رونالڈو پر ریپ کا الزام، ’ڈیئر اشپیگل کے خلاف کارروائی‘
29 ستمبر 2018
کرسٹیانو رونالڈو کے وکلا نے کہا ہے کہ ’جھوٹے الزامات‘ عائد کرنے پر جرمن جریدے ڈیئر اشپیگل کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس جریدے نے ایک امریکی خاتون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ رونالڈو نے 2009 میں اسے ریپ کیا تھا۔
اشتہار
خبر رساں ادارے روئٹرز نے پرتگال کے اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کے وکلاء کے حوالے سے بتایا ہے کہ جرمن جریدے ڈیئر اشپیگل کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ مایہ ناز فٹ بالر رونالڈو کے وکیل کرسچن شُرٹس کی طرف سے جاری ہوئے ایک بیان کے مطابق اس جریدے نے امریکی خاتون کے جھوٹے الزامات کو شائع کیا ہے۔ انہوں نے ان الزامات کی اشاعت کو ’غیرقانونی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ان کے موکل کی نجی زندگی پر شک کیا گیا ہے، جو درست نہیں ہے اور اس سلسلے میں جرمن میگزین سے قانونی ازالہ لیا جائے گا۔
کرسٹیانو رونالڈ عالمی سطح پر ایک معروف فٹ بالر ہیں، جو پرتگال کی قومی فٹ بال ٹیم کے کپتان بھی ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ کو خیر باد کہتے ہوئے اطالوی کلب یوونٹس جوائن کیا ہے۔ رونالڈو کے نئے کلب نے ڈیئر اشپیگل کی اس رپورٹ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
اس جریدے نے لکھا ہے کہ متاثرہ خاتون کیتھرین مایورگا کی وکیل لیزلے مارک سٹوَل کے مطابق ریپ کا یہ مبینہ واقعہ جون سن دو ہزار نو کو لاس ویگاس میں ہوا تھا۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ عدالت سے باہر ہی رونالڈو اور کیتھرین کے مابین ایک ڈیل ہوئی، جس کے تحت رونالڈو نے کیتھرین کو تین لاکھ پچھتر ہزار ڈالر دیے۔ اس ڈیل کے تحت کیتھرین نے اپنا منہ بند رکھنے کا عہد کیا تھا۔
اب اس واقعے کے نو سال بعد کیتھرین نے ڈیر اشپیگل سے گفتگو میں کہا کہ وہ مزید اس ڈیل کے تحت خاموش رہنے کی مجاز نہیں ہے کیونکہ اس رات کا کرب اب اس کی زندگی کو زیادہ پریشان کرنے لگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس رات کا سوچ کر انہیں سنگین دورے پڑتے ہیں، ’’میں اس صورتحال کی وجہ ریپ کو سمجھتی ہوں۔ میں اس (رونالڈو) کو ملزم قرار دیتی ہوں، میں خود پر الزام دھرتی ہوں کہ اس رات میں گانے کیوں گا رہی تھی۔‘‘
رونالڈو کے وکیل کرسچن شُرٹس کے بقول جرمن جریدے ڈیئر اشپیگل اس اسٹوری کی اشاعت سے ان کے موکل کی ذاتی زندگی میں دخل اندازی کا مرتکب ہوا ہے اور اس لیے قانونی کارروائی کی جائے گی اور ہرجانے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ ادھر جرمن میگزئن کے ڈپٹی ایڈیٹر انچیف الفریڈ وائنسیرل نے روئٹرز سے گفتگو میں کہا ہے کہ اس اسٹوری کی اشاعت سے قبل اس الزام کے بارے میں رونالڈو اور ان کی مینجمنٹ سے معلومات حاصل کرنے کی خاطر متعدد مرتبہ رابطہ کیا گیا تھا۔
ع ب / اا / خبر رساں ادارے
فٹ بال کی دنیا کے دس ’بڑے سودے‘
کرسٹیانو رونالڈو نے 112 ملین یورو کے بدلے ریئل میڈرڈ چھوڑ کر یوونتوس تورین کے لیے کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دنیا بھر میں کھلاڑیوں کا ایک سے دوسرے کلب میں جانا معمول کی بات ہے۔ اس سلسلے میں مہنگے ترین دس معاہدے کون سے ہیں؟
تصویر: Imago/Itar-Tass
نمبر دس : ورجل فن دیخ
کوچ یؤرگن کلوپ کی خواہش پوری ہو گئی ہے۔ ورجل فن دیخ ہالینڈ کے ڈیفنڈر ہیں اور وہ یکم جنوری 2018ء سے برطانوی کلب ایف سی لیور پول کی جانب سے کھیلیں گے۔ ساؤتھ ہیمپٹن نے اس سودے کے عوض لیور پول کو 84,5 ملین یورو ادا کیے ہیں۔ ورجل فن دیخ فٹ بال کی تاریخ کے ابھی تک کے مہنگے ترین ڈیفنڈر ہیں۔
