہ بجے شہر کے مرکزی حصے سے دور واقع معمر قذافی کا رہائشی علاقہ چار طاقتوردھماکوں سے لرز اٹھا۔ اس کے 15 منٹ بعد مزيد دھماکے ہوئے۔
ليبيا کے حکومتی ترجمان موسٰی ابراہيم نے کہا ہے کہ 19 مارچ سے شروع ہونے والی نيٹو کی فضائی بمباری سے اب تک 718 شہری ہلاک اور 4067 زخمی ہو چکے ہيں۔
واشنگٹن ميں امريکی چئرمين جوائنٹ چيفس آف اسٹاف ايڈمرل مائيک مولن نے کہا ہے کہ پچھلے دنوں ميں يقيناً کچھ ايسی علامات ملی ہيں، جن سے يہ ظاہر ہوتا ہے کہ قذافی زيادہ سے زيادہ تنہا ہوتے جا رہے ہيں۔ انہوں نے نيٹو کی، اقوام متحدہ کی اجازت سے ليبيا کے شہريوں کی حفاظت کے ليے جاری فوجی کارروائی کی مدت ميں ستمبر کے آخر تک کی توسيع کا خير مقدم کيا۔ اس سے پہلے نيٹو کے سيکرٹری جنرل راسموسن نے صحافيوں سے کہا کہ قذافی کے اقتدار کا خاتمہ اب صرف کچھ ہی عرصے کی بات ہے اور سوال يہ نہيں کہ کيا انہيں جانا ہے بلکہ يہ کہ کب۔
اُدھر اطالوی خبر ايجنسی نے اطلاع دی ہے کہ روسی صدر ميدويديف نے ايک زوسی وفد ثالثی کی کوششوں کے ليے طرابلس اور باغيوں کے مرکز بن غازی روانہ کر ديا ہے۔ روسی صدر نے اٹلی کے وزير اعظم برلسکونی سےمذاکرات کے دوران ليبيا کے تنازعے کے بات چيت کے ذريعے حل کی اہميت پر زور ديا۔ انہوں نے صحافيوں کو بتايا کہ وہ اس مسئلے کو فوجی طاقت کے بجائے مذاکرات سے حل کرنا پسند کرتے ہيں۔
روس کے معمر قذافی کی حکومت سے قريبی تعلقات رہے ہيں اور اُس نے مارچ ميں سلامتی کونسل ميں پيش کی جانے والی اُس قرارداد پر اپنا ووٹ محفوظ رکھا تھا، جس ميں ليبيا کے خلاف بين الاقوامی فضائی کارروائی کی منظوری دی گئی تھی۔اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کے ليبيا کے ليے مقرر کردہ ايک کميشن کے مطابق ليبيا کی سرکاری فوج نے انسانی حقوق کے خلاف جرائم کے ارتکاب کے ساتھ ساتھ جنگی جرائم بھی کيے ہيں۔ کميشن کے مطابق اُسے باغيوں کی طرف سے بھی جنگی جرائم کے ارتکاب کی اطلاعات ملی ہيں ليکن وہ سرکاری فوج کے مقابلے ميں کم ہيں۔
رپورٹ: شہاب احمد صديقی
ادارت: مقبول ملک