’رونالڈو نے چیمپئنز لیگ کا فائنل جیت لیا‘
4 جون 2017ریال میڈرڈ نے فائنل میچ میں اطالوی فٹ بال کلب ژُووینٹس کو شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہرایا۔ اس طرح چیمپئنز لیگ کی تاریخ میں ریال میڈرڈ وہ پہلی ٹیم بن گئی ہے، جس نے اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا ہے۔ ریال میڈرڈ نے چیمئنز لیگ کی ٹرافی سن 2016 میں ہسپانوی کلب ایٹلیٹکو میڈرڈ کو اطالوی شہر میلان میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں شکست دے کر حاصل کی تھی۔
ہفتہ تین جون کو اسپین کے مشہور فٹ بال کلب ریال میڈرڈ نے بارہویں مرتبہ چیمپئنز لیگ کا فائنل میچ جیتا۔ رواں برس فٹ بال کا بہترین کھلاڑی قرار دیے گئے کرسٹیانو رونالڈو نے بیسویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ اس سبقت کو ژووینٹس کے کروشیائی فٹ بالر ماریو منزوکِچ نے سات منٹ بعد گول کر کے برابر کر دیا۔ فائنل میچ کا پہلا ہاف ایک ایک گول سے برابر رہا۔
میچ کے دوسرے ہاف میں ریال میڈرڈ کے تابڑتوڑ حملوں کا سامنا اطالوی ٹیم نہ کر سکی اور اُس کے دفاع میں پیدا ہونے والی دراڑوں سے ہسپانوی کلب نے تین گول حاصل کیے۔ دوسری ہاف میں ریال میڈرڈ کے جو تین گول ہوئے، اُن میں رونالڈو نے ایک اور مرتبہ گیند گول پوسٹ میں پہنچانے میں کامیابی حاصل کی۔
میچ ختم ہونے کے بعد تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ اب یہ نہیں کہا جا سکے گا کہ رونالڈو بڑے میچ کا کھلاڑی نہیں ہے اور اس فائنل میں اُس کی شاندار کارکردگی نے سب ناقدین کو خاموش کر دیا ہے۔ دوسری جانب میچ کے ختم ہونے کے بعد پرتگالی کھلاڑی نے اپنی کلب کی جیت کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس میچ میں ایک لڑکے کی طرح کھیل رہے تھے اور اُن کے بدن میں بڑھتی عمر کا کوئی احساس نہیں تھا۔ رونالڈو بتیس برس کے ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب اٹلی کے شہر تورین میں ایک مقام پر چیمپئنز لیگ کا فائنل دیکھنے کے لیے جمع ہونے والے ایک ہجوم میں بم کی موجودگی کی افواہ کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔ اس بھگدڑ کی وجہ سے کم از کم ایک ہزار افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جن میں سے آٹھ افراد شدید زخمی ہیں۔ یہ امر بھی اہم ہے کہ تورین شہر اٹلی کے فٹ بال کلب ژووینٹس کا گھر ہے۔ اس طرح تورین کے شائقینِ فٹ بال کو بھگدڑ کے علاوہ اپنی ٹیم کی شکست کا صدمہ بھی برداشت کرنا پڑا۔