رومانیہ۔ سابق وزیراعظم کی خود کشی کی کوشش
21 جون 2012رومانیہ کے سابق وزیر اعظم آدریان نے بدعنوانی کے الزام میں ملنے والی دو برس سزا کے خلاف اعلیٰ ملکی عدالت سے اپیل کر رکھی تھی جو مسترد کر دی گئی۔ بظاہر اس فیصلے سے دلبرداشتہ ہوکر انہوں نے اپنی جان لینے کی کوشش کی ہے۔ دارالحکومت بخارسٹ میں طبی ذرائع نے بتایا کہ انہوں نے اپنی گردن میں گولی ماری ہے جبکہ ان کے وکیل کا اصرار ہے کہ سابق وزیر اعظم کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ آدریان ناستھازے ہوش میں آگئے ہیں اور زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان کی گردن میں لگی گولی نکالنے کے لیے آپریشن کیا جائے گا۔ وزیر اعظم وکٹور پونٹا نے سابق وزیر اعظم کی بحالی صحت کی امید ظاہر کی ہے۔
61 سالہ سابق وزیر اعظم نے 2000ء سے 2004ء تک وزارت عظمیٰ کا قلمدان سنبھالا۔ ان پر اس دوران سرکاری خزانے سے پندرہ لاکھ یورو کی رقم اپنی انتخابی مہم پر خرچ کرنے کا الزام ثابت ہوا ہے۔ استغاثہ کے مطابق سرکاری محکموں اور نجی کمپنیوں سے تعمیراتی ٹھیکوں میں شمولیت کی فیس لی جاتی تھی جو کئی بینک اکاؤنٹس سے ہوتے ہوئے بالآخر ناستھازے کی صدارتی انتخاب کی مہم پر خرچ ہوئی۔
جس وقت ان پر یہ الزام لگایا گیا وہ سربراہ حکومت تھے اسی لیے ان پر بحیثیت صدر سوشل ڈیموکریٹک پارٹی فرد جرم عائد کی گئی۔ وہ اس حکمراں پارٹی ہی کے صدارتی امیدوار تھے۔ وہ اپنے اوپر لگائے گئے اس الزام کو مسترد کرتے آئے ہیں اور اسے سیاسی مقدمہ قرار دیتے ہیں۔
اس فیصلے کے وقت ناستھازے عدالت میں نہیں تھے اور 24 گھنٹے کے اندر خود کو پولیس حوالے کرنے کے بجائے انہوں نے مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش کر ڈالی۔ ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دو پولیس اہلکار انہیں گرفتار کرنے کے لیے ان کے گھر پہنچے تو انہوں نے چند کتابیں ساتھ لینے کے لیے وقت مانگا اور دوسرے کمرے میں جاکر خود کو گولی مار لی۔ ناستھازے رومانیہ میں ایک قدآور سیاست دان سمجھے جاتے ہیں تاہم عدالت کی جانب سے انہیں سزا ملنے کو ملکی عدلیہ کی بڑھتی ہوئی طاقت سے تشبیہہ دی جارہی ہے۔ یورپی یونین اس سابق کمیونسٹ ریاست میں عدالتی نظام میں مزید بہتری کے لیے مسلسل دباؤ ڈالے ہوئے ہے۔
(sks/ ai (AFP