روس کے ساتھ روابط، ’ٹرمپ کے مشیر کے خلاف تفتیش‘
23 جنوری 2017خبر رساں ادارے اے ایف پی نے وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی فوج کے ریٹائرڈ تھری اسٹار جنرل مائیل فلِن کے روسی حکام سے رابطوں کو ان تحقیقات میں شامل کیا گیا ہے، جن کے تحت ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھیوں اور روسی حکومت کے ارکان کے مابین ہونے والی کمیونیکیشن کی چھان بین کی جا رہی ہے۔ مائیکل فلِن نے اتوار کے دن ہی اپنے نئے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔
ہیکنگ کا امریکی الزام اپنے عوام کو ’گم راہ کرنے کی کوشش‘ ہے
ٹرمپ کا روس کے خلاف پابندیاں ہٹانے کا عندیہ
سی آئی اے کی طرف سے اس چھان بین کا مقصد یہ پتہ چلانا ہے کہ آیا ٹرمپ کے قریبی ساتھی روسی حکام سے رابطوں میں رہے۔ یہ واضح نہیں کہ یہ انکوائری کب شروع ہوئی اور کیا اس کے نتیجے میں کوئی شواہد بھی ملے اور یہ کہ آیا یہ عمل اب بھی جاری ہے یا ختم ہو چکا ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق اس تفتیشی عمل میں یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ مائیکل فلِن کے روسی حکام کے ساتھ روابط کس نوعیت کے رہے اور آیا یہ کسی قانون شکنی کا باعث بھی بنے۔
مائیکل فلِن نے انتیس دسمبر کو واشنگٹن میں تعینات روسی سفیر سیرگئی کِسلیاک سے متعدد مرتبہ ٹیلی فون پر رابطہ کیا تھا۔ یہ وہی دن تھا، جب اوباما انتظامیہ نے امریکی الیکشن میں سائبر حملوں کے تناظر میں روس کے خلاف متعدد پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔
ٹرمپ کے پریس سیکرٹری شین سپائسر نے مائیکل فلِن اور سیرگئی کِسلیاک کے ان رابطوں کے بارے میں کہا تھا کہ ان دونوں نے کرسمس اور سال نو کے پیغامات کا تبادلہ کیا تھا۔ یہ امر اہم ہے کہ ماسکو حکومت گزشتہ برس کے امریکی انتخابات کے دوران کسی سائبر مداخلت کی سختی سے تردید کرتی ہے۔
امریکا میں صدر کا قومی سلامتی کا مشیر اگرچہ کابینہ کا رکن نہیں ہوتا لیکن عمومی طور پر اس عہدے پر فائز ہونے والا اہلکار صدر کا انتہائی قریبی شخص تصور کیا جاتا ہے۔ مائیکل فلِن نے امریکی فوج میں خدمات سر انجام دیتے ہوئے عراق اور افغانستان کی جنگوں میں بھی شمولیت کی تھی۔ ان کے کچھ بیانات کو ’اسلاموفوبیا‘ کے تناظر میں بھی دیکھا گیا تھا تاہم وہ چین اور روس کی طرف قدرے لچک دار رویے کے حامل قرار دیے جاتے ہیں۔