ریو اولمپکس: ویمن فٹ بال میں گولڈ میڈل جرمن ٹیم کے نام
20 اگست 2016جرمن ویمن ٹیم نے خواتین فٹ بال ڈسپلن کے فائنل میچ میں خاص طور پر دوسرے ہاف میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ جرمن ٹیم نے فائنل میں سویڈن کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ اس میچ میں یورپی ویمن فٹ بال چیمپئن جرمنی کو سویڈش ٹیم کی جانب سے کسی بڑے خطرے کا سامنا کرنا ہی نہ پڑا۔ مجموعی طور پر اس میچ پر جرمن ٹیم کی گرفت بہت مضبوط رہی۔
اس میچ میں ہنگیرین نژاد جرمن کھلاڑی جینیفر ماروشان نے ابتدائی تین منٹوں کے دوران گول کر کے اپنی ٹیم کو سبقت دلا دی تھی۔ ماروشان نے بعد میں ایک زور دار کک لگائی اور بال سویڈش کھلاڑی لِنڈا سیمبرانٹ سے ٹکراتا ہوا گول میں پہنچ گیا۔ سویڈش کھلاڑی کا اپنی ہی ٹیم کے خلاف یہ گول جرمن ٹیم کے لیے فتح کا ضامن ثابت ہوا۔ پہلے گول کے بعد جرمن خواتین نے اپنی سبقت کا دفاع کرتے ہوئے سویڈش گول پر حملے بھی جاری رکھے۔
میچ کے بعد جینیفر ماروشان نے کہا کہ اولمپک گمیز میں گولڈ میڈل جیتنا ایک شاندار خواب کو حقیقت میں بدلنے کے برابر ہے۔ ماروشان نے اس کامیابی کوپوری ٹیم کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ قرار دیا۔
اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والی ٹیم نے کوچنگ کے منصب کو خیرباد کہنے والی کوچ سلویا نائیڈ کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ نائیڈ سن 2007 سے جرمن ویمن ٹیم کی کوچ ہیں۔ ان کے دور میں جرمن ٹیم کو کئی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ نائیڈ نے جرمن ٹیلی وژن زیڈ ڈی ایف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کی شاندار کامیابی اور گولڈ میڈل جیتنے پر بے حد خوش ہیں۔
سویڈن کی ٹیم نے دوسرے ہاف کے بائیسویں منٹ میں گول کیا۔ یہ گول اسٹینا بلیک اسٹینس نے کیا۔ سویڈش ٹیم نے بھی پہلی مرتبہ اولمپک کھیلوں میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا ہے۔ سویڈش کپتان ہیڈوش لِنڈال نے جرمن ٹیم کی کارکردگی کو شاندار قرار دیا۔ ویمن فٹ بال میں برازیل کی خواتین نے کینیڈا کی ٹیم کو ہرا کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
جرمنی فٹ بال میں ڈبل گولڈ میڈل جیتنے کی پوزیشن میں ہے۔ اس کی مردوں کی ٹیم بھی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔ جرمن ٹیم یہ فائنل آج ہفتے کے روز برازیل کے خلاف کھیلے گی۔