ریفری کی خودکشی کی کوشش، بنڈس لیگا کے حلقے حیرت زدہ
20 نومبر 2011ریفری بابک رفعتی نے کولون کے ایک ہوٹل میں اپنی جان لینے کی کوشش کی۔ تاہم بروقت مداخلت سے انہیں بچا لیا گیا اور وہ ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
اس کے بعد ہفتے کو کولون اور مائنز کی ٹیموں کے درمیان ہونے والا میچ مؤخر کر دیا گیا۔ رفعتی اسی میچ میں ریفری کے فرائض انجام دینے والے تھے۔
ہفتے کو بنڈس لیگا کے تیرہویں میچ ڈے میں ڈورٹمنڈ نے بائرن میونخ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرا کر اس کی سرِفہرست کی پوزیشن کو خطرے میں ڈال دیا۔
دیگر مقابلوں میں شالکے نے نیوریمبرگ کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے مات دی۔ فرائی برگ اور ہیرتھا برلن کا میچ دو دو گول سے برابر رہا۔ وولفس برگ نے ہینوور کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے پچھاڑا۔ مؤنشن گلاڈ باخ نے بریمن کو صفر کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرایا۔
اتوار کو بنڈس لیگا کے تیرہویں میچ ڈے کے آخری روز دو مقابلے ہوں گے۔ اشٹٹ گارٹ کا سامنا آؤگسبرگ سے ہو گا جبکہ ہیمبرگ کی ٹیم ہوفن ہائیم کے خلاف میدان میں اترے گی۔
بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل کی صورت حال:
بائرن میونخ اٹھائیس پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے۔ تاہم اس ہفتے کا میچ ہارنے پر اس پوزیشن پر اس کی گرفت کچھ کمزور پڑ گئی ہے۔ ڈورٹمنڈ اور مؤنشن گلاڈ باخ چھبیس چھبیس پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ شالکے چوتھے نمبر پر ہے اور اسے پچیس پوائنٹس حاصل ہیں۔
پانچویں نمبر پر تئیس پوائنٹس کے ساتھ بریمن ہے۔ اکیس پوائنٹس کے ساتھ لیور کوزن چھٹے نمبر پر ہے۔ ہینوور انیس پوائنٹس کے ساتھ ساتویں اور اشٹٹ گارٹ اٹھارہ پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے۔ ہوفن ہائیم اور ہیرتھا برلن سترہ سترہ پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب نویں اور دسویں نمبر پر ہیں۔
اس ہفتے اب تک کے مقابلوں میں مؤنشن گلاڈ باخ، شالکے، لیور کوزن، وولفس برگ اور فرائی برگ نے پوائنٹس ٹیبل پر اوپر کا سفر کیا ہے جبکہ بریمن، ہینوور، اشٹٹ گارٹ، کائزرلاؤٹرن اورہیمبرگ کی ٹیمیں اس ٹیبل پر نیچے آئی ہیں۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: عاطف بلوچ