رومنی جيت کی طرف ايک قدم اور آگے
11 جنوری 2012نيو ہيمپشائر ميں اپنی کاميابی کے اعلان کے وقت مٹ رومنی خاصے مطمئن دکھائی دے رہے تھے۔ انہوں نے 39 فيصد ووٹ حاصل کر کے اپنے مد مقابل رون پال کو کافی پيچھے چھوڑ ديا ہے، جنہيں 23 فيصد ووٹ ملے تھے۔ رومنی نے اس جیت کا جشن منانے والے اپنے حاميوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: ’’آج ہم نے تاريخ رقم کی ہے۔‘‘ حقيقت بھی يہی ہے کہ سن 1976 کے بعد سے وہ پہلے ريپبليکن اميدوار ہيں، جس نے آيووا کی رياست کے بعد اب نيو ہيمپشائر ميں بھی کاميابی حاصل کر لی ہے۔ اس سلسلے ميں يہ بات کوئی اہميت نہيں رکھتی کہ آيووا ميں رومنی صرف آٹھ ووٹوں سے جيتے تھے۔ ان دونوں رياستوں ميں کاميابی کے ذريعے اب انہيں اگلی رياست ساؤتھ کيرولینا ميں ووٹنگ کے ليے ايک مضبوط پوزيشن حاصل ہو گئی ہے۔ نيو ہيمپشائر يونيورسٹی کے ماہر سياسيات اينڈريو اسمتھ نے غير ملکی صحافيوں کے ساتھ ہونے والی ايک ٹيليفون کانفرنس ميں کہا کہ اگر64 سالہ رومنی نارتھ کيرولینا ميں بھی جيت جاتے ہيں، تو پھر ريپبليکن پارٹی کے صدارتی اميد وار کے بطور نامزدگی اُن کی جيب ميں ہو گی۔
رومنی کا انداز اور لب و لہجہ ابھی سے صدارتی ہوتا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے صدر اوباما پر تنقيد کرتے ہوئے کہا: ’’يہ صدر يورپی دارالحکومتوں سے تحريک حاصل کر رہا ہے ليکن ہم امريکی شہروں اور ديہاتوں سے تحريک لے رہے ہيں۔ اُس کا خيال ہے کہ عالمی قائد کی حيثيت سے امريکہ کا کردار ماضی کا حصہ بن چکا ہے۔ ليکن ميرا کہنا ہے کہ امريکہ کو مستقبل کا قائد ہونا چاہيے اور ايسا ہی ہوگا۔‘‘ رومنی نے کہا کہ امريکی فوج کو اتنا طاقتور ہونا چاہيےکہ کوئی اُسے للکار نےکا تصور بھی نہ کر سکے۔
ليکن ابھی ريپبليکن پارٹی کے صدارتی اميدوار کی نامزدگی کا مقابلہ ختم نہيں ہوا ہے۔ مٹ رومنی کے دونوں قريبی حريفوں رون پال اور جان ہنٹسمين کو اميد ہےکہ رومنی کی دولت کے طاقتور اثر کے باوجود پانسہ اُن کے حق ميں پلٹ سکتا ہے۔ رون پال امريکی فوجی بجٹ ميں کمی اور غير ممالک ميں امريکی فوجی مداخلت کوکم سے کم رکھنے کے حامی ہيں۔
جان ہنٹسمين نے چين ميں اوباما حکومت کے سفير کی حيثيت سے بھی خدمات انجام دی ہيں۔ اُن کے بارے ميں کہا جاتا ہے کہ مالدار مٹ رومنی کے خلاف وہ زيادہ ديرتک ميدان ميں نہيں ٹہر سکيں گے۔ رومنی کے بارے ميں عام خيال ہے کہ وہ صدر اوباما کے سب سے خطرناک حريف ثابت ہوں گے۔
رپورٹ: کرسٹينا برگ من، واشنگٹن / شہاب احمد صديقی
ادارت: عدنان اسحاق