تصویر: Getty Images/AFP/G. Kirk
نمبر نو: رومیلو لوکاکا
’رومیلو لوکاکا‘ کا تعلق بیلجیم سے ہے اور وہ قومی ٹیم کے اسٹرائیکر ہیں۔ انہوں نے پریمیئر لیگ اور چیمپئنز لیگ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ مانچسٹر یونائیٹڈ نے ’لوکاکا‘ کے بدلے ایف سی ایورٹن کو 84.7 ملین یورو ادا کیے۔
تصویر: picture-alliance/empics/N. French
نمبر آٹھ: گونزالو ایگوائین
ارجنٹائن کے کھلاڑی گونزالو ایگوائین کو ’ایل پیپیتا‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ انہوں نے 2016ء میں ایف سی ناپولی کو خیر باد کہا تھا۔ ’ایل پیپیتا‘ کے بدلے ناپولی نے یوونتوس تورین کو نوے ملین یورو ادا کیے۔ اس تبدیلی کا تورین کو یہ فائدہ ہوا کہ ایگوائین نے فٹ بال لیگ کے 35 میچوں میں 36 گول کیے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/A.Di Marco
نمبر سات: گیرتھ بیل
2013ء میں گیرتھ بیل کچھ عرصے کے لیے اُس وقت کے دنیا کے مہنگے ترین کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کو پیچھے چھوڑ گئے تھے۔ ان کے کلب ٹوٹنہائم کو ریئل میڈرڈ کی جانب سے بیل کے بدلے 101 ملین یورو ادا کیے گئے تھے۔ بیل کا شمار دنیا کے تیز ترین فٹ بالروں میں ہوتا ہے۔
تصویر: Getty Images/S. Forster
نمبر چھ: پاؤل پوگبا
2016ء میں فرانسیسی کھلاڑی پاؤل پوگبا کو مانچسٹر یونائیٹڈ نے یوونتوس تورین سے 105 ملین یورو میں خریدا تھا۔ اس دور میں اس سودے کوانتہائی’’ پاگل پن ‘‘ قرار دیا گیا تھا۔ بہرحال اس دوران اس سے بڑے بڑے سودے بھی ہو چکے ہیں۔
تصویر: Imago/Contrast
نمبر پانچ: اوثمانے دیمبلے
اوثمانے دیمبلے فرانس کی قومی ٹیم کے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 2017ء کے موسم گرما میں ہسپانوی کلب ایف سی بارسلونا کی جانب سے کھیلنا شروع کیا۔ اس سے قبل وہ جرمن کلب ڈروٹمنڈ کی جانب سے کھیل رہے تھے۔ اس ٹرانسفر کے لیے بارسلونا نے ڈورٹمنڈ کو 105 ملین یورو دیے تھے۔
تصویر: Reuters/A. Gea
نمبر چار: کرسٹیانو رونالڈو
فٹ بال کی دنیا میں کلب کی تبدیلی کے بدلے بڑی رقوم کی ادائیگی، یہ ان بہت کم شعبوں میں سے ایک ہے جس میں کرسٹیانو رونالڈو سر فہرست نہیں۔ 2009ء میں مانچسٹر یونائیٹڈ اور ریئل میڈرڈ کے مابین رونالڈو کے بدلے 94 ملین کا سودا ہوا تھا۔ تاہم اب ان کے نئے کلب یوونتوس تورین نے میڈرڈ کو ایک سو بارہ ملین یورو ادا کیے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/SvenSimon/F. Hoermann
نمبر تین: فیلیپ کوتینیو
2017ء میں برازیل کے کھلاڑی فیلیپ کوتینیو نے 120 ملین یورو کے عوض ایف سی لیور پول سے ایف سی بارسلونا کے لیے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے علاوہ کلب کی کامیابی کی صورت میں چالیس ملین یورو کا اضافی بونس بھی دیا جائے گا۔ روس میں جاری فٹ بال کے عالمی کپ کے دوران کوتینیو نے برازیل کے لیے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔
تصویر: Getty Images/A. Caparros
نمبر دو: کیلیان ایمباپے
فرانسیسی کھلاڑی کیلیان ایمباپے کا شمار دنیا کے ابھرتے ہوئے باصلاحیت فٹ بالروں میں ہوتا ہے۔ پیرس سینٹ نے اس نوجوان کھلاڑی کے لیے 180 ملین یورو ادا کیے ہیں۔ بہت سے لوگوں کے خیال میں انیس سالہ یہ کھلاڑی میسی اور رونالڈو کا ممکنہ جانشین ہو سکتا ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/G. Cacace
نبمر ایک: نیمار
کون ہے جو ایک کھلاڑی کے لیے 222 ملین یورو ادا کر تا ہے؟ جی ہاں پیرس سینٹ جرمین نے نیمار کے لیے یہ رقم بارسلونا کو ادا کی ہے۔ شیخ الخلیفہ کے کلب پیرس سینٹ جرمین نے 2017ء میں برازیل کے اس کھلاڑی کے لیے یہ پانچ سالہ معاہدہ کیا تھا۔