1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس نے یوکرین میں نیٹو فوجیوں کی ممکنہ تعیناتی مسترد کر دی

عاطف بلوچ اے پی، اے ایف پی کے ساتھ | مقبول ملک
5 ستمبر 2025

روس نے کہا ہے کہ وہ یوکرین کے لیے مغربی ممالک کی طرف سے دی گئی سلامتی کی ضمانتوں کو مسترد کرتا ہے۔ کییف کے ساتھ کسی امن معاہدے کے باوجود ماسکو حکومت اس پیش رفت کے حق میں نہیں کہ یوکرین میں نیٹو کے فوجی دستے تعینات ہوں۔

روسی صدر پوٹن
روسی صدر پوٹن کے ترجمان نے کہا ہے کہ ماسکو حکومت یوکرین کے لیے مغربی ممالک کی طرف سے دی گئی سلامتی کی ضمانتوں کو مسترد کرتی ہےتصویر: Maxim Shemetov/AFP

روسی خبر رساں ادارے انٹرفیکس کے مطابق کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا، ''ہماری سرحد کے قریب، یوکرین میں، بین الاقوامی افواج یا کسی بھی غیر ملکی فوج یا نیٹو افواج کی تعیناتی کو ہم اپنے لیے خطرہ تصور کریں گے۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نیٹو اتحاد روس کو اپنا دشمن سمجھتا ہے۔

مغربی سکیورٹی ضمانتوں پر بات چیت کے حوالے سے ترجمان نے مزید کہا کہ  روس کو بھی اپنی سلامتی کے لیے ضمانتوں کی ضرورت ہے۔

روس کا یہ ردعمل فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ 26 مغربی اتحادی ممالک نے باضابطہ طور پر اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ یوکرین میں جنگ بندی طے پانے کے اگلے ہی دن اتحادی افواج کو ''زمین، سمندر یا فضا کے ذریعے‘‘ یوکرین بھیجا جائے گا۔

يوکرين کو امریکی ہتھیاروں کی فراہمی اور روسی حملے جاری

01:34

This browser does not support the video element.

تاہم پیسکوف نے کہا کہ نیٹو میں شمولیت کے خواہاں ملک یوکرین کی سلامتی روس کی قیمت پر یقینی نہیں بنائی جا سکتی۔ ان کا یہ بیان جمعرات کو پیرس میں ہونے والے ''کولیشن آف دی وِلنگ‘‘ نامی اس اجلاس کے تناظر میں سامنے آیا، جس میں صدر ماکروں نے یوکرین میں اتحادی افواج کی تعیناتی کا منصوبہ پیش کیا تھا۔

صدر ماکروں کے مطابق یہ منصوبہ اس لیے پیش کیا گیا ہے کہ یوکرین میں جنگ بندی یا روس کے ساتھ ممکنہ امن معاہدے کے بعد روس کی پڑوسی ملک یوکرین میں دوبارہ جارحیت کا مقابلہ کیا جا سکے۔

مقبول ملک ڈی ڈبلیو اردو کے سینیئر ایڈیٹر ہیں اور تین عشروں سے ڈوئچے ویلے سے وابستہ ہیں۔
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں