سابق جرمن چانسلر ہیلمُٹ شمٹ کی اہلیہ انتقال کر گئیں
22 اکتوبر 2010جرمن عوام کی ہردل عزیز اس خاتون کے انتقال پر جرمنی میں اداسی کا ایک عنصر نمایاں ہے۔ بتایا گیا ہے کہ عمر رسیدہ خاتون اپنے ہی گھر میں گرنے کی وجہ سے اپنی ایک ٹانگ تڑوا بیٹھی تھیں، جس کے بعد سے ان کی طبیعت انتہائی ناساز ہو گئی تھی۔
ہیلمُٹ شمٹ اور لوکی نے قریب سات عشروں تک ایک ساتھ وقت گزارا، ان کی شادی سن 1942ء میں ہوئی تھی جبکہ وہ ایک دوسرے کو بچپن ہی سے جانتے تھے۔ اس معروف جوڑی کو جرمنی میں محبت کی علامت قرار دیا جاتا تھا۔ جرمنی میں بڑے پیمانے پر پڑھے جانے والے روزنامہ دی بلڈ نے گزشتہ ماہ ہی اس جوڑی کو موجودہ زمانے میں محبت کی ایک مثال قرار دیتے ہوئے کہا تھا، ’محبت، موت تک ساتھ رہ سکتی ہے۔‘
جرمن عوام میں لوکی شمٹ کی پسندیدگی کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ وہ اپنی طبعیت میں انتہا کی عجزوانکساری رکھتی تھیں اور اپنے شوہر سے بے انتہا محبت کرتی تھیں۔ لوکی نے ابھی حال ہی میں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ اپنی شادی کی 70 ویں سالگرہ منانے کی خواہش رکھتی ہیں تاہم قدرت نے انہیں یہ موقع فراہم نہ کیا۔
معروف ماہر حیاتیات لوکی نے جرمنی میں جنگلی پھولوں کے بچاؤ کے لئے ایک مہم بھی چلائی تھی، اس سلسلے میں انہوں نے کئی کتابیں بھی لکھیں۔ سن1980ء میں انہیں ’سال کا پھول ‘ بھی منتخب کیا گیا۔ انہیں بوٹنی میں خصوصی دلچسپی تھی اور وہ اس وقت سے تحفظ ماحول کے بارے میں آگہی پیدا کرنے کی کوشش کر رہی تھیں ، جب اس کی اہمیت کے بارے میں لوگوں کو کوئی خاص اندازہ نہیں تھا۔
اعتدال پسند سوشل ڈیموکریٹ ہیلمٹ شمٹ نے سن 1974 ء تا 1982ء تک اُس وقت کے منقسم مغربی جرمنی میں چانسلر کے فرائض سر انجام دئے تھے۔ یہ وہ دور تھا ،جب سرد جنگ کا تناؤ تمام یورپ بالخصوص منقسم جرمنی کو اپنے قابو میں لئے ہوئے تھا۔ اس زمانے میں ہیلمُٹ شمٹ نے جرمنی کی قیادت کرتے ہوئے اسے سرد جنگ اور انتہا پسند گروہ ’ریڈ آرمی فیکشن‘ کے چنگل سے آزاد کروانے میں ایک اہم کردار ادا کیا۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: ندیم گِل