1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ری پولنگ: کراچی میں تحریک انصاف کی جیت

20 مئی 2013

سابق کرکٹر عمران خان کی جماعت تحریک انصاف نے ری پولنگ کے بعد صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے ایک قومی اسمبلی کی اور دو صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی ہے۔

تصویر: picture alliance/AP Photo

11 مئی کو منعقدہ عام انتخابات کے دوران ان نشستوں والے علاقوں کے کچھ پولنگ اسٹیشنوں میں شدید دھاندلی کے الزامات کے بعد الیکشن کمیشن نے ری پولنگ کروانے کا اعلان کیا تھا۔ غیر حتمی نتائج کے مطابق اتوار کی ووٹنگ کے بعد کراچی سے قومی اسمبلی کی نشست NA 250 پر تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی مجموعی طور پر 77659 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں۔ دوسرے نمبر پر متحدہ قومی موومنٹ کی امیدوار خوش بخت شجاعت رہی ہیں۔

عارف علوی پیشہ ور ماہر دندان ہیں اور اس وقت پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ ان کا شمار تحریک انصاف کے بانی ارکان میں ہوتا ہے۔ اس علاقے میں ہفتے کے روز تحریک انصاف کی خاتون رہنما زہرہ شاہد کو ان کے گھر کے باہر نامعلوم مسلح افراد نے قتل کر دیا تھا۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ان کے قتل کا براہ راست الزام ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین پر عائد کیا تھا تاہم ایم کیو ایم نے اسے مسترد کیا۔ ری پولنگ کے موقع پر فوج، نیم فوجی دستوں اور پولیس کی نگرانی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کے گئے تھے۔

عمران خان ان دنوں زیر علاج ہیںتصویر: Reuters

یاد رہے کہ ایم کیو ایم اور پاکستان پیپلز پارٹی نے اتوار کے اس انتخابی مرحلے کا بائیکاٹ کر رکھا تھا۔ ان دونوں جماعتوں نے مخصوص پولنگ اسٹیشنوں کے بجائے اس پورے حلقے میں دوبارہ ووٹنگ کروانے کی درخواست کی تھی، جسے الیکشن کمیشن نے مسترد کر دیا تھا۔

اسی طرح یہاں سے صوبائی اسمبلی کی دو نشتوں پر بھی تحریک انصاف کی جیت ہوئی ہے۔ پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اتوار کو رات گئے نتائج کا اعلان کیا گیا۔ سندھ اسمبلی کی صوبائی نشست PS 112 پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان فاتح قرار پائے ہیں۔ ان کو ملنے والے ووٹوں کی تعداد 33560 بتائی جارہی ہے۔ ان کے قریبی حریف ایم کیو ایم کے حافظ محمد سہیل تھے، جنہیں 22977 ووٹ ملے۔ صوبائی اسمبلی کی دوسری نشست PS 113 پر پاکستان تحریک انصاف کے ثمر علی خان جیتے ہیں، جنہیں ملنے والے ووٹوں کی تعداد 38247 بتائی جارہی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صوبائی صدر سلیم ضیا اس حلقے میں دوسرے نمبر پر رہے، جنہیں 11753 ووٹ ملے۔

واضح رہے کہ NA 250 کراچی کے جنوبی علاقے کا حلقہ ہے۔ اس میں شہر کا پوش علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی اور کلفٹن اور قدرے پسماندہ علاقے دہلی کالونی، پنجاب کالونی، کیماڑی، شیریں جناح کالونی اور دیگر ملحقہ علاقے آتے ہیں، جہاں بالخصوص صوبہ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی بڑی تعداد آباد ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: امتیاز احمد

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